سلسله احاديث صحيحه
فضائل القرآن والادعية والاذكار والرقي
فضائل قرآن، دعا ئیں، اذکار، دم
قرآن مجید سات لغات پر نازل ہوا
حدیث نمبر: 2945
-" أتاني جبرئيل وميكائيل، فجلس جبرئيل عن يميني وجلس ميكائيل عن يساري، فقال: اقرأ على حرف، فقال: ميكائيل: استزده، فقال: اقرأ القرآن على حرفين، (قال: استزده) حتى بلغ سبعة أحرف، (قال:) وكل كاف شاف".
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ، سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے کہا: قبولیت اسلام کے بعد میرے دل میں کوئی وسوسہ پیدا نہیں ہوا، لیکن ایک دن ایسا ہوا کہ میں نے ایک آیت پڑھی اور ایک دوسرے آدمی نے وہی آیت کسی اور لہجے میں پڑھی۔ میں نے کہا: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑھائی۔ اس آدمی نے کہا: مجھے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سکھائی۔ ہم دونوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئے۔ میں نے کہا: اے اللہ کے رسول! آپ نے مجھے فلاں آیت اس لہجے میں پڑھائی تھی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں“ دوسرے آدمی نے کہا: کیا آپ نے مجھے اس طرح نہیں پڑھایا تھا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں“ میرے پاس جبرائیل اور میکائیل آئے تھے۔ جبرائیل میری دائیں جانب بیٹھ گئے اور میکائیل بائیں جانب تو جبرائیل نے کہا ایک لب و لہجہ کے ساتھ قرآن پڑھیں اس پر میکائیل نے کہا، مزید کی گنجائش دیجئیے، پھر جبرائیل نے کہا دو لہجوں کے ساتھ قرآن پڑھیے۔ میکائیل گویا ہوئے، مزید کی اجازت دیجئیے۔ (تکرار کا یہ سلسلہ چلتا رہا) یہاں تک کہ سات لہجات کے ساتھ قرآن پڑھنے کی اجازت مل گئی اور جبرائیل نے کہا۔ ان میں سے ہر لہجہ مکمل اور کافی ہونے والا ہے۔“