Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

سنن ترمذي
كتاب الفتن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم
کتاب: ایام فتن کے احکام اور امت میں واقع ہونے والے فتنوں کی پیش گوئیاں
48. باب مَا جَاءَ فِي الْخِلاَفَةِ
باب: خلافت کا بیان۔
حدیث نمبر: 2226
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنِيعٍ، حَدَّثَنَا سُرَيْجُ بْنُ النُّعْمَانِ، حَدَّثَنَا حَشْرَجُ بْنُ نُبَاتَةَ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُمْهَانَ، قَالَ: حَدَّثَنِي سَفِينَةُ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " الْخِلَافَةُ فِي أُمَّتِي ثَلَاثُونَ سَنَةً ثُمَّ مُلْكٌ بَعْدَ ذَلِكَ "، ثُمَّ قَالَ لِي سَفِينَةُ: أَمْسِكْ خِلَافَةَ أَبِي بَكْرٍ، ثُمَّ قَالَ: وَخِلَافَةَ عُمَرَ، وَخِلَافَةَ عُثْمَانَ، ثُمَّ قَالَ لِي: أَمْسِكْ خِلَافَةَ عَلِيٍّ، قَالَ: فَوَجَدْنَاهَا ثَلَاثِينَ سَنَةً، قَالَ سَعِيدٌ: فَقُلْتُ لَهُ: إِنَّ بَنِي أُمَيَّةَ يَزْعُمُونَ أَنَّ الْخِلَافَةَ فِيهِمْ، قَالَ: كَذَبُوا بَنُو الزَّرْقَاءِ بَلْ هُمْ مُلُوكٌ مِنْ شَرِّ الْمُلُوكِ، قَالَ أَبُو عِيسَى: وَفِي الْبَابِ عَنْ عُمَرَ، وَعَلِيٍّ، قَالَا: لَمْ يَعْهَدِ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْخِلَافَةِ شَيْئًا، وَهَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ، قَدْ رَوَاهُ غَيْرُ وَاحِدٍ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُمْهَانَ، وَلَا نَعْرِفُهُ إِلَّا مِنْ حَدِيثِ سَعِيدِ بْنِ جُمْهَانَ.
سعید بن جمہان کہتے ہیں کہ ہم سے سفینہ رضی الله عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت میں تیس سال تک خلافت رہے گی، پھر اس کے بعد ملوکیت آ جائے گی، پھر مجھ سے سفینہ رضی الله عنہ نے کہا: ابوبکر رضی الله عنہ کی خلافت، عمر رضی الله عنہ کی خلافت، عثمان رضی الله عنہ کی خلافت اور علی رضی الله عنہ کی خلافت، شمار کرو ۱؎، راوی حشرج بن نباتہ کہتے ہیں کہ ہم نے اسے تیس سال پایا، سعید بن جمہان کہتے ہیں کہ میں نے سفینہ رضی الله عنہ سے کہا: بنو امیہ یہ سمجھتے ہیں کہ خلافت ان میں ہے؟ کہا: بنو زرقاء جھوٹ اور غلط کہتے ہیں، بلکہ ان کا شمار تو بدترین بادشاہوں میں ہے۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن ہے،
۲- کئی لوگوں نے یہ حدیث سعید بن جمہان سے روایت کی ہے، ہم اسے صرف سعید بن جمہان ہی کی روایت سے جانتے ہیں،
۳- اس باب میں عمر اور علی رضی الله عنہما سے بھی احادیث آئی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خلافت کے بارے میں کسی چیز کی وصیت نہیں فرمائی۔

تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/ السنة 9 (4646، 4647) (تحفة الأشراف: 4480)، و مسند احمد (5/221) (صحیح)»

وضاحت: ۱؎: مسند احمد میں سفینہ رضی الله عنہ سے ہر خلیفہ کے دور کی تصریح موجود ہے، اس تصریح کے مطابق ابوبکر رضی الله عنہ کی مدت خلافت دو سال، عمر رضی الله عنہ کی دس سال، عثمان رضی الله عنہ کی بارہ سال اور علی رضی الله عنہ کی چھ سال ہے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح، الصحيحة (459 و 1534 و 1535)

سنن ترمذی کی حدیث نمبر 2226 کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2226  
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
مسند احمد میں سفینہ رضی اللہ عنہ سے ہر خلیفہ کے دور کی تصریح موجود ہے،
اس تصریح کے مطابق ابوبکر رضی اللہ عنہ کی مدت خلافت دوسال،
عمر رضی اللہ عنہ کی دس سال،
عثمان رضی اللہ عنہ کی بارہ سال اور علی رضی اللہ عنہ کی چھ سال ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2226   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4646  
´خلفاء کا بیان۔`
سفینہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خلافت علی منہاج النبوۃ (نبوت کی خلافت) تیس سال رہے گی ۱؎، پھر اللہ تعالیٰ سلطنت یا اپنی سلطنت جسے چاہے گا دے گا سعید کہتے ہیں: سفینہ نے مجھ سے کہا: اب تم شمار کر لو: ابوبکر رضی اللہ عنہ دو سال، عمر رضی اللہ عنہ دس سال، عثمان رضی اللہ عنہ بارہ سال، اور علی رضی اللہ عنہ اتنے سال۔ سعید کہتے ہیں: میں نے سفینہ رضی اللہ عنہ سے کہا: یہ لوگ (مروانی) کہتے ہیں کہ علی رضی اللہ عنہ خلیفہ نہیں تھے، انہوں نے کہا: بنی زرقاء یعنی بنی مروان کے ۲؎ چوتڑ جھوٹ بولتے ہیں۔ [سنن ابي داود/كتاب السنة /حدیث: 4646]
فوائد ومسائل:
بنوزرقاء سے مراد بنو مروان ہیں زرقاء ان کے نسب میں آتی ہے جس کی یہ اولاد ہیں۔


پچھلے حصوں نے جھوٹ بولا ایک محاورہ ہے جو اپنے مفاد کے لیے من گھڑت بات پھیلانے والون کے بارے میں بولا جاتا ہے۔


مذکورہ بالا مدت خلفاء اربعہ حضرت ابوبکرٌحضرت عمر حضرت عثمان حضرت علی اور حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے دور خلافت کو محیط ہے۔
حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی خلافت دوسال تین مہینے اور دس دن حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی دس سال چھ مہینے اور آٹھ دن اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی گیارہ سال گیارہ مہینے اور نو دن حضرت علی رضی اللہ عنہ کی چار سال نو مہینے اور سات دن اور حضرت حسن رضی اللہ عنہ کی تقریباً سات مہینے ہے۔
حضرت حسن رضی اللہ عنہ نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئےخود ہی خلافت سے دست برداری اختیار کرکے خلافت حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے سپرد کردی اور یوں وہ اختلافات ختم ہوگئے جو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی مظلومانہ شہادت کے بعد قصاص عثمان کے مسئلے پر شروع ہوئے تھے جو بڑھتے بڑھتے باہمی جنگ اور خون یزی تک پہنچ گئے تھے۔
اس کے بعد حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ 20 سال تک خلیفہ رہے انہوں نے اندرونی شورش اور بد امنی کو بھی ختم کیااور بیرونی طور پر ان جہادی سرگرمیوں کا بھی پھر سے آغاز کیا جن کا سلسلہ آپس کے اختلافات کی وجہ سے منقطع ہوگیا تھا۔
اس اعتبار سے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کا یہ دور خلافت بھی اسلامی تاریخ کا ایک عہد زریں ہے۔
حدیث میں جو خلافت نبوت کا دور جو صرف 30 سال بتلایا گیا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ اتنے عرصے تک خلافت میں دنیوی اغراض ومقاصد اور شاہانہ شان و شوکت شامل نہیں ہوگی، لیکن اس کے بعد ان چیزوں کی کچھ آمیزش ہو جائے گی۔
یہ مطلب نہیں ہے کہ سرے سے خلافت یا اسلامی نظام حکومت ہی کا خاتمہ ہوجائے گا او صرف ملوکیت یا مطلق العنایت ہی باقی رہ جائے گی۔
ایسا الحمد للہ نہیں ہوا، بلکہ خلافت کچھ جزوی خرابیوں کے ساتھ باقی رہی۔
اور یہ تسلسل کم و بیش کے کچھ فرق کے ساتھ صدیوں تک قائم رہا تا آنکہ 1924 میں ترکی کے مصطفی کمال پاشا نے ادارہ خلافت کا خاتمہ کردیا۔
بعض لوگ اس حدیث کی بنیاد پر یہ دعوی کردیتے ہیں کہ اسلام کا سیاسی نظام صرف 30 سال چلا اور پھر ختم ہوگیا۔
یہ دعوی نہایت سطحی بھی ہے اور حقائق وواقعات کے خلاف بھی۔
اسلام کے سیاسی نظام یعنی ادارہ کلافت نے صدیوں تک دنیا میں حکمرانی کی ہے اور اس کے ذریعے سے اسلام اور مسلمانوں کی عظمت کا سکہ منوایا ہے۔
(تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو:راقم(حافظ صلاح الدین یوسف کی کتابؒ) خلافت و ملوکیت کی تاریخی و شرعی حیثیت) اس میں اسلام کے سیاسی نظام یعنی خلافت کے خدوخال بھی واضح کیے گیے ہیں اور مسلمان خلفاء وسلاطین کی بابت غلط پروپیگنڈے کی دبیز تہوں کو بھی صاف کیا گیا ہے۔

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4646