Note: Copy Text and paste to word file

صحيح البخاري
كِتَاب الصُّلْحِ
کتاب: صلح کے مسائل کا بیان
1. بَابُ مَا جَاءَ فِي الإِصْلاَحِ بَيْنَ النَّاسِ:
باب: لوگوں میں صلح کرانے کا ثواب۔
حدیث نمبر: 2691
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ، قَالَ: سَمِعْتُ أَبِي، أَنَّ أَنَسًا رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ:" قِيلَ لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَوْ أَتَيْتَ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ أُبَيٍّ، فَانْطَلَقَ إِلَيْهِ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَرَكِبَ حِمَارًا، فَانْطَلَقَ الْمُسْلِمُونَ يَمْشُونَ مَعَهُ وَهِيَ أَرْضٌ سَبِخَةٌ، فَلَمَّا أَتَاهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: إِلَيْكَ عَنِّي، وَاللَّهِ لَقَدْ آذَانِي نَتْنُ حِمَارِكَ، فَقَالَ رَجُلٌ مِنْ الْأَنْصَارِ مِنْهُمْ: وَاللَّهِ لَحِمَارُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَطْيَبُ رِيحًا مِنْكَ، فَغَضِبَ لِعَبْدِ اللَّهِ رَجُلٌ مِنْ قَوْمِهِ فَشَتَمَهُ، فَغَضِبَ لِكُلِّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا أَصْحَابُهُ، فَكَانَ بَيْنَهُمَا ضَرْبٌ بِالْجَرِيدِ وَالْأَيْدِي وَالنِّعَالِ"، فَبَلَغَنَا أَنَّهَا أُنْزِلَتْ وَإِنْ طَائِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اقْتَتَلُوا فَأَصْلِحُوا بَيْنَهُمَا سورة الحجرات آية 9".
ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا ہم سے معتمر نے بیان کیا، کہا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا گیا، اگر آپ عبداللہ بن ابی (منافق) کے یہاں تشریف لے چلتے تو بہتر تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے یہاں ایک گدھے پر سوار ہو کر تشریف لے گئے۔ صحابہ رضوان اللہ علیہم پیدل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے۔ جدھر سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم گزر رہے تھے وہ شور زمین تھی۔ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس کے یہاں پہنچے تو وہ کہنے لگا ذرا آپ دور ہی رہئیے آپ کے گدھے کی بو نے میرا دماغ پریشان کر دیا ہے۔ اس پر ایک انصاری صحابی بولے کہ اللہ کی قسم! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا گدھا تجھ سے زیادہ خوشبودار ہے۔ عبداللہ (منافق) کی طرف سے اس کی قوم کا ایک شخص اس صحابی کی اس بات پر غصہ ہو گیا اور دونوں نے ایک دوسرے کو برا بھلا کہا۔ پھر دونوں طرف سے دونوں کے حمایتی مشتعل ہو گئے اور ہاتھا پائی، چھڑی اور جوتے تک نوبت پہنچ گئی۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ یہ آیت اسی موقع پر نازل ہوئی تھی۔ «وإن طائفتان من المؤمنين اقتتلوا فأصلحوا بينهما‏» اگر مسلمانوں کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان میں صلح کرا دو۔
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 2691 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2691  
حدیث حاشیہ:
عبداللہ بن ابی خزرج کا سردار تھا، مدینہ والے اس کو بادشاہ بنانے کو تھے، آنحضرت ﷺ تشریف لائے اور یہ امر ملتوی رہا، لوگوں نے آپ کو یہ رائے دی کہ آپ اس کے پاس تشریف لے جائیں گے تو اس کی دلجوئی ہوگی اوربہت سے لوگ اسلام قبول کریں گے۔
پیغمبر مغرور نہیں ہوتے، آپ بلاتکلف تشریف لے گئے۔
مگر اس مردود نے جو اپنے آپ کو بہت نفیس مزاج سمجھتا تھا، آپ کے گدھے کو بدبودار سمجھا اور یہ گستاخانہ کلام کیا جو اس کے خبث باطنی کی دلیل تھا۔
ایک انصاری صحابی نے اس کو منہ توڑ جواب دیا جسے سن کر اس منافق کے خاندان کے کچھ لوگ طیش میں آگئے اور قریب تھا کہ باہم جنگ بپا ہوجائے، آنحضرت ﷺ نے ہر دو فریق میں صلح کرادی، آیت میں مسلمانوں میں صلح کرانے کا ذکر ہے۔
یہ ہر دو گروہ مسلمان ہی تھے۔
کتاب الصلح میں اس لیے اس حدیث کو حضرت امام ؒ نے درج کیا کہ آپس کی صلح صفائی کے لیے آنحضرت ﷺ کی سخت ترین تاکیدات ہیں اور یہ عمل عنداللہ بہت ہی اجروثواب کا موجب ہے۔
آیت مذکورہ فی الباب میں یہ ہے کہ مسلمانوں کے دو گروہ آپس میں لڑپڑیں تو ان میں صلح کرادو۔
مگر یہاں یہ اعتراض ہوتا ہے کہ آیت تو مسلمانوں کے بارے میں ہے اور عبداللہ بن ابی کے ساتھی تو اس وقت تک کافر تھے۔
قسطلانی نے کہا ابن عباس ؓ کی تفسیر میں ہے کہ عبداللہ بن ابی کے ساتھی بھی مسلمان ہوچکے تھے، آیت میں لفظ مومنین خود اس امر پر دلیل ہے۔
اہل اسلام کا باہمی قتل و قتال اتنا برا ہے کہ اس کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔
اللھم ألف بین قلوبنا وأصلح ذات بیننا بعض متعصب مقلد علماءنے اپنے مسلک کے سوا دوسرے مسلمانوں کے خلاف عوام میں اس قدر تعصب پھیلا رکھا ہے کہ وہ دوسرے مسلمانوں کو بالکل اجنبیت کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔
ایسے علماءکو خدا نیک سمجھ عطا کرے۔
آمین۔
خاص طور پر اہل حدیث سے بغض و عناد اہل بدعت کی نشانی ہے جیسا کہ حضرت شاہ عبدالقادر جیلانی ؒنے تحریر فرمایا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2691   

  الشيخ حافظ ابويحيي نورپوري حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 2691  
اشكال ازاله
ایک بھائی نے سوال کیا کہ صحیحین کی ایک حدیث جس میں صحابہ کرام اور منافق عبد اللہ بن ابی کے ساتھیوں میں ہونے والی لڑائی کا ذکر ہے، اس میں سورہ حجرات کی آیت نمبر 9 کے نزول کا تذکرہ ہے، حالانکہ اس آیت میں دو مؤمن گروہوں کی لڑائی کی بات ہے، جب کہ حدیث میں دوسرا گروہ منافقوں کا ہے۔
جواب:
صحیحین کی مرفوع ومتصل احادیث بالاجماع صحیح ہیں، لیکن جو ٹکڑا محل اعتراض ہے، وہ مرفوع نہیں، بلکہ مقطوع ہے۔ یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نہیں، معتمر بن سلیمان جو کہ صغار تبع تابعین میں سے ہیں، ان کا قول ہے۔
امام مہلب بن ابی صفرہ رحمہ اللہ (م 435 ھ) صحیح بخاری کی تہذیب المختصر النصیح میں لکھتے ہیں:
«وقال معتمر فى حديث أنس: فبلغنا أنها نزلت ... .»
پھر یہ قول بھی بلا اسناد ہے۔
معتمر بن سلیمان نے «فبلغنا» (ہمیں یہ بات پہنچی ہے) کے الفاظ سے اس کا اظہار بھی کیا ہے۔
ائمہ دین نے اس حدیث کی شرح میں یہ بھی ذکر کیا ہے کہ یہ اس دور کا واقعہ ہے جب عبد اللہ بن ابی نے اوپر اوپر سے بھی اسلام قبول نہیں کیا تھا، تو یہ آیت اس کے گروہ پر کیسے منطبق ہو سکتی ہے؟
لہذا سورہ حجرات کی آیت نمبر 9 کا منافقین کے گروہ سے کوئی تعلق نہیں،
سو یہ اشکال ختم ہوا۔
   مذید تشریحات، حدیث/صفحہ نمبر: 0   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2691  
حدیث حاشیہ:
(1)
عبداللہ بن ابی قبیلۂ خزرج کا سردار تھا۔
اہل مدینہ نے اسے مشترکہ طور پر اپنا رئیس بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا اور اس کی تاج پوشی کے لیے وقت بھی طے ہو چکا تھا۔
رسول اللہ ﷺ کی مدینہ طیبہ تشریف آوری کی وجہ سے اس رسم تاج پوشی کو عمل میں نہ لایا جا سکا۔
رسول اللہ ﷺ کو مشورہ دیا گیا کہ اگر آپ اس کے پاس تشریف لے جائیں گے تو اس کی دلجوئی ہو گی۔
شاید وہ اپنے ساتھیوں سمیت مسلمان ہو جائے۔
اس بنا پر آپ بلاتکلف وہاں چلے گئے، پھر وہاں جو کچھ ہوا وہ حدیث میں مذکور ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فریقین کے درمیان صلح کرا دی۔
یہ دونوں گروہ مسلمان تھے جیسا کہ آیت کریمہ سے معلوم ہوتا ہے۔
درج ذیل حدیث میں مزید تفصیل ہے۔
حضرت اسامہ بن زید ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر پالان رکھا ہوا تھا اور آپ کے نیچے مقام فدک کی بنی ہوئی ایک مخملی چادر بچھی ہوئی تھی۔
آپ نے اس سواری پر اپنے پیچھے حضرت اسامہ بن زید ؓ کو بٹھایا۔
آپ حارث بن خزرج قبیلے میں حضرت سعد بن عبادہ ؓ کی تیمارداری کرنا چاہتے تھے۔
یہ غزوۂ بدر سے پہلے کا واقعہ ہے۔
اس دوران میں رسول اللہ ﷺ ایک مجلس پر سے گزرے جس میں مسلمان، بت پرست مشرک اور یہودی سب شریک تھے۔
اس میں عبداللہ بن ابی ابن سلول بھی تھا۔
وہاں حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ بھی موجود تھے۔
جب مجلس پر سواری کا گردوغبار پڑا تو عبداللہ بن ابی نے اپنی چادر سے اپنی ناک چھپاتے ہوئے کہا:
ہمارے اوپر غبار نہ اڑاؤ۔
اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے اتر کر سلام کیا اور وہاں رُک گئے، انہیں اللہ کی طرف بلایا اور انہیں قرآن مجید پڑھ کر سنایا۔
عبداللہ بن ابی بولا:
صاحب! یہ اچھی بات نہیں ہے۔
اگر تم صحیح کہتے ہو تو ہماری مجلسوں میں آ کر تکلیف نہ دیا کرو۔
اپنے گھر جاؤ، ہم میں سے جو تمہارے پاس آئے اسے تبلیغ کرو۔
رد عمل کے طور پر حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ نے کہا:
اللہ کے رسول! آپ ہماری مجالس میں تشریف لایا کریں کیونکہ ہم اسے پسند کرتے ہیں۔
پھر مسلمانوں، مشرکوں اور یہودیوں میں اس بات پر تو تو میں میں ہونے لگی۔
قریب تھا کہ ایک دوسرے پر حملہ کر دیں، لیکن رسول اللہ ﷺ انہیں مسلسل خاموش کراتے رہے یہاں تک کہ وہ خاموش ہو گئے۔
اس کے بعد آپ اپنی سواری پر بیٹھ کر حضرت سعد بن عبادہ ؓ کے ہاں تشریف لے گئے۔
آپ نے ان سے فرمایا:
سعد! تم نے سنا ہے آج ابو حباب نے کیا بات کہی ہے؟ آپ کا اشارہ عبداللہ بن ابی اور اس کی باتوں کی طرف تھا۔
حضرت سعد ؓ نے عرض کی:
اللہ کے رسول! اسے معاف کر دیں اور اس سے درگزر فرمائیں۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کو حق دیا ہے جو آپ کے شایانِ شان تھا۔
واقعہ یہ ہے کہ اس بستی (مدینہ طیبہ)
کے لوگ (آپ کی تشریف آوری سے پہلے)
اس کی تاج پوشی اور دستار بندی پر متفق ہو گئے تھے لیکن جب اللہ تعالیٰ نے اس منصوبے کو اس حق کی وجہ سے ختم کر دیا جو اس نے آپ کو عطا فرمایا ہے تو اسے حسد ہو گیا ہے۔
اس وجہ سے اس نے یہ کردار ادا کیا ہے جو آپ نے ملاحظہ فرمایا، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے اسے رفع دفع کر دیا۔
(صحیح البخاري، الاستئذان، حدیث: 6254) (2)
اس مقام پر ایک مشہور سوال ہے کہ حدیث مذکور کے مطابق جھگڑا صحابۂ کرام ؓ اور عبداللہ بن ابی کے ساتھیوں کے درمیان ہوا تھا جبکہ اس وقت عبداللہ بن ابی اور اس کے ساتھی مسلمان نہیں ہوئے تھے، لہذا یہ صلح اہل ایمان کے مابین تصور نہیں ہو گی۔
اس کا جواب اس طرح دیا گیا ہے کہ حضرت ابن عباس ؓ کی تفسیر کے مطابق عبداللہ بن ابی کی قوم سے کچھ لوگ مسلمان تھے، انہوں نے عصبیت کی بنا پر عبداللہ بن ابی کی مدد کی تھی۔
(عمدة القاري: 575/9)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2691   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4661  
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے گزارش کی گئی، اے کاش! آپﷺ عبداللہ بن ابی کے پاس جائیں، (اس کو اسلام کی دعوت دیں) تو آپﷺ گدھے پر سوار ہو کر اس کی طرف چل پڑے اور مسلمان بھی چل پڑے، وہ زمین شوریلی تھی، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس پہنچے، وہ کہنے لگا، مجھ سے دور ہو جائیے، اللہ کی قسم، مجھے تیرے گدھے کی بو نے اذیت پہنچائی ہے تو ایک انصاری آدمی نے کہا، اللہ کی قسم! رسول اللہ صلی... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4661]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ نے جو واقعہ بیان کیا ہے،
اس میں اصل مقصود حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ تعالی عنہ کی عیادت تھی اور راستہ میں گزر عبداللہ بن ابی کے پاس سے ہوا،
یہاں اصل مقصود،
عبداللہ بن ابی کو دعوت اسلام دینا تھا،
کیونکہ وہ خزرج کا سردار تھا اور اس کا اپنے قبیلہ پر اثر تھا،
اس کے ایمان لانے کی صورت میں پورا قبیلہ مسلمان ہو جاتا اور اس واقعہ میں وہاں یہود اور مشرک موجود نہ تھے،
عبداللہ بن ابی کے قبیلہ کے لوگ ہی تھے اور جو مسلمان لیکن اس کے تمرد کی بنا پر،
جب ایک مسلمان نے اس کی بدکلامی کا جواب دیا تو خاندانی غیرت کی بنا پر،
اس کے خاندان کا ایک مسلمان آدمی بھڑک اٹھا،
اس طرح باہمی اسلام کے نام لیواؤں میں جوتوں اور مکوں کا تبادلہ شروع ہوگیا اور حضرت انس رضی اللہ عنہ کا یہ کہنا کہ ہمیں یہ بات پہنچی ہے کہ سورۃ حجرات کی آیت نمبر (9)
اس سلسلہ میں اتری،
اس کا مقصد یہ ہے،
اس واقعہ پر بھی یہ آیت صادق آتی ہے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہ (نزلت كذا)
کا لفظ اس صورت میں بھی استعمال کر لیتے تھے،
جب آیت کسی اور وقت اتری ہوتی،
لیکن وہ دوسرے واقعہ پر بھی چسپاں ہوتی،
کیونکہ سورہ حجرات کا نزول تو بہت بعد میں ہوا ہے،
جب کہ وفود کی آمد شروع ہوگئی تھی اور وفود کی عام آمد فتح مکہ کے بعد شروع ہوئی،
الا یہ کہ یہ مان لیا جائے اس کا نزول بہت پہلے ہوگیا تھا۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4661