سنن نسائي
كتاب الوصايا
کتاب: وصیت کے احکام و مسائل
10. بَابُ : النَّهْىِ عَنِ الْوِلاَيَةِ، عَلَى مَالِ الْيَتِيمِ
باب: یتیم کے مال کی تولیت (ذمہ داری) لینے سے پرہیز کرنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 3697
أَخْبَرَنَا الْعَبَّاسُ بْنُ مُحَمَّدٍ، قَالَ: حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يَزِيدَ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي أَيُّوبَ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي جَعْفَرٍ، عَنْ سَالِمِ بْنِ أَبِي سَالِمٍ الْجَيْشَانِيِّ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ أَبِي ذَرٍّ، قَالَ: قَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" يَا أَبَا ذَرٍّ إِنِّي أَرَاكَ ضَعِيفًا، وَإِنِّي أُحِبُّ لَكَ مَا أُحِبُّ لِنَفْسِي لَا تَأَمَّرَنَّ عَلَى اثْنَيْنِ وَلَا تَوَلَّيَنَّ عَلَى مَالِ يَتِيمٍ".
ابوذر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”ابوذر! میں تمہیں کمزور دیکھتا ہوں اور تمہارے لیے وہی چیز پسند کرتا ہوں جو اپنے لیے پسند کرتا ہوں (لہٰذا تم) دو آدمیوں کا بھی سردار نہ بننا اور نہ یتیم کے مال کا والی بننا“ ۱؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الإمارة 4 (1826)، سنن ابی داود/الوصایا 4 (2868)، (تحفة الأشراف: 11919)، مسند احمد (5/180) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: اس لیے کہ یہ دونوں بڑے اہم اور ذمہ داری کے کام ہیں اگر آدمی سنبھال نہ پائے تو خود عذاب و عقاب کا مستحق بن جائے گا۔
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: صحيح مسلم
سنن نسائی کی حدیث نمبر 3697 کے فوائد و مسائل
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3697
اردو حاشہ:
(1) یتیم کے مال کی سرپرستی چونکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے جس میں فریق ثانی کی طرف سے مزاحمت یا نگرانی کا خطرہ نہیں ہوتا‘ لہٰذا یہ انتہائی ہمدردی‘ اللہ کے ڈر بلکہ ایثار کی متقاضی ہے۔ ہر آدمی اس مرتبے کا نہیں ہوتا‘ لہٰذا اس میں جلد بازی یا پیش کش سے روکا گیا ہے‘ البتہ اگر کسی پر یہ ذمہ داری مجبوراً آن پڑے تو اسے سرانجام دینی ہوگی۔ جو شخص اس کے تقاضے پورے نہ کرسکے‘ وہ اس سے انکار کردے۔
(2) ”کمزور“ یعنی تجھ میں امارت وسیادت اور سربراہی کے اوصاف کمزور ہیں۔ بعد کے واقعات نے اس کا ثبوت مہیا کردیا‘ مثلاً: تمام صحابہ سے اختلاف رائے‘ خلیفۂ راشد سے اختلاف‘ مال رکھنے اور بیت المال قائم کرنے کے مسئلے میں ان کا مسلک تمام صحابہ سے جداگانہ تھا۔ اسی بنا پر انہیں زندگی کے آخری دن ربذہ میں گزارنے پڑے۔ اگرچہ وہ انتہائی زاہد اور نیک شخص تھے مگر امارت اس سے مختلف چیز ہے۔ ضروری نہیں کہ جو شخص انتہائی نیک ہو‘ وہ امارت وسیادت کا بھی اتنا ہی اہل ہو‘ لہٰـذا آپ نے انہیں امارت سے منع فرما دیا۔
(3) ”سرپرست نہ بننا“ کیونکہ جو شخص مطلقاً مال جمع رکھنے کا قائل نہ ہو‘ ممکن ہے وہ اسی جوش میں یتیم کا مال بھی صدقہ کردے۔ رَضِيَ اللّٰہُ عَنْهُ وَأَرْضَاہُ۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3697
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2868
´وصی بننا اور ذمہ داری قبول کرنا کیسا ہے؟`
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”اے ابوذر! میں تمہیں ضعیف دیکھتا ہوں اور میں تمہارے لیے وہی پسند کرتا ہوں جو میں اپنے لیے پسند کرتا ہوں، تو تم دو آدمیوں پر بھی حاکم نہ ہونا، اور نہ یتیم کے مال کا ولی بننا ۱؎۔“ ابوداؤد کہتے ہیں: اس حدیث کی روایت کرنے میں اہل مصر منفرد ہیں۔ [سنن ابي داود/كتاب الوصايا /حدیث: 2868]
فوائد ومسائل:
بلاشبہ کسی قوم کا ولی قاضی اور سربراہ بننا اور ایسے ہی یتیم کا سرپرست اور ذمہ دار ہونا لوگوں کے ہاں اور پھر اللہ کے ہاں بھی سخت باز پرس کا مقام ہے۔
جو شخص ان ذمہ داریوں کو اٹھائے تو چاہیے کہ لوگوں کا اور اللہ کا حق ادا کرنے میں کوتاہی نہ کرے۔
اور جو اپنے آپ کو کمزور پائے تو وہ ابتدائی طور پر ہی ایسی ذمہ داری سے معذرت کرلے تاکہ دنیا اورآخرت میں رسوائی نہ ہو۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2868