صحيح البخاري
كِتَاب الْمَنَاقِبِ
کتاب: فضیلتوں کے بیان میں
1. بَابُ قَوْلُ اللَّهِ تَعَالَى: {يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُمْ مِنْ ذَكَرٍ وَأُنْثَى وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ} :
باب: اللہ تعالیٰ کا (سورۃ الحجرات میں) ارشاد ”اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک ہی مرد آدم اور ایک ہی عورت حواء سے پیدا کیا ہے اور تم کو مختلف قومیں اور خاندان بنا دیا ہے تاکہ تم بطور رشتہ داری ایک دوسرے کو پہچان سکو، بیشک تم سب میں سے اللہ کے نزدیک معزز تر وہ ہے جو زیادہ پرہیزگار ہو“۔
حدیث نمبر: 3499
حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ، أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ، عَنْ الزُّهْرِيِّ، قَالَ: أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ:" الْفَخْرُ وَالْخُيَلَاءُ فِي الْفَدَّادِينَ أَهْلِ الْوَبَرِ وَالسَّكِينَةُ فِي أَهْلِ الْغَنَمِ وَالْإِيمَانُ يَمَانٍ وَالْحِكْمَةُ يَمَانِيَةٌ، سُمِّيَتْ الْيَمَنَ لِأَنَّهَا عَنْ يَمِينِ الْكَعْبَةِ وَالشَّأْمَ لِأَنَّهَا عَنْ يَسَارِ الْكَعْبَةِ وَالْمَشْأَمَةُ الْمَيْسَرَةُ، وَالْيَدُ الْيُسْرَى الشُّؤْمَى، وَالْجَانِبُ الْأَيْسَرُ الْأَشْأَمُ".
ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا، کہا ہم کو شعیب نے خبر دی، ان سے زہری نے بیان کیا، انہیں ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے خبر دی اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ فخر اور تکبر ان چیخنے اور شور مچانے والے اونٹ والوں میں ہے اور بکری چرانے والوں میں نرم دلی اور ملائمت ہوتی ہے اور ایمان تو یمن میں ہے حکمت (حدیث) بھی یمنی ہے، ابوعبداللہ یعنی (امام بخاری رحمہ اللہ) نے کہا کہ یمن کا نام یمن اس لیے ہوا کہ یہ کعبہ کے دائیں جانب ہے اور شام کو شام اس لیے کہتے ہیں کہ یہ کعبہ کے بائیں جانب ہے۔ «المشأمة» بائیں جانب کو کہتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کو «الشؤمى» کہتے ہیں اور بائیں جانب کو «الأشأم.» کہتے ہیں۔
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 3499 کے فوائد و مسائل
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3499
حدیث حاشیہ:
جیسے سورۃ بلد میں ہے ﴿وَالَّذِينَ كَفَرُوا بِآيَاتِنَا هُمْ أَصْحَابُ الْمَشْأَمَةِ ﴿١٩﴾ یعنی جن لوگوں نے کفر کیا یہ بائیں جانب والے ہیں، جن کو بائیں ہاتھ میں نامہ اعمال ملے گا، دورآخر میں یمن میں استاد الاساتذہ حضرت علامہ امام شوکانی ؒ پیدا ہوئے جن کے ذریعہ سے فن حدیث کی وہ خدمات اللہ پاک نے انجام دلائیں جو رہتی دنیا تک یاد گار زمانہ رہیں گی، نیل الاوطار آپ کی مشہور ترین کتاب ہے جو شرح حدیث میں ایک عظیم درجہ رکھتی ہے۔
غفراللہ له۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3499
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3499
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں یمن والوں اور بکریوں والوں کی تعریف بیان کی گئی ہے۔
بکریوں میں عجز و انکسار زیادہ ہوتا ہے، ان کے چرانے والوں میں بھی یہ صفات سرایت کرجاتی ہیں۔
2۔
اہل یمن لڑائی کے بغیر مسلمان ہوئے تھے۔
انھی راہ راست پر لانے کے لیے کوئی مشقت نہیں اٹھانا پڑی جبکہ اہل مشرق کے خلاف جنگیں لڑی گئیں نقصان اٹھانے کے بعدیہ لوگ مسلمان ہوئے۔
ایک حدیث میں ہے:
”تمہارے پاس اہل یمن آئیں گے جن کے دل نرم اور گداز ہوں گے۔
اسی لیے ایمان اہل یمن اور حکمت ودانائی بھی اہل یمن کی قابل اعتبار ہے اورکفر کا مرکز مشرق کی جانب ہوگا۔
“ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 190(52)
یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےدور کی بات ہے۔
ہر زمانے میں ہر یمنی کے لیے یہ فضیلت نہیں ہے۔
حدیث کے الفاظ کا بھی یہ تقاضا نہیں ہے، اس کے باوجود یمن میں بڑے بڑے محدث پیدا ہوئے ہیں جنھوں نے کتاب وسنت کی اشاعت میں بڑی خدمات سرانجام دی ہیں۔
3۔
کعبے کا چہرہ مشرق کی جانب ہے کیونکہ اس طرف دروازہ ہے، لہذا یمن اس کے یمین میں اور شام اس کے شمال میں ہے۔
4۔
امام بخاری ؒ نے حدیث کے آخر میں یمن اور شام کی وجہ تسمیہ لکھی ہے۔
حافظ ابن حجر ؒنے اس کی وجہ تسمیہ کے دیگر اقوال بھی ذکر کیے ہیں۔
ان میں ایک قول یہ بھی ہے کہ یمن، یمن بن قحطان کی وجہ سے یمن اور شامل، سام بن نوح کی وجہ سے شام کہلایا۔
سام اصل میں شام تھا، جب اسے عربی میں منتقل کیا گیا تو شام بن گیا۔
(فتح الباري: 651/6)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3499
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3935
´یمن کی فضیلت کا بیان`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہارے پاس اہل یمن آئے وہ نرم دل اور رقیق القلب ہیں، ایمان یمنی ہے اور حکمت بھی یمنی ہے“ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3935]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
بقول بعض آپ ﷺ نے ایمان و حکمت کو جو یمنی فرمایا تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ایمان و حکمت دونوں مکہ سے نکلے ہیں اور مکہ تہامہ سے ہے اور تہامہ سر زمین یمن میں داخل ہے،
اور بقول بعض یہاں ظاہری معنی ہی مراد لینے میں کوئی حرج نہیں،
یعنی یہاں خاص یمن جو معروف ہے کہ وہ لوگ مراد ہیں جو اس وقت یمن سے آئے تھے،
نہ کہ ہر زمانہ کے اہل یمن مراد ہیں،
نیز یہ معنی بھی بیان کیا گیا ہے کہ یمن والوں سے بہت آسانی سے ایمان قبول کر لیا،
جبکہ دیگرعلاقوں کے لوگوں پر بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی تھی،
اس لیے اہل یمن (اس وقت کے اہل یمن) کی تعریف کی،
واللہ اعلم۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3935
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1080
1080- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: ”اہل یمن تمہارے پاس آئے ہیں یہ نرم دل اور رفیق ذہین کے مالک ہیں ایمان ایمانی ہے۔ حکمت یمانی ہے، جبکہ جفا کاری، سختی اور دلوں کا سخت ہونا بیعہ اور مضر قبیلے سے تعلق رکھنے والے اونٹوں کے مالکان میں پایا جاتا ہے۔“ سفیان کہتے ہیں: روایت کے یہ الفاظ ”اہل یمن تمہارے پاس آئے ہیں“ اس سے مراد اہل تہامیہ ہیں، کیونکہ مکہ یمن ہے اور یہی تہامیہ ہیں۔ حدیث کے الفاظ سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے کہ ایمان یمانی ہے اور حکمت یمانی ہے۔“ (یعنی یمنی لوگوں کا ایمان مضبوط ہے) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1080]
فائدہ:
اس حدیث سے اہل یمن کی فضیلت ثابت ہوتی ہے، اس سے یمن کے تمام لوگ، جو قیامت تک آنے والے ہیں، مراد نہیں ہیں، بلکہ بعض خاص لوگ مراد ہیں، کیونکہ یمن کی موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے، وہاں رافضیوں کا قبضہ ہے، اور وہ قرآن و حدیث کے دشمن ہیں، نہ ان میں ایمان ہے اور نہ دانائی، یہ لوگ اس حدیث کے مصداق نہیں ہیں، نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ جفاکش اور سخت دل ہونا اچھے انسان کی علامت نہیں، بلکہ اچھا انسان نرم دل، اور مہربان دل والا ہوتا ہے۔ «اللهم اجعلنا منهم»
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1078
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 182
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اہلِ یمن آئے ہیں یہ لوگ نرم دل ہیں ایمان یمنی ہے، فقہ یمنی ہے اور حکمت بھی یمانی ہے۔“ [صحيح مسلم، حديث نمبر:182]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
:
(1)
فِقْه:
لغوی طور پر کسی چیز کے فہم اور علم کو کہتے ہیں،
بعض نے معنی باریک بینی،
دقیقہ رسی اور متکلم کی غرض و مقصد کو جان لینا بتایا ہے۔
(2)
اَلْحِكْمَةُ:
حکمت کے مختلف معانی کیے گئے،
آسان معنی یہ ہے کسی چیز کی اصل اور حقیقت کو جاننا اور اس کے مطابق عمل کرنا۔
(3)
أَرَقُّ أَفْئِدَةً:
رقت،
باریکی اور نرمی کو کہتے ہیں،
مقصد ہے اثر پذیری یا جلد متاثر ہونے والے۔
(4)
أَفْئِدَةً:
فوادٌ کی جمع ہے،
بعض قلب اور فواد دونوں کو ہم معنی قرار دیتے ہیں اور ظاہر یہی ہے۔
بعض دل کے اندرونی،
یا دل کی آنکھ کو فواد کہتے ہیں۔
فوائد ومسائل:
اللہ تعالیٰ نے مختلف علاقوں کےلوگ کے اندر مختلف صفات رکھی ہیں،
یمنی لوگوں کے اندر حدیث میں بیان کردہ صفات پائی جاتی ہیں،
جیسا کہ اہل مشرق کے اندر دلوں کی سختی اور درشتی پائی جاتی ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 182
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 184
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تمھارے پاس یمنی لوگ آئےہیں دل کے ضعیف اور فواد کے نرم، فقہ یمنی ہے اور حکمت بھی یمانی ہے۔“ [صحيح مسلم، حديث نمبر:184]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
قلب کے ضعیف اور فواد کے رقیق ہونے کا مقصد یہ ہے کہ ان کے دلوں کے اندر خوف وخشیت اور تواضع ہے اور وعظ نصیحت سے جلد متاثر ہونے اور صحیح بات کو قبول کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
دلوں کی قسوت اور غلظت سے پاک اور صحیح وسالم ہیں۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 184
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 190
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ”تمھارے پاس اہلِ یمن آئے ہیں، ان کے قلوب نرم اور فواد رقیق (پتلے) ہیں۔ ایمان یمنی ہے اور حکمت بھی یمانی ہے، اور کفر کی چوٹی مشرق کی طرف ہے۔“ [صحيح مسلم، حديث نمبر:190]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
:
رَأْسُ الْكُفْرِ:
رأسٌ،
سر یا کسی چیز کی چوٹی کو کہتے ہیں،
اور "رأسُ الشَّهرٍ" سے مراد مہینہ کا پہلا دن ہوتا ہے،
اس لیے مراد،
منبع و سرچشمہ ہو گا،
جس طرح محاورہ ہے "رأسُ الْحِكْمَةِ مَخَافَةُ اللهِ" ”حکمت کا سرچشمہ اللہ کا خوف ہے۔
“
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 190
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4388
4388. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”تمہارے پاس یمن کے لوگ آئیں گے جو رقیق القلب اور نرم مزاج ہیں۔ ایمان یمن ہی کا عمدہ اور حکمت بھی یمن ہی کی اچھی ہے۔ فخر و تکبر اونٹوں والوں میں ہے اور سکون و وقار بکریوں والوں میں ہے۔ اس حدیث کو غندر نے شعبہ سے، انہوں نے ذکوان سے سنا، انہوں نے ابوہریرہ ؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے بیان کیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4388]
حدیث حاشیہ:
غندر کی روایت کو امام احمد نے وصل کیا ہے، اس سند کے بیان کرنے سے غرض یہ ہے کہ اعمش کا سماع ذکوان سے بصراحت معلوم ہوجائے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4388
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4390
4390. حضرت ابوہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”تمہارے ہاں اہل یمن آئے ہیں جو نرم دل اور رقیق القلب ہیں۔ دین کی سمجھ یمن والوں میں ہے اور حکمت بھی یمن کی ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4390]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں یمن والوں کی بڑی فضیلت نکلتی ہے۔
علم حدیث کا جیسے یمن میں رواج ہے ویسا دوسرے ملکوں میں نہیں ہے اور یمن میں تقلید شخصی کا تعصب نہیں ہے، دل کا پر دہ نرم اور باریک ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ حق بات کو جلدقبول کر لیتے ہیں جو ایمان کی علامت ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4390
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4390
4390. حضرت ابوہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”تمہارے ہاں اہل یمن آئے ہیں جو نرم دل اور رقیق القلب ہیں۔ دین کی سمجھ یمن والوں میں ہے اور حکمت بھی یمن کی ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4390]
حدیث حاشیہ:
1۔
فؤاد دل کے پردے کو کہتے ہیں، اگر پردہ باریک اور نرم ہوگا تو باہر کی نصیحت دل کے اندر جلدی اثر کرے گی۔
اور جب دل کی جھلی سخت ہو گی تو باہر کی نصیحت کا دل میں پہنچنا مشکل ہو گا۔
اس سے معلوم ہوا کہ امر حق اہل یمن کے دلوں میں جلدی اثر کرتا ہے اور وہ حق بات کو جلدی قبول کر لیتے ہیں۔
2۔
امام بخاری ؒ نے قطعی طور پر اہل یمن کے اشعری لوگوں کے متعلق مذکورہ احادیث بیان کی ہیں۔
حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ مدینہ طیبہ میں تھے کہ آپ نے اللہ اکبر کہا اور ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ﴾ کی تلاوت کی، پھر فرمایا:
"تمھارے پاس یمن والے آئے ہیں جن کے دل شفاف اور صاف ستھرے ہیں اطاعت گزاری کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔
ایمان تو اہل یمن کا ہے سمجھ داری بھی اہل یمن کی لاجواب ہے اور ان کی دانائی اور حکمت کے کیا کہنے۔
" ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"عنقریب تمھارے پاس اہل یمن آنے والے ہیں گویا وہ فائدہ پہنچانے کے اعتبار سے ابر رحمت (رحمت کا بادل)
ہیں روئے زمین پر وہ سب سے بہتر ہیں۔
'' (مسند أحمد: 84/4 والسلسلة الصحیحة للألباني، حدیث: 3437)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4390