سنن ترمذي
كتاب الزهد عن رسول الله صلى الله عليه وسلم
کتاب: زہد، ورع، تقوی اور پرہیز گاری
12. باب فِي قِلَّةِ الْكَلاَمِ
باب: کم بولنے کی خوبی کا بیان۔
حدیث نمبر: 2319
حَدَّثَنَا هَنَّادٌ، حَدَّثَنَا عَبْدَةُ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرٍو، حَدَّثَنِي أَبِي، عَنْ جَدِّي، قَال: سَمِعْتُ بِلَالَ بْنَ الْحَارِثِ الْمُزَنِيَّ صَاحِبَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: " إِنَّ أَحَدَكُمْ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ رِضْوَانِ اللَّهِ مَا يَظُنُّ أَنْ تَبْلُغَ مَا بَلَغَتْ فَيَكْتُبُ اللَّهُ لَهُ بِهَا رِضْوَانَهُ إِلَى يَوْمِ يَلْقَاهُ، وَإِنَّ أَحَدَكُمْ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ سَخَطِ اللَّهِ مَا يَظُنُّ أَنْ تَبْلُغَ مَا بَلَغَتْ فَيَكْتُبُ اللَّهُ عَلَيْهِ بِهَا سَخَطَهُ إِلَى يَوْمِ يَلْقَاهُ "، قَالَ: وَفِي الْبَابِ عَنْ أُمِّ حَبِيبَةَ، قَالَ: هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ، وَهَكَذَا رَوَاهُ غَيْرُ وَاحِدٍ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرٍو نَحْوَ هَذَا، قَالُوا: عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرٍو، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ جَدِّهِ، عَنْ بِلَالِ بْنِ الْحَارِثِ، وَرَوَى هَذَا الْحَدِيثَ مَالِكٌ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرٍو، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ بِلَالِ بْنِ الْحَارِثِ، وَلَمْ يَذْكُرْ فِيهِ عَنْ جَدِّهِ.
صحابی رسول بلال بن حارث مزنی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
”تم میں سے کوئی اللہ کی رضا مندی کی ایسی بات کہتا ہے جس کے بارے میں وہ نہیں جانتا کہ اس کی وجہ سے اس کا مرتبہ کہاں تک پہنچے گا حالانکہ اللہ تعالیٰ اس کی اس بات کی وجہ سے اس کے حق میں اس دن تک کے لیے اپنی خوشنودی اور رضا مندی لکھ دیتا ہے جس دن وہ اس سے ملے گا، اور تم میں سے کوئی اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کی ایسی بات کہتا ہے جس کے بارے میں اسے گمان بھی نہیں ہوتا کہ اس کی وجہ سے اس کا وبال کہاں تک پہنچے گا جب کہ اللہ اس کی اس بات کی وجہ سے اس کے حق میں اس دن تک کے لیے ہے جس دن وہ اس سے ملے گا اپنی ناراضگی لکھ دیتا ہے
“ ۱؎۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے،
۲- اور اسے اسی طرح سے کئی لوگوں نے محمد بن عمرو سے اسی کے مثل روایت کیا ہے یعنی
«عن محمد بن عمرو عن أبيه عن جده عن بلال بن الحارث» کی سند سے،
۳- اس حدیث کو مالک نے
«عن محمد بن عمرو عن أبيه عن بلال بن الحارث» کی سند سے روایت کیا ہے لیکن اس میں
«عن أبيه» کا ذکر نہیں ہے،
۴- اس باب میں ام حبیبہ سے بھی روایت ہے۔
تخریج الحدیث: «سنن ابن ماجہ/الفتن 12 (3969) (تحفة الأشراف: 2028) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ فضول باتوں سے پرہیز کرنا چاہیئے، اور کوشش کرنی چاہیئے کہ حسب ضرورت مفید اور سچ بات زبان سے نکلے، بات کرتے وقت رضائے الٰہی پیش نظر رہے، کیونکہ وہ بات جو جھوٹ اور فضول ہو گی وہ اللہ کی ناراضگی کا باعث ہو گی۔
قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (3969)
سنن ترمذی کی حدیث نمبر 2319 کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2319
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ فضول باتوں سے پرہیزکرنا چاہئے،
اور کوشش کرنی چاہئے کہ حسب ضرورت مفید اورسچ بات زبان سے نکلے،
بات کرتے وقت رضائے الٰہی پیش نظررہے،
کیونکہ وہ بات جو جھوٹ اورفضول ہوگی وہ اللہ کی ناراضگی کا باعث ہوگی۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2319
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3969
´فتنہ میں زبان بند رکھنے کا بیان۔`
علقمہ بن وقاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ان کے سامنے سے ایک معزز شخص کا گزر ہوا، تو انہوں نے اس سے عرض کیا: آپ کا مجھ سے (دہرا رشتہ ہے) ایک تو قرابت کا، دوسرے مسلمان ہونے کا، میں آپ کو دیکھتا ہوں کہ آپ ان امراء کے پاس آتے جاتے اور ان سے حسب منشا باتیں کرتے ہیں، میں نے صحابی رسول بلال بن حارث مزنی رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے سنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی ایسی بات بولتا ہے جس سے اللہ خوش ہوتا ہے، اور اس کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس بات کا اثر کیا ہو گا، لیکن اس بات کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس کے حق میں قیامت تک کے لیے اپ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الفتن/حدیث: 3969]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
حکمرانوں سے تعلق رکھنے میں خطرہ ہے کہ ان کے غلط کاموں یا غلط باتوں کی تائید کرنی پڑے گی اس لیے احتیاط پسند بزرگ حکومتی عہدیداروں سے زیادہ میل جول پسند نہیں فرماتے۔
لیکن اگر کسی ضرورت مند یا مظلوم کی مدد کےلیے یا ان کی کسی غلطی پر تنبیہ کرنے کے لیے ان کے پاس جائیں توحرج نہیں۔
(2)
حکمران اپنے مشیروں سے متاثر ہوتے ہیں اس لیے انھیں غلط مشورہ دینے والا بہت بڑا مجرم ہے اور ان کے غلط اقدام میں شریک ہے۔
(3)
بعض اوقات ظاہری طور پر معمولی سمجھی جانے والی بات بہت دوررس اثرات رکھتی ہے، اس لیے معاشرے میں اہم مقام رکھنے والوں کو بہت مقام رکھنے والوں کو بہت احتیاط سے بات کرنی چاہیے۔
(4)
سیاست دان ہوں یا علماء یا افسران ان کی ذمہ داری بہت نازک ہے۔
اس کااحساس رہنا چاہیے۔
(5)
علمائے کرام کو چاہیے کہ جب حکومتی عہدے دار ان سے مشورے طلب کریں تو انھیں صحیح مشورہ دیں اور جب نصیحت کی درخواست کریں تو انھیں اللہ کی رضا کے لیے ایسی نصیحت کریں جس سے عام مسلمان کو فائدہ ہو۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3969
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:935
935- سیدنا بلال بن حارث مزنی رضی اللہ عنہ بیا ن کرتے ہیں: انہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کا پتہ چلا ہے۔ ”آدمی اللہ تعالیٰ کی ناراضگی سے متعلق کوئی بات کہتا ہے، جس کے بارے میں وہ یہ گمان نہیں کرتا کہ یہ بات کہاں تک جاسکتی ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کلمے کی وجہ سے قیامت کے دن تک کے لیے اس سے ناراضگی درج کرلیتا ہے۔ اور کوئی شخص اللہ تعالیٰ کی رضا مندی سے متعلق کوئی بات کہتا ہے اور اسے یہ گمان نہیں ہوتا کہ یہ بات کہاں تک جائے گی، تو اللہ تعالیٰ اس بات کی وجہ سے قیامت کے دن تک کے لیے اس شخص کے لیے رضا مندی درج کرلیتا ہے۔“ امام حمیدی کہتے ہیں: میرے نزدیک یہ روایت ان تک پہنچی ہے ج۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:935]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ہر بات سوچ سمجھ کر کرنی چاہیے، انسان کی زبان سے نکلنے والے ایک کلمے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ قیامت تک ناراض ہو جاتے ہیں، اور ایک کلمے ہی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ قیامت تک انسان سے راضی ہو جاتے ہیں، زندگی میں انسان پر دو وقت بڑی آزمائش کے ہوتے ہیں، ایک خوشی کا اور دوسراغمی کا۔ ان دو اوقات میں اکثر انسان ایسے کلمے کہہ بیٹھتے ہیں جو انسان کو کفر تک لے جاتے ہیں، اور ان دو وقتوں کے کہے ہوۓ کلمے پوری زندگی اس کے لیے وبال بن جاتے ہیں، اس موقع پر میں اپنے تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو نصیحت کروں گا کہ خاص کر خوشی اور غمی کے موقع پر زبان پر کنٹرول کریں۔ انسان کو ہر وقت صبر، ذکر اور شکر کی حالت میں رہنا چاہیے۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 934