Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

سلسله احاديث صحيحه
الاذان و الصلاة
اذان اور نماز
نماز باجماعت کی فضیلت
حدیث نمبر: 526
- (تفضل صلاة الجميع صلاة أحدكم وحده بخمس وعشرين جزءاً، وتجتمع ملائكة الليل وملائكة النهار في صلاة الفجر).
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نماز باجماعت، اکیلے آدمی کی نماز سے پچیس گنا افضل ہے۔ رات اور دن کے فرشتے نماز فجر میں جمع ہوتے ہیں۔

سلسلہ احادیث صحیحہ کی حدیث نمبر 526 کے فوائد و مسائل
  الشيخ محمد محفوظ اعوان حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سلسله احاديث صحيحه 526  
فوائد و مسائل:
نماز باجماعت روح کو جلا بخشتی ہے، جماعت کے بہانے نمازی کا زیادہ وقت اللہ تعالیٰ کے ذکر میں گزرتا ہے، نماز کی ادائیگی کے لیے جماعت کی پروا نہ کرنا انتہا درجہ کی غفلت، سستی اور کاہلی ہے، بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ وہ آدمی شیطان کے نرغے میں ہے، ممکن ہے وہ اسے جلد نقصان پہنچانے میں کامیاب ہو جائے اور اس سے بڑا نقصان کیا ہو سکتا ہے کہ وہ کئی سعادتوں سے محروم ہو جاتا ہے، سیدنا ابودردا رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«ما من ثلاثة فى قرية ولا بدو لا تقام فيهم الصلاة إلا قد استحوذ عليهم الشيطان فعليك بالجماعة فإنما ياكل الذئب القاصية» [ابوداؤد، نسائي]
جس گاؤں یا بستی میں تین آدمی ہوں اور وہاں نماز باجماعت کا اہتمام نہ کیا جاتا ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ شیطان ان پر غالب آ چکا ہے۔ آپ جماعت کا التزام کریں، (وگرنہ ذہن نشین کر لیں کہ) بھیڑیا (ریوڑ سے) دور چلی جانے والی بکری کو کھا جاتا ہے۔

سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«صلاة الجماعة تفضل صلاة الفذ بسبع وعشرين درجة» [بخاري و مسلم]
نماز باجماعت، اکیلے آدمی کی نماز سے ستائیس گنا افضل ہے۔

نماز باجماعت اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی و انکساری کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ نماز ہے، جیسا کہ سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:: «يعجب ربك من راعي غنم فى راس شظية الجبل يؤذن بالصلاة ويصلي فيقول الله عز وجل: انظروا إلى عبدي هذا يؤذن ويقيم الصلاة يخاف مني قد غفرت لعبدي وادخلته الجنة» [ابوداؤد، نسائي]
تمہارا رب بکریوں کے اس چرواہے پر تعجب کرتا ہے، جو پہاڑ کی چوٹی پر (بکریاں چرا رہا ہوتا ہے، جب نماز کا وقت ہوتا ہے تو) وہ اذان دیتا ہے اور نماز پڑھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ (اس کے اس عمل کو دیکھ کر) کہتے ہیں: میرے بندے کی طرف دیکھو، اذان دیتا ہے اور نماز کے لیے اقامت کہتا ہے (پھر نماز ادا کرتا ہے) یہ مجھ سے ڈرتا ہے۔ میں نے اپنے بندے کو بخش دیا اور اسے جنت میں داخل کر دیا۔

انسان کی نیکیوں اور برائیوں کو نوٹ کرنے والے دو فرشتے فجر اور عصر کی نمازوں میں اپنی باریاں تبدیل کرتے ہیں، یعنی دن کو اپنے فرائض سرانجام دینے والے فرشتے نماز فجر کی ادائیگی سے پہلے آتے ہیں اور نماز عصر کے بعد واپس جاتے ہیں اور رات والے نماز عصر سے پہلے آتے ہیں اور نماز فجر کے بعد واپس جاتے ہیں اور نماز باجماعت ادا کرنے والے لوگوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں: جب ہم گئے تھے تو تیرے بندے نماز پڑھ رہے تھے اور اب جب ہم آئے ہیں تو تیرے بندے نماز پڑھ رہے تھے۔
   سلسله احاديث صحيحه شرح از محمد محفوظ احمد، حدیث/صفحہ نمبر: 526