Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

صحيح البخاري
كِتَاب بَدْءِ الْخَلْقِ
کتاب: اس بیان میں کہ مخلوق کی پیدائش کیونکر شروع ہوئی
4. بَابُ صِفَةِ الشَّمْسِ وَالْقَمَرِ:
باب: (سورۃ الرحمن کی اس آیت کی تفسیر کہ) سورج اور چاند دونوں حساب سے چلتے ہیں۔
حدیث نمبر: 3203
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، عَنْ عُقَيْلٍ، عَنْ ابْنِ شِهَابٍ، قَالَ: أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ، أَنَّ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا أَخْبَرَتْهُ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: يَوْمَ خَسَفَتِ الشَّمْسُ قَامَ فَكَبَّرَ، وَقَرَأَ قِرَاءَةً طَوِيلَةً، ثُمَّ رَكَعَ رُكُوعًا طَوِيلًا، ثُمَّ رَفَعَ رَأْسَهُ، فَقَالَ:" سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ، وَقَامَ كَمَا هُوَ فَقَرَأَ قِرَاءَةً طَوِيلَةً وَهِيَ أَدْنَى مِنَ الْقِرَاءَةِ الْأُولَى، ثُمَّ رَكَعَ رُكُوعًا طَوِيلًا وَهِيَ أَدْنَى مِنَ الرَّكْعَةِ الْأُولَى، ثُمَّ سَجَدَ سُجُودًا طَوِيلًا ثُمَّ فَعَلَ فِي الرَّكْعَةِ الْآخِرَةِ، مِثْلَ ذَلِكَ ثُمَّ سَلَّمَ وَقَدْ تَجَلَّتِ الشَّمْسُ فَخَطَبَ النَّاسَ، فَقَالَ: فِي كُسُوفِ الشَّمْسِ وَالْقَمَرِ إِنَّهُمَا آيَتَانِ مِنْ آيَاتِ اللَّهِ لَا يَخْسِفَانِ لِمَوْتِ أَحَدٍ، وَلَا لِحَيَاتِهِ، فَإِذَا رَأَيْتُمُوهُمَا فَافْزَعُوا إِلَى الصَّلَاةِ".
ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ہم سے لیث بن سعد نے کیا، انہوں نے کہا ہم سے عقیل نے بیان کیا، ان سے ابن شہاب نے بیان کیا کہ مجھے عروہ نے خبر دی، اور انہیں ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے خبر دی کہ جس دن سورج گرہن لگا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (مصلے پر) کھڑے ہوئے۔ «الله اكبر» کہا اور بڑی دیر تک قرآت کرتے رہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع کیا، ایک بہت لمبا رکوع، پھر سر اٹھا کر «سمع الله لمن حمده» کہا اور پہلے کی طرح کھڑے ہو گئے۔ اس قیام میں بھی لمبی قرآت کی۔ اگرچہ پہلی قرآت سے کم تھی اور پھر رکوع میں چلے گئے اور دیر تک رکوع میں رہے، اگرچہ پہلے رکوع سے یہ کم تھا۔ اس کے بعد سجدہ کیا، ایک لمبا سجدہ، دوسری رکعت میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طرح کیا اور اس کے بعد سلام پھیرا تو سورج صاف ہو چکا تھا۔ اب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو خطاب فرمایا اور سورج اور چاند گرہن کے متعلق بتلایا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے نشانی ہیں اور ان میں کسی کی موت و حیات کی وجہ سے گرہن نہیں لگتا، اس لیے جب تم گرہن دیکھو تو فوراً نماز کی طرف لپک جاؤ۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 3203 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3203  
حدیث حاشیہ:
آج چاند اور سورج کے گرہن کی جو وجہ بیان کی جاتی ہیں وہ بھی شان قدرت ہی کے مظاہر ہیں، لہٰذا حدیث صحیح اور قرآن میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3203   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1473  
´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی سورج گرہن کی نماز کی ایک اور قسم کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں سورج گرہن لگا تو آپ (نماز کے لیے) کھڑے ہوئے، اور تکبیر کہی، اور لوگوں نے آپ کے پیچھے صفیں باندھیں، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بڑی لمبی قرآت کی، پھر «اللہ اکبر» کہا، اور ایک لمبا رکوع کیا، پھر اپنا سر اٹھایا، تو «سمع اللہ لمن حمده ربنا لك الحمد» کہا، پھر آپ کھڑے رہے، اور ایک لمبی قرآت کی مگر پہلی قرآت سے کم، پھر تکبیر کہی، اور ایک لمبا رکوع کیا، مگر پہلے رکوع سے چھوٹا، پھر آپ نے «سمع اللہ لمن حمده ربنا لك الحمد» کہا، پھر سجدہ کیا، پھر دوسری رکعت میں بھی آپ نے اسی طرح کیا، اس طرح آپ نے چار رکوع اور چار سجدے پورے کیے، آپ کے نماز سے فارغ ہونے سے پہلے ہی سورج صاف ہو گیا، پھر آپ نے کھڑے ہو کر لوگوں کو خطاب کیا، تو اللہ تعالیٰ کی ثنا بیان کی جو اس کے شایان شان تھی، پھر فرمایا: بلاشبہ سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں، انہیں نہ کسی کے مرنے سے گرہن لگتا ہے، نہ کسی کے پیدا ہونے سے، جب تم انہیں دیکھو تو نماز پڑھو، جب تک کہ وہ تم سے چھٹ نہ جائے، نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے اپنے اس کھڑے ہونے کی جگہ میں ہر وہ چیز دیکھ لی جس کا تم سے وعدہ کیا گیا ہے، تم نے مجھے آگے بڑھتے ہوئے دیکھا، میں نے چاہا کہ جنت کے پھلوں میں سے ایک گچھا توڑ لوں، جب تم نے مجھے دیکھا میں آگے بڑھا تھا، اور میں نے جہنم کو دیکھا، اس حال میں کہ اس کا ایک حصہ دوسرے کو توڑ رہا تھا جب تم نے مجھے پیچھے ہٹتے ہوئے دیکھا، اور میں نے اس میں ابن لحی کو دیکھا ۱؎، یہی ہے جس نے سب سے پہلے سائبہ چھوڑا ۲؎۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الكسوف/حدیث: 1473]
1473۔ اردو حاشیہ:
➊ اس روایت میں نماز کسوف کے دوران جنت و جہنم اور دوسری پوشیدہ چیزیں دیکھنے کا بھی ذکر ہے۔ آپ کا یہ دیکھنا بیدار میں تھا۔ اور صرف آپ کے ساتھ خاص تھا، یعنی صحابہ کو وہ چیزیں نظر نہ آتی تھیں۔ اس قسم کے دیکھنے کو تصوف کی اصطلاح میں کشف کہا جاتا ہے۔ انبیاء علیہم السلام کو یہ اکثر ہوتا تھا۔ کبھی کبھار غیر انبیاء کے ساتھ بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں۔ معتبر روایت کی صورت میں ایسا واقعہ تسلیم کیا جائے گا۔ یہ ان کی کرامت اور اس کا شمار اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں ہو گا۔ اس صورت میں صاحب کشف کے علاوہ باقی لوگوں کو وہ چیزیں نظر نہیں آرہی ہوتیں، اس لیے انہیں تعجب ہوتا ہے، جیسے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو آپ کے آگے بڑھنے ا ور پیچھے ہٹنے پر تعجب ہوا۔ ان کے لیے آپ نے وضاحت فرمائی۔
ہر چیز بعض شارحین نے اس میں اللہ تعالیٰ کو بھی داخل سمجھا ہے، مگر صراحت کے بغیر اتنی بڑی بات کہنا بہت بڑی جسارت ہے۔ جبکہ قرآن مجید میں ہے: (لن ترانی) (الاعراف7: 143) اور (لاتدرکہ الابصار) (الانعام6: 103) یعنی اللہ تعالیٰ کو ان آنکھوں سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ہاں اگلے جہاں مومنین کواللہ تعالیٰ کا دیدار نصیب ہو گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ان میں شامل فرمائے
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1473   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1177  
´نماز کسوف کا بیان۔`
عبید بن عمیر سے روایت ہے کہ مجھے اس شخص نے خبر دی ہے جس کو میں سچا جانتا ہوں (عطا کہتے ہیں کہ میرا خیال ہے کہ اس سے ان کی مراد عائشہ رضی اللہ عنہا ہیں) کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں سورج گرہن لگا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لمبا قیام کیا، آپ لوگوں کے ساتھ قیام میں رہے پھر رکوع میں رہے، پھر قیام میں رہے پھر رکوع میں رہے پھر قیام میں رہے پھر رکوع میں رہے اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو رکعتیں پڑھیں ہر رکعت میں آپ نے تین تین رکوع کیا ۱؎ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تیسرا رکوع کرتے پھر سجدہ کرتے یہاں تک کہ آپ کے لمبے قیام کے باعث اس دن کچھ لوگوں کو (کھڑے کھڑے) غشی طاری ہو گئی اور ان پر پانی کے ڈول ڈالے گئے، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کرتے تو «الله أكبر» کہتے اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو «سمع الله لمن حمده» کہتے یہاں تک کہ سورج روشن ہو گیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی کے مرنے یا جینے کی وجہ سے سورج یا چاند میں گرہن نہیں لگتا بلکہ یہ دونوں اللہ کی نشانیاں ہیں، ان کے ذریعہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ڈراتا ہے لہٰذا جب ان دونوں میں گرہن لگے تو تم نماز کی طرف دوڑو۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب صلاة الاستسقاء /حدیث: 1177]
1177۔ اردو حاشیہ:
➊ رکوع کے بعد قیام میں سورت فاتحہ پڑھنے کی صراحت نہیں ہے، صرف دوبارہ قراءت کرنے کا ذکر ہے کیونکہ دوبارہ قرأءت شروع کر دینا ایک ہی رکعت کا تسلسل ہے۔ لہٰذا نئے سرے سے سورہ فاتحہ نہیں پڑھنی چاہیے۔ تاہم بعض آئمہ دوبارہ سورہ فاتحہ پڑھنے کے قائل ہیں لیکن یہ درست نہیں۔
➋ نماز کسوف میں بھی خطبہ دینا چاہیے، جس میں اہم امور کی نشاندہی کی جائے۔
➌ کسی بڑے چھوٹے کی بشر کی موت حیات کے ساتھ ان اجرام فلکی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
➍ شیخ البانی رحمہ اللہ کے نزدیک اس میں تین رکوع کے الفاظ شاذ ہیں۔ محفوظ الفاظ دو رکوع ہیں جیسا کہ صحیحین میں ہے اور حدیث 1180 میں بھی ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1177   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1191  
´سورج یا چاند گرہن لگنے پر صدقہ کرنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سورج اور چاند میں گرہن کسی کے مرنے یا جینے سے نہیں لگتا ہے، جب تم اسے دیکھو تو اللہ عزوجل سے دعا کرو اور اس کی بڑائی بیان کرو اور صدقہ و خیرات کرو۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب صلاة الاستسقاء /حدیث: 1191]
1191۔ اردو حاشیہ:
کسوف کے موقع پر معروف نماز کے علاوہ مالی صدقہ کرنا بھی مستحب ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1191   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1263  
´سورج اور چاند گرہن کی نماز کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں سورج گرہن ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد گئے، اور کھڑے ہو کر «الله أكبر» کہا، لوگوں نے بھی آپ کے پیچھے صف لگائی، آپ نے لمبی قراءت کی، پھر «الله أكبر» کہا، اور دیر تک رکوع کیا، پھر رکوع سے اپنا سر اٹھایا، اور «سمع الله لمن حمده‏ ربنا ولك الحمد‏» کہا، پھر کھڑے ہوئے اور لمبی قراءت کی جو پہلی قراءت سے کم تھی، پھر «الله أكبر» کہا، اور لمبا رکوع کیا جو پہلے رکوع سے کم تھا، پھر «سمع الله لمن حمده‏ ربنا ولك الحمد‏» کہا، پھر دوسری رکعت میں بھی ایسا ہی کیا، اور چ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1263]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل:

(1)
اس حدیث میں گرہن کی نماز کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔
صحیح اور راحج موقف یہی ہے کہ ہر رکعت میں دو رکوع کئے جایئں اور پہلے رکوع کے بعد دوبارہ قراءت کی جائے۔ (نماز کسوف وخسوف سے متعلق تفصیل کےلئے دیکھئے: (سنن ابودائود (اردو)
دارالسلام حدیث 1177تا 1195)


(2)
پہلے قیام سے اٹھتے ہوئے بھی (سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ)
کہا جائے۔
جس طرح عام نمازوں میں رکوع سے اٹھ کرکہا جاتا ہے۔

(3)
یہ نماز سورج اور چاند دونوں کے گرہن کے موقع پر ادا کی جائے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1263   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:179  
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ عذاب قبر برحق ہے، قبر عالم برزخ ہے، اس کی کیفیات کو عالم دنیا پر قیاس کرنا درست نہیں ہے، جس نے بھی عالم برزخ کو عالم دنیا پر قیاس کیا، وہ گمراہ ہو گیا، دنیا الگ ہے، قبر الگ ہے، قبر کے معاملات کو دنیا کے معاملات پر قیاس کرنا درست نہیں ہے۔ نیز اس حدیث میں نماز کسوف کا طریقہ بیان ہوا ہے، اور عذاب قبر سے ہمیشہ پناہ مانگنی چاہیے۔ یہ بھی ثابت ہوا کہ فتنہ دجال بہت بڑا فتنہ ہے، اللہ تعالیٰ ٰ ہمیں اس سے محفوظ فرمائے، آمین۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 179   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2089  
0 [صحيح مسلم، حديث نمبر:2089]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
(1)
لغوی طور پر کسف،
انکسف اور خسف احادیث کی رو سے ہم معنی ہیں اور شمس و قمر دونوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں اگرچہ بعض نے (فقہاء نے)
شمس کے لیے کسوف اور قمر کے لیے خسوف کا لفظ استعمال کیا ہے کیونکہ کسوف کا معنی سیاہی مائل ہونا ہے اور خسوف کا کم ہونا گھٹنا،
ان کی روشنی مکمل طور پر بھی ختم ہو سکتی ہے جزوی طور پر بھی۔
(2)
اہل ہئیت کے نزدیک عام طور پر سورج کو گہن 28،
29 قمری تاریخ کو لگتا ہے اور چاند کو 13،
14 قمری تاریخ کو اور اصولی طورپر ہر چھ ماہ بعد سورج کو گرہن لگنا ممکن ہے اور قاضی محمد سلیمان منصور پوری نے اپنے چھوٹے بھائی وکیل صاحب یعنی قاضی عبدالرحمٰن کے حوالہ سے جو علم ہئیت کے بہت بڑے ماہر تھے۔
یہ لکھا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تئیس سالہ دور نبوت میں 19 دفعہ کسوف شمس ہوا ہے اور بقول بعض خسوف قمر صرف دو دفعہ اور بقول امام ابن حبان رحمۃ اللہ علیہ آپ نے 5 ہجری میں نماز خسوف قمر پڑھی ہے اور سورج گرہن پہلی دفعہ 9 اپریل 609ء بمطابق 28 ربیع الآخر 40 میلادنبوی میں اور آخری 27 جنوری 632ء بمطابق 29 شوال 10 ہجری بروزسوموار اور ہندوستان میں اس وقت 28 شوال تھا۔
اور یہ وہ دن ہے جس میں آپﷺ کے لخت جگر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی وفات ہوئی ہے اور بقول بعض اس وقت دن کے ساڑھے آٹھ بجے تھے۔
اس طرح ہجرت کے بعد سورج کو گرہن دس دفعہ لگا لیکن گرہن لگنے سے اس کا ہر جگہ نظر آنا ضروری نہیں ہے،
اس لیے نماز خسوف میں اختلاف ہے،
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ،
شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک صلاۃ الکسوف دو رکعتیں طویل قیام طویل رکوع اور طویل سجود کے ساتھ ہیں اور ہر رکعت میں دو رکوع اور سجدے ہیں۔
(3)
اور پہلے رکوع سے اٹھ کر فاتحہ پڑھ کر قرآءت شروع کی جائے گی اور احناف کے نزدیک صلاۃ الکسوف بھی عام نوافل کی طرح ہیں یعنی ایک رکعت میں ایک ہی رکوع ہے لیکن صحیح مسلم کی روایات سے ثابت ہوتا ہے کہ آپﷺ نے ایک رکعت میں بعض دفعہ دو بعض دفعہ تین اور بعض دفعہ چار رکوع کیے اور سنن ابی داؤد رحمۃ اللہ علیہ میں پانچ رکوع بھی آئے ہیں اس لیے امام اسحق رحمۃ اللہ علیہ،
ابن جریر رحمۃ اللہ علیہ اور ابن المنذر رحمۃ اللہ علیہ وغیرہم کے نزدیک تمام صورتیں جائز ہیں اور بقول امام نووی رحمۃ اللہ علیہ دلیل کی رو سے یہی مذہب قوی ہے اگر صلاۃ کسوف میں تکرار ثابت ہو جائے،
جیسا کہ کسوف کی کثرت کا اور حدیثوں کے اختلاف کا تقاضا ہے تو اس صورت میں تمام صورتوں کے جواز میں کوئی کلام نہیں ہے۔
لیکن اگر نماز میں تکرار ثابت نہ ہو جیسا کہ آئمہ اربعہ کا موقف تو پھر احادیث کو ایک دوسرے پر ترجیح دئیے بغیر چارہ نہیں ہے،
جیسا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ ایک رکعت میں صرف دو رکوع والی روایات ہی مختلف صحابہ سے لائے ہیں لیکن اس صورت میں بلا وجہ صحیح احادیث کو راجح اور مرجوح قرار دینا پڑے گا۔
(4)
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ،
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک صلاۃ الکسوف سنت مؤکدہ ہے اور احناف کے مختلف اقوال ہیں۔
واجب،
سنت مؤکدہ،
سنت غیرہ مؤکدہ اورامام ابو عوانہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک واجب ہے اور یہی دلیل کا تقاضا ہے۔
(5)
شوافع کے نزدیک صلاۃ الکسوف کے لیے کوئی وقت متعین نہیں ہے۔
کیونکہ سورج کے گرہن لگنے کا کوئی متعین وقت نہیں ہے اس لیے جب سورج گہنائےگا اس وقت نماز پڑھی جائے گی اور یہی صحیح موقف ہے احناف اور حنابلہ کے نزدیک اوقات کراہت میں نماز نہیں پڑھی جائے گی۔
اور مالکیہ کے نزدیک اس کا وقت چاشت سے لے کر سورج ڈھلنے تک ہے۔
(6)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ میں سورج کو آخری گہن اس وقت لگا جس دن آپﷺ کے شیر خوار صاحبزادے ابراہیم علیہ السلام تقریباً ڈیڑھ سال کی عمر کے تھے اور عربوں میں زمانہ جاہلیت کے توہمات میں سے ایک وہم و خیال یہ بھی تھا کہ بڑے لوگوں کی موت و حیات پر سورج کو گہن لگتا ہے اور آپﷺ کے صاحبزادے کی وفات کے دن سورج کے گہن میں آ جانے سے اس توہم پرستی اور غلط عقیدہ کو تقویت پہنچ سکتی تھی اور بعض لوگوں نے اس کا اظہار بھی کیا اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقعہ پر غیر معمولی خشیت اور انتہائی فکر مندی کا اظہار کیا۔
لوگوں کو خصوصی طورپر صلاۃ کسوف کے لیے مسجد میں الصلاۃ جامعۃ کے الفاظ کے ذریعہ جمع کیا اور نماز میں آپ نے قیام رکوع اور سجدے بھی بہت طویل کیے۔
اثنائے نماز میں دعا بھی بہت اہتمام اور ابہتال کے ساتھ کی نماز کے بعد خطبہ دیا اور اس میں خصوصی طور پر اس خیال کی پرزور تردید کی کہ سورج یا چاند کو گہن کسی بڑے آدمی کی حیات یا موت کی وجہ لگتا ہے یہ تو دراصل اللہ تعالیٰ کی وحدانیت،
قدرت اور صنعت اس کی سطوت وہیبت اور اس کے جلال و جبروت کی نشانی ہے جس کا مقصد لوگوں کو ان کے گناہوں اور جرائم سے باز رکھنا ہے کہ اس ذات کی پکڑ سے بچو جو سورج اور چاند کو بھی بے نور کر سکتا ہے۔
جن کی روشنی سے دنیوی زندگی کا کاروبار چل رہا ہے۔
اس لیے آپﷺ خطبہ میں توبہ و استغفار اور صدقہ و خیرات کرنے کی تلقین فرماتے اور آپﷺ نے فرمایا:
(يُخَوِّفُ اللَّهُ بِهَا عِبَادَهُ)
اس کے ذریعہ اپنے بندوں کو ڈرتا ہے
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2089   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2091  
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ محترمہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں: کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں سورج کو گرہن لگا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف لے آئے نماز کے لیے کھڑے ہو گئے اور تکبیر کہی اور لو گوں نے آپﷺ کے پیچھے صف باندھ لی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل قراءت کی پھر الله اكبر کہ کر طویل رکو ع کیا پھر آپﷺ نے اپنا سر اٹھایا اور سَمِعَ الله لِمَن حَمِدَه رَبَّنَا وَلَكَ الحَمدُ کہا پھر... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:2091]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
سَوَائِب:
سَائِبَة کی جمع ہے۔
اس سے مراد وہ اونٹ ہے جس کو بتوں کی نذر کر کے چھوڑ دیا جاتا تھا اور اس سے کسی قسم کا کام نہیں لیا جاتا۔
وہ صرف مجاوروں کے لیے وقف ہو جاتا تھا۔
فوائد ومسائل:
اس حدیث میں جنت اور دوزخ کے دیکھنے کا تذکرہ کیا گیا ہے اور نظارہ آپﷺ نے ان مادی اور ظاہری آنکھوں سے کیا تھا۔
اگر آج سائنس اس قدر ترقی کر سکتی ہے کہ ایک انسان ایک جگہ کھڑے ہو کرتقریر کر رہا ہے اور لوگ ہر جگہ اپنے اپنے گھر میں اس کی تقریر سن رہے ہیں اور اس کو دیکھ رہے ہیں تو جو ذات تمام کائنات کی خالق اور مالک ہے اور سائنسدان اس کی ایک ادنیٰ مخلوق ہیں تو وہ اگر اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی جگہ جنت اور دوزخ کا حقیقتاً نظارہ کرا دے تو یہ کیوں نہیں ہو سکتا؟ لیکن اس سے یہ ثابت کرنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب دیکھنا چاہیں دیکھ سکتے ہیں سات آسمان آپﷺ کے لیے حجاب نہیں بنتے اور یہ بھی معلوم ہوا کہ آپﷺ زمین پر رہتے ہوئے جنت میں تصرف کر سکتے ہیں اور جنت کی اشیاء آپﷺ کے دست تصرف کی زد میں ہیں یہ سب باتیں محض سینہ زوری ہیں۔
اگر آپﷺ جب چاہیں دیکھ سکتے ہیں مَقَامِی هٰذا کی قید لگانے کی کیا ضرورت تھی اور یہ کام صرف واقعہ کسوف میں ہی کیوں پیش آیا۔
جو ان حضرات کے نزدیک صرف ایک دفعہ کے شیر خوار بیٹے کی وفات پر ہجری میں پیش آیا اور اپنے بیٹے کو موت سے کیوں نہیں بچا لیا۔
لیکن عجیب بات ہے کہ آخر میں لکھا ہے لیکن یہ تمام کلمات اللہ تعالیٰ کی اجازت اور عطا کے ساتھ مقید ہیں (شرح صحیح مسلم:
ج 2 ص: 739)

جب صورت حال یہ ہے تو پھر اس کی کیا حقیقت رہی کہ اللہ تعالیٰ نے جنت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملک کر دی ہے جس طرح چاہتے ہیں اس میں تصرف کرتے ہیں۔
اسی طرح اس واقعہ سے آپ کے علم غیب کو کشید کرنےکی لاحاصل بحث کی ہے اور اس کے تحت متضاد باتیں لکھی ہیں۔
اس میں فیصلہ کن بات وہی جو علامہ آلوسی کی تفسیر سے:
(قُل لَّا يَعْلَمُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ الْغَيْبَ إِلَّا اللَّهُ ۚ)
کی آیت کی تفسیر سے نقل کی ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2091   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2096  
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں: کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں سورج کو گرہن لگ گیا تو آپﷺ نے بڑا پُر مشقت قیام کیا۔ سیدھے کھڑے ہوتے، پھر رکوع میں چلے جاتے، پھر کھڑے ہوتے۔ پھر رکوع کرتے، پھر کھڑے ہوتے پھر رکوع کرتے، دو رکعت میں (ہر رکعت میں) تین رکوع اور چار سجدےکیے اس وقت سلام پھیرا جب سورج روشن ہو چکا تھا۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کرتے تو اللہ اکبر کہا کرتے اس کے بعد جب رکوع کرتے اور جب سر اٹھاتے تو سَمِعَ الله... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:2096]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
جب سورج یا چاند کو گرہن لگے تو یہ دیکھا جائے گا کہ ان کا کس قدر حصہ بے نور ہوا ہے اور اس کے مطابق نماز کسوف اور نماز خسوف پڑھی جائے گی۔
اگر مکمل گہن لگا ہے تو طویل قیام میں تین یا چار یا پانچ رکوع ہر رکعت میں کیے جائیں گے اور ہر بعد والا قیام اور رکوع پہلے سے کم ہو گا اس طرح دو رکعت کو اس قدر لمبا کیا جائے گا کہ فراغت کے وقت تک سورج اور چاند روشن ہو چکے ہوں۔
اور اس کے لیے (الصلاۃ جامعة)
کے الفاظ سے لوگوں كو جمع ہونے کی دعوت دی جائے گی اور نماز میں قرآءت بلند ہو گی۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2096   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1044  
1044. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں ایک دفعہ سورج گرہن ہوا تو رسول اللہ ﷺ نے لوگوں کو نماز پڑھائی اور اس میں بہت طویل قیام کیا، پھر رکوع کیا تو وہ بھی بہت طویل کیا۔ رکوع کے بعد قیام کیا تو وہ بھی بہت طویل تھا لیکن پہلے قیام سے کچھ مختصر۔ پھر آپ نے طویل رکوع کیا جو پہلے رکوع سے قدرے کم تھا۔ پھر سجدہ بھی بہت طویل کیا۔ دوسری رکعت میں بھی ایسا ہی کیا جیسا کہ پہلی رکعت میں کیا تھا۔ پھر جب نماز سے فارغ ہوئے تو آفتاب صاف ہو چکا تھا۔ اس کے بعد آپ نے لوگوں کو خطبہ دیا اور اللہ کی حمد و ثنا کے بعد فرمایا: بلاشبہ یہ سورج اور چاند اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں، یہ دونوں کسی کے مرنے جینے سے گرہن زدہ نہیں ہوتے۔ جس وقت تم ایسا دیکھو تو اللہ سے دعا کرو، اس کی کبریائی کا اعتراف کرو، نماز پڑھو اور صدقہ و خیرات کرو۔ پھر آپ نے فرمایا: اے امت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:1044]
حدیث حاشیہ:
یعنی ہر رکعت میں دو دو رکوع کئے اور دو دو قیام اگر چہ بعض روایتوں میں تین تین رکوع اور بعض میں چار چار اور بعض میں پانچ پانچ ہر رکعت میں وارد ہوئے ہیں۔
مگر دو دو رکوع کی روایتیں صحت میں بڑھ کر ہیں اور اہلحدیث اور شافعی کا اس پر عمل ہے اور حنفیہ کے نزدیک ہر رکعت میں ایک ہی رکوع کرے۔
امام ابن قیم ؒ نے کہا ایک رکوع کی روایتیں صحت میں دو دو رکوع کی روایتوں کے برابر نہیں ہیں اب جن روایتوں میں دو رکوع سے زیادہ منقول ہیں تو وہ راویوں کی غلطی ہے یا کسوف کا واقعہ کئی بار ہوا ہو گا۔
بعضے علماء نے یہی اختیار کیا ہے کہ جن جن طرحوں سے کسوف کی نماز منقول ہے ان سب طرحوں سے پڑھنا درست ہے۔
قسطلانی ؒ نے پچھلے متکلمین کی طرح غیرت کی تاویل کی ہے اور کہا ہے کہ غیرت غصے کے جوش کو کہتے ہیں اور اللہ تعالی اپنے تغیرات سے پاک ہے۔
اہلحدیث کا یہ طریق نہیں، اہل حدیث اللہ تعالی کی ان سب صفات کو جو قرآن وحدیث میں وارد ہیں اپنے ظاہری معنی پر محمول رکھتے ہیں اور ان میں تاویل اور تحریف نہیں کرتے جب غضب اللہ تعالی صفات کی میں سے ہے تو غیرت بھی اس کی صفات میں سے ہوگی غضب زائد اور کم ہو سکتا ہے اور تغیر اللہ کی ذات اور صفات حقیقیہ میں نہیں ہوتا لیکن صفات افعال میں تو تغیر ضرور ہے، مثلاً گناہ کرنے سے اللہ تعالی ناراض ہوتا ہے پھر توبہ کرنے سے راضی ہو جاتا ہے اللہ تعالی کلا م کرتا اور کبھی کلام نہیں کرتا کبھی اترتا ہے کبھی چڑھتا ہے غرض صفات افعالیہ کا حدوث اور تغیر اہلحدیث کے نزدیک جائز ہے۔
(مولانا وحید الزماں مرحوم)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1044   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1044  
1044. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں ایک دفعہ سورج گرہن ہوا تو رسول اللہ ﷺ نے لوگوں کو نماز پڑھائی اور اس میں بہت طویل قیام کیا، پھر رکوع کیا تو وہ بھی بہت طویل کیا۔ رکوع کے بعد قیام کیا تو وہ بھی بہت طویل تھا لیکن پہلے قیام سے کچھ مختصر۔ پھر آپ نے طویل رکوع کیا جو پہلے رکوع سے قدرے کم تھا۔ پھر سجدہ بھی بہت طویل کیا۔ دوسری رکعت میں بھی ایسا ہی کیا جیسا کہ پہلی رکعت میں کیا تھا۔ پھر جب نماز سے فارغ ہوئے تو آفتاب صاف ہو چکا تھا۔ اس کے بعد آپ نے لوگوں کو خطبہ دیا اور اللہ کی حمد و ثنا کے بعد فرمایا: بلاشبہ یہ سورج اور چاند اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں، یہ دونوں کسی کے مرنے جینے سے گرہن زدہ نہیں ہوتے۔ جس وقت تم ایسا دیکھو تو اللہ سے دعا کرو، اس کی کبریائی کا اعتراف کرو، نماز پڑھو اور صدقہ و خیرات کرو۔ پھر آپ نے فرمایا: اے امت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:1044]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث کو حضرت عائشہ ؓ سے بیان کرنے والے آپ کے بھانجے حضرت عروہ بن زبیر اور عمرہ بنت عبدالرحمٰن ہیں۔
پھر عروہ سے بیان کرنے والے ان کے بیٹے حضرت ہشام اور امام زہری ہیں۔
ان میں سے ہر ایک نے ایسی باتیں بیان کی ہیں جو دوسرے بیان نہیں کرتے۔
حضرت ہشام کے علاوہ اور کوئی راوی سورج گرہن کے وقت صدقہ و خیرات کرنے کا ذکر نہیں کرتا، اس لیے امام بخاری ؒ نے مذکورہ روایت ہشام پر صدقہ کرنے کا عنوان قائم کیا ہے۔
چونکہ صدقہ و خیرات نماز کسوف کے بعد ہوتا ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے نماز کسوف کے عنوان کے بعد اس موقع پر صدقہ و خیرات کرنے کا عنوان قائم کیا ہے۔
(فتح الباري: 683/2)
اللہ تعالیٰ اپنی نشانیاں اس وقت دکھاتا ہے جب بندوں کی طرف سے محارم کی پردہ داری اور معاصی کا کھلے بندوں ارتکاب ہوتا ہے۔
بندوں کو ڈرانے اور گناہوں سے باز رکھنے کے لیے ایسی نشانیوں کا ظہور ہوتا ہے، لہٰذا ایسے اوقات میں اللہ کے حضور صدقہ و خیرات کرنا چاہیے تاکہ وہ ہمیں اس وقت اپنے انتقام کا نشانہ نہ بنائے اور ہمیں دیگر مصائب و آلام سے محفوظ رکھے۔
اس روایت میں جرم زنا کو بطور خاص بیان کیا ہے کیونکہ اس جرم کی خصوصیت ہے کہ نفس کا میلان جتنا زنا کی طرف ہوتا ہے اتنا دیگر معاصی کی طرف نہیں ہوتا۔
(2)
اس حدیث میں غیرت کو اللہ کی صفت کے طور پر بیان کیا گیا ہے جو برحق ہے۔
ہم اس کی کوئی تاویل نہیں کرتے۔
ہم اللہ تعالیٰ کی تمام صفات کو ان کے ظاہری معنی پر محمول کرتے ہیں بشرطیکہ وہ صفات قرآن و حدیث سے ثابت ہوں۔
ان کی تاویل کرنا متکلمین کا طریقہ ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ غیرت، غصے کے وقت جوش کو کہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اس قسم کے تغیرات سے پاک ہے۔
ہمارے نزدیک اللہ کی صفات افعال میں تغیر آ سکتا ہے، مثلاً:
گناہ کرنے سے اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے تو انابت اور توبہ سے خوش ہوتا ہے، اس بنا پر ہم صفات باری تعالیٰ میں کوئی تاویل یا تحریف نہیں کرتے بلکہ انہیں جوں کا توں اللہ کے لیے ثابت کرتے ہیں۔
(3)
امام بخاری ؒ کی پیش کردہ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز کسوف کو رسول اللہ ﷺ نے تمام نمازوں سے زیادہ طویل پڑھایا ہے اور سورج کے صاف ہونے تک اسے جاری رکھا ہے۔
صحابۂ کرام نے طویل قیام، بہت لمبے رکوع اور سجود کی کیفیت کو اپنے اپنے الفاظ میں بیان کیا۔
اس سلسلے میں سب سے زیادہ قوی اور صحیح مذکورہ روایت ہے جس میں ہر ایک رکعت کے اندر دو دو رکوع اور دو دو سجدے ہیں۔
اگرچہ بعض روایات میں تین تین، بعض میں چار چار اور بعض میں پانچ پانچ رکوع ہر رکعت میں وارد ہیں مگر مذکورہ روایت پر امام بخاری اور امام مسلم کا اتفاق ہے۔
امام شافعی اور امام احمد بن حنبل رحمہما اللہ نے بھی اسے ترجیح دی ہے۔
امام بخاری ؒ کا بھی یہی رجحان ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1044   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1058  
1058. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں سورج گرہن ہوا تو نبی ﷺ لوگوں کو نماز پڑھانے کے لیے کھڑے ہوئے، چنانچہ آپ نے قیام میں طویل قراءت کی، پھر لمبا رکوع فرمایا۔ اس کے بعد جب اپنا سر اٹھایا تو قیام میں پھر لمبی قراءت کی جو پہلی قراءت سے قدرے کم تھی۔ اس کے بعد آپ نے رکوع کیا جو پہلے رکوع سے کچھ مختصر تھا، پھر اپنا سر مبارک اٹھایا اور دو سجدے کیے۔ پھر کھڑے ہوئے تو دوسری رکعت میں بھی اسی طرح کیا۔ اس کے بعد کھڑے ہو کر فرمایا: یہ سورج اور چاند کسی کی موت و حیات کے باعث بے نور نہیں ہوتے بلکہ یہ اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں جو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو دکھاتا ہے، جب تم اس قسم کا حادثہ دیکھو تو جلدی نماز کی طرف عاجزی کرتے ہوئے آؤ۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1058]
حدیث حاشیہ:
مصنف عبدالرزاق میں روایت کے آخر میں یہ اضافہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
جب تم اس قسم کا حادثہ دیکھو تو صدقہ و خیرات کرو۔
اس سے معلوم ہوا کہ گرہن کے وقت نماز پڑھنا، ذکر کرنا، توبہ و استغفار اور صدقہ و خیرات کرنا مستحب ہے، کیونکہ ان کی برکت سے اللہ تعالیٰ مصائب اور پریشانیاں دور کرتا ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1058