سلسله احاديث صحيحه
الايمان والتوحيد والدين والقدر
ایمان توحید، دین اور تقدیر کا بیان
تمام اعمال کی بنیاد توحید ہے
حدیث نمبر: 21
-" أما أبوك فلو كان أقر بالتوحيد، فصمت وتصدقت عنه نفعه ذلك".
سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: عاص بن وائل نے دور جاہلیت میں نظر مانی کہ وہ سو اونٹ ذبح کرے گا (لیکن وہ نذر پوری کرنے سے پہلے مر گیا)، اس کے بیٹے ہشام بن عاص نے اپنے حصے کے پچاس اونٹ ذبح کر دئیے تھے اور دوسرے بیٹے سیدنا عمرو نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے بارے میں سوال کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر تیرے باپ نے توحید کا اقرار کیا ہوتا اور تو اس کی طرف سے روزہ رکھتا یا صدقہ کرتا تو اسے فائدہ ہوتا۔“
تخریج الحدیث: «أخرجه الإمام أحمد: 2/ 182»
سلسلہ احادیث صحیحہ کی حدیث نمبر 21 کے فوائد و مسائل
الشيخ محمد محفوظ حفظہ الله، فوائد و مسائل، صحیحہ 21
فوائد:
جو لوگ کفر و شرک کی حالت میں مر جاتے ہیں، ان کے تمام اعمالِ صالحہ ضائع ہو جاتے ہیں، ان کے حق میں مغفرت کی دعائیں فضول قرار پاتی ہیں اور ایسا آدمی شریعت میں ایصال ثواب کی تمام جائز صورتوں سے بھی محروم رہتا ہے۔ ہاں اگر کوئی کافر یا مرتد مشرف با سلام ہو جاتا ہے تو حالت کفر، حالت ارتداد اور قبل از ارتداد کی گئی ان کی نیکیاں محفوظ کر لی جاتی ہیں اور ان کی وجہ سے ان کو اجر و ثواب عطا کیا جاتا ہے۔
تفصیلی بحث کے لے ملاحظہ ہو اسی کتاب کا عنوان ”قبولیت اسلام کے بعد کافر کی حالتِ کفر میں کی گئی نیکیوں کی اہمیت۔“
سلسله احاديث صحيحه شرح از محمد محفوظ احمد، حدیث/صفحہ نمبر: 21