أَخْبَرَنَا عَمْرُو بْنُ مَنْصُورٍ النَّسَائِيُّ، قال: حَدَّثَنَا الْمُعَلَّى بْنُ أَسَدٍ، قال: حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ طَاوُسٍ، عَنْ أَبِيهِ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" أُمِرْتُ أَنْ أَسْجُدَ عَلَى سَبْعَةِ أَعْظُمٍ عَلَى الْجَبْهَةِ وَأَشَارَ بِيَدِهِ عَلَى الْأَنْفِ وَالْيَدَيْنِ وَالرُّكْبَتَيْنِ وَأَطْرَافِ الْقَدَمَيْنِ".
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 234
´نماز کی صفت کا بیان`
«. . . وعن ابن عباس رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: «أمرت أن أسجد على سبعة أعظم: على الجبهة - وأشار بيده إلى أنفه - واليدين والركبتين وأطراف القدمين» . متفق عليه. . . .»
”. . . سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” مجھے سات ہڈیوں (اعضاء) پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔“ اپنے دست مبارک سے اشارہ کر کے فرمایا ” پیشانی و ناک پر اور دونوں ہاتھوں اور دونوں گھٹنوں اور دونوں قدموں پر۔“ (بخاری و مسلم) . . .“ [بلوغ المرام/كتاب الصلاة/باب صفة الصلاة: 234]
لغوی تشریح:
«أُمِرْتُ» صیغہ مجہول ہے۔ حکم صادر فرمانے والا اللہ تعالیٰ ہے۔
«أَعْظُمٍ» ”ظا“ پر ضمہ ہے، «عَظْمٌ» کی جمع ہے۔ اور ناک کی جانب اشارہ اس بات کی دلیل ہے کہ پیشانی اصل ہے اور ناک اس کے تابع ہے۔ حدیث مذکور اس پر دلالت کرتی ہے کہ مذکورہ بالا سات اعضاء پر اکٹھے سجدہ کرنا واجب ہے، اس لیے کہ امر وجوب کے لیے آتا ہے۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ پیشانی اور ناک دونوں مل کر ایک عضو ہے۔ اگر انہیں الگ الگ عضو شمار کیا جائے تو یہ آٹھ اعضاء بن جاتے ہیں، اس لیے ان دونوں کو ایک ہی عضو شمار کیا جانا چاہیے۔ امام مالک، امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اور امام شافعی رحمہم اللہ تینوں امام اور امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے شاگردان رشید: امام ابویوسف اور امام محمد رحمہما اللہ بھی اس کے قائل ہیں کہ اگر کوئی شخص صرف پیشانی یا صرف ناک زمین پر رکھ کر سجدہ کرے تو یہ سجدہ ناتمام متصور ہو گا بلکہ اسے سجدہ ہی شمار نہیں کیا جائے گا۔ اس کے برعکس امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ یہ دونوں الگ الگ عضو ہیں۔ ان میں سے کوئی ایک عضو اگر زمین پر رکھا گیا تو سجدہ ہو جائے گا اور کسی قسم کا کوئی نقص نہیں رہے گا۔ لیکن ایک تو یہ اکثریت کے خلاف ہے کیونکہ تین امام اور دو مزید حنفی امام ایک طرف اور امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ تنہا ایک طرف۔ پھر یہ مذکورہ بالا حدیث کے بھی خلاف ہے، اس لیے امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی رائے کمزور ہے۔
➋ مصنف ابن ابی شیبہ میں سیدنا عکرمہ رحمہ اللہ سے مرسلاً مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا گزر ایک ایسے نمازی کے پاس سے ہوا جس کی ناک زمین پر نہیں لگ رہی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس کسی کی پیشانی اور ناک زمین پر نہ لگے اس کی تو نماز ہی نہیں ہوتی۔“ [المصنف لابن ابي شيبه: 2356، رقم: 2695] یعنی ناک اور پیشانی دونوں کا حالت سجدہ میں زمین پر لگنا ضروری ہے۔ خلاصہ گفتگو یہ ہے کہ سجدہ ساتوں اعضاء پر کیا جانا چاہیے ورنہ سجدہ صحیح نہیں ہو گا۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 234
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 889
´اعضائے سجود کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے سات اعضاء پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حماد بن زید کی روایت میں ہے: تمہارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سات اعضاء پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اور یہ کہ آپ نہ بال سمیٹیں اور نہ کپڑا۔“ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 889]
889۔ اردو حاشیہ:
سجدے میں اپنے سر یا داڑھی کے بالوں کو مٹی سے بچاتے ہوئے سمیٹنا درست نہیں اور ایسے ہی کپڑوں کو بھی نہیں سمیٹنا چاہیے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 889
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1094
´کتنے اعضاء پر سجدہ کرے؟`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیا گیا کہ آپ سات اعضاء ۱؎ پر سجدہ کریں، اور اپنے بال اور کپڑے نہ سمیٹیں ۲؎۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1094]
1094۔ اردو حاشیہ:
➊ سات اعضاء، یعنی دو ہاتھ، دو گھٹنے، دو پاؤں اور چہرہ، یعنی پیشانی (ناک سمیت) یہ سب اعضاء زمین پر لگنے چاہئیں۔ تھوڑی دیر کے لیے کوئی عضو کسی وجہ سے اٹھ جائے تو الگ بات ہے۔ مجموعی طور پر سجدہ ان سات اعضاء کے ساتھ ہونا چاہیے۔
➋ سجدے میں جاتے وقت بال یا کپڑوں کو مٹی سے بچانے کے لیے اکٹھا نہیں کرنے چاہئیں بلکہ انہیں زمین پر لگنے دیں۔ اس سے عاجزی پیدا ہو گی، تکبر کی نفی ہو گی، نیز وہ بھی سجدہ کرتے ہیں، اکٹھا کرنے سے ان کا سجدہ نہیں ہو گا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1094
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1097
´ناک پر سجدہ کرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ سات اعضاء: پیشانی اور ناک، دونوں ہتھیلی، دونوں گھٹنے، اور دونوں پیر پر سجدہ کروں، اور بال اور کپڑے نہ سمیٹوں۔“ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1097]
1097۔ اردو حاشیہ: اس حدیث میں ماتھا اور ناک ایک عضو شمار کیے گئے ہیں۔ گویا دونوں مل کر ایک عضو بنتے ہیں کیونکہ دونوں ایک عضو، یعنی چہرے کے اجزا ہیں، لہٰذا دونوں کو زمین پر لگنا چاہیے۔ امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک دونوں میں سے کسی ایک کا لگنا کافی ہے کیونکہ کوئی عضو بھی مکمل تو لگ نہیں سکتا، کچھ حصہ ہی لگتا ہے۔ جب یہ دونوں ایک عضو ہیں تو پھر ان دونوں میں سے کسی ایک کا کچھ حصہ لگنا کافی ہے مگر احادیث اس موقف کی تائید نہیں کرتیں۔ صحیح بات یہی ہے کہ دونوں کو لگنا چاہیے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1097
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1099
´دونوں گھٹنوں پر سجدہ کرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سات اعضاء پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا، اور بالوں اور کپڑوں کو سمیٹنے سے روکا گیا: اپنی دونوں ہتھیلیوں، دونوں گھٹنے اور انگلیوں کے سروں پر۔ سفیان کہتے ہیں: ابن طاؤس نے اپنے دونوں ہاتھ پیشانی پر رکھے، اور انہیں اپنی ناک پر گزارا، اور کہا: یہ سب ایک ہے۔ امام نسائی کہتے ہیں: یہ الفاظ محمد بن منصور کے ہیں۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1099]
1099۔ اردو حاشیہ: امام نسائی رحمہ اللہ رحمہ نے یہ روایت دو استادوں سے سنی۔ ایک محمد بن منصور اور دوسرے عبداللہ بن محمد ہیں۔ روایت میں بیان کردہ الفاظ محمد بن منصور کے ہیں۔ عبداللہ بن محمد کے الفاظ اس سے کچھ مختلف ہو سکتے ہیں، اگرچہ معنیٰ دونوں کے ایک ہی ہیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1099
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1114
´سجدہ میں بال سمیٹنے کی ممانعت۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں سات اعضاء پر سجدہ کروں، اور بال اور کپڑے نہ سمیٹوں۔“ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1114]
1114۔ اردو حاشیہ: عرب لوگ عموماً سر کے بال بڑے رکھتے تھے اور کھلی آستینوں والی قمیص پہنتے تھے۔ سجدے میں جاتے تو بالوں اور آستینوں کو مٹی سے بچانے کے لیے یعض لوگ بالوں کو بار بار سمیٹتے اور انہیں اکٹھا کرتے یا انہیں سر پر گچھے کی صورت میں باندھ لیتے۔ اسی طرح وہ آستینیں چڑھا لیتے چونکہ یہ غیر ضروری حرکت ہے جو نماز میں منع ہے، لہٰذا اس سے روک دیا گیا، البتہ اگر پہلے سے بال باندھ لیے گئے ہوں یا آستینیں چڑھالی گئی ہوں اور نماز کے دوران میں کچھ نہ کیا جائے تو بعض علماء کے نزدیک جائز ہے مگر اگلی حدیث ان کے موقف کی تردید کرتی ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ نماز میں مٹی سے بچنے کی قصداً کوشش کرنا تکبر کے ذیل میں آتا ہے بلکہ ہر عضو کو جو زمین پر لگتا ہے، لگنے دے۔ مٹی کا لگنا تکبر کی نفی ہے اور طبیعت میں تواضع پیدا ہوتی ہے ورنہ نمازی کس کس چیز کو مٹی سے بچائے گا؟ چہرے کو؟ ہاتھوں کو؟ گھٹنوں کو؟ پاؤں کو؟ ازار کو؟ پگڑی کو؟ مٹی تو ضرور ہی لگے گی۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1114
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1116
´سجدے میں کپڑا نہ سمیٹنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اور بال اور کپڑے سمیٹنے سے منع کیا گیا ہے۔ [سنن نسائي/كتاب التطبيق/حدیث: 1116]
1116۔ اردو حاشیہ: اگر کپڑا پہلے سے اکٹھا کیا ہوا ہے جیسا نماز سے قبل آستینیں چڑھائی جائیں تو بعض علماء کے نزدیک کوئی حرج نہیں لیکن حدیث کے الفاظ میں اس مفہوم کی گنجائش نہیں ہے، لہٰذا پہلے بھی ایسے نہ کیا جائے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1116
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث883
´نماز میں سجدے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔“ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 883]
اردو حاشہ:
”سات ہڈیوں“ سے مراد جسم کےسات اعضاء ہیں جن کی وضاحت اگلی حدیث میں ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 883
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث884
´نماز میں سجدے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں سات (اعضاء) پر سجدہ کروں، اور بالوں اور کپڑوں کو نہ سمیٹوں۔“ ابن طاؤس کہتے ہیں کہ (وہ سات اعضاء یہ ہیں): دونوں ہاتھ، دونوں گھٹنے، دونوں قدم، اور وہ پیشانی و ناک کو ایک شمار کرتے تھے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 884]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
سات اعضاء پرسجدہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ سجدے میں یہ ساتوں اعضاء زمین پر لگنے چاہییں۔
(2)
ناک اور ماتھے کو ایک اعضاء اس لئے شمار کیا گیا کیونکہ اگلی حدیث میں اس کےلئے ”چہرے“ کا لفظ آیا ہے۔
(3)
سجدہ کرتے وقت اگر بال زمین پر لگتے ہوں تو پرواہ نہیں کرنی چاہیے۔
بالوں کپڑوں وغیرہ کو زمین پر موجود معمولی سی گردوغبار سے بچانے کی کوشش میں سجدے اور اس کے اذکار کی طرف توجہ نہیں رہتی۔
جو نماز میں نقص کا باعث ہے۔
(4)
بالوں کوسمیٹنے کا مطلب اس کا جوڑا بنانا بھی ہے۔
جو نماز میں منع ہے عورتوں کو بھی چاہیے کہ نماز میں چوٹی کو جوڑے کی طرح نہ لپیٹیں۔
بلکہ لٹکی رہنے دیں۔
(5)
وضو کرنے کےلئے قمیض وغیرہ کے جو بازو چڑھائے گئے ہوں نماز شروع کرنے سے پہلے انھیں کھول لیا جائے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 884
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1040
´نماز میں بال اور کپڑے سمیٹنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں نماز میں بالوں اور کپڑوں کو نہ سمیٹوں“ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1040]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل:
(1)
بال سمیٹنے کامطلب یہ ہے کہ انھیں اکھٹا کرکے اس طرح جوڑا بنا لیا جائے۔
جس طرح عورتیں جوڑا بنا لیتی ہیں۔
نماز میں اس طرح کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
اگر پہلے سے جوڑا بنایا ہوا ہوتو کھول کر نماز پڑھیں۔
(2)
کپڑے سمیٹنے کا مفہوم یہ ہے کہ سجدہ کرتے وقت کپڑوں کو مٹی سے بچانے کےلے سمیٹنے کی کوشش کرنا مناسب نہیں۔
(3)
حدیث کے ظاہر الفاظ سے تو معلوم ہوتا ہے کہ نماز کی حالت میں یہ کام ممنوع ہیں۔
لیکن سلف نے کہا ہے کہ نماز شروع کرنے سے پہلے بھی بال اکھٹے ہوں یا کپڑے سمٹے ہوئے ہوں تو انھیں کھول دیا جائے اور پھر نمازشروع کی جائے۔ (المرعاة وإنجاز الحاجة)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1040
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:500
500- سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ حکم دیا گیا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سات اعضاء پر سجدہ کریں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بات سے منع کیا گیا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم (نماز کے دوران) اپنے بالوں، یا کپڑوں کو سمیٹیں۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:500]
فائدہ:
اس حدیث میں سجدے کے سات اعضاء بیان کیے گئے ہیں۔ حدیث نمبر (501) میں ان کی تفصیل موجود ہے، سجدے میں یہ سات کے سات اعضاء ہی زمین پر لگنے چاہئیں بعض لوگ ناک کو زمین پر نہیں لگاتے، حالانکہ ناک زمین پر لگانا واجب ہے۔ اس حدیث میں نماز میں بالوں کا جوڑا بنا کر سر کے اوپر باندھنے سے منع کیا گیا ہے، اور نماز میں کپڑوں کو اکٹھا کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے، بعض لوگ نماز میں اپنے کپڑوں اور بالوں کو سنوارتے رہتے ہیں جو کہ درست نہیں ہے۔
سجدے کے اعضاء کی فضیلت کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جہنمیوں میں سے جن پر اللہ تعالیٰ رحم فرمانا چاہیں گے تو ملائکہ کو حکم دیں گے کہ جو خالص اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے تھے، انھیں باہر نکالو، چنانچہ وہ ان کو باہر نکالیں گے، اور موحدوں کو سجدے کے آثار سے ہی پہچانیں گے، اللہ تعالیٰ نے جہنم پر سجدے کے آ ثار کو جلا نا حرام کر دیا ہے، چنانچہ جب یہ جہنم سے نکالے جائیں گے تو آثار سجدہ کے علاوہ ان کے جسم کے تمام حصوں کو آگ جلا چکی ہو گی، اس لیے ان پر آب حیات ڈالا جائے گا، جس سے وہ اس طرح ابھریں گے جیسے قدرتی بیچ پانی کے بہاؤ میں اگتا ہے۔ [صحيح البخاري كتاب الآذان باب فضل السجود: 806]
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 500
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1095
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ کو سات اعضاء پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا اور بالوں اور کپڑوں کے سمیٹنے سے منع کیا گیا، یہ یحییٰ کی حدیث ہے، اور ابو ربیع نے کہا: سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا، اور اپنے بالوں اور اپنے کپڑوں کو اکٹھا یا جمع کرنے سے منع کیا گیا، دونوں ہتھیلیاں، دونوں گھٹنے، دونوں قدم اور پیشانی پر۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1095]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
أَن يَّكُفَّ:
كف روکنا،
یا زمین پر گرنے سے سمیٹنا اور اکٹھا کرنا۔
اور کفت کا معنی بھی جمع کرنا اور سمیٹنا ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1095
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 815
815. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ نبی ﷺ کو سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا، نیز یہ بھی کہا گیا کہ آپ دوران نماز میں اپنے بالوں اور کپڑوں کو نہ سمیٹیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:815]
حدیث حاشیہ:
شارحین لکھتے ہیں:
ومناسبة ھذہ الترجمة لأحکام السجود من جھة أن الشعر یسجد مع الرأس إذا لم یکف أو یلف۔
یعنی باب اور حدیث میں مطابقت یہ ہے کہ جب بالوں کو لپیٹا نہ جاے تو وہ بھی سر کے ساتھ سجدہ کرتے ہیں۔
جیسے دوسری روایت میں ہے سنن ابو داؤد میں مرفوعاً روایت ہے کہ بالوں کے جوڑے پر شیطان بیٹھ جاتا ہے سات اعضاءجن کا سجدہ میں زمین پر لگنا فرض ہے۔
ان کا تفصیلی بیان تیسرے پارے میں گزر چکا ہے
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 815
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 816
816. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں سات ہڈیوں پر سجدہ کروں اور دوران نماز میں اپنے بالوں کو نہ سمیٹوں اور نہ کپڑوں ہی کو اکٹھا کروں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:816]
حدیث حاشیہ:
مطلب یہ ہے کہ نماز پورے انہماک اور استغراق کے ساتھ پڑھی جائے۔
سر کے بال اگر اتنے بڑے ہیں کہ سجدہ کے وقت زمین پر پڑجائیں یا نماز پڑھتے وقت کپڑے گرد آلود ہو جائیں تو کپڑے اور بالوں کو گرد وغبار سے بچانے کے لیے سمیٹنا نہ چاہیے کہ یہ نماز میں خشوع اور استغراق کے خلاف ہے۔
اور نماز کی اصل روح خشوع حضوع ہی ہے جیسا کہ قرآن شریف میں ہے ﴿قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ هُمْ فِي صَلَاتِهِمْ خَاشِعُونَ﴾ ”یعنی مومن وہ ہیں جو خشوع کے ساتھ دل لگا کر نماز پڑھتے ہیں۔
“ دوسری آیت ﴿حَافِظُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ وَالصَّلَاةِ الْوُسْطَى وَقُومُوا لِلَّهِ قَانِتِينَ﴾ ”کا بھی یہی تقاضا ہے یعنی نمازوں کی حفاظت کرو خاص طور پر درمیان والی نمازکی اور اللہ کے لیے فرمانبردار بندے بن کر کھڑے ہو جاؤ۔
“ یہاں بھی قنوت سے خشوع وخضوع ہی مراد ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 816
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:810
810. حضرت ابن عباس ؓ ہی سے مروی ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم سات ہڈیوں پر سجدہ کریں، نیز اس دوران میں اپنے بالوں اور کپڑں کو نہ سمیٹیں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:810]
حدیث حاشیہ:
ان احادیث کا حاصل یہ ہے کہ ساتوں اعضائے سجدہ بھی نمازی ہیں، یہ نہیں کہ سجدہ تو نماز پڑھنے والا کرتا ہے اور مذکورہ اعضاء اس کے سجدے کے لیے صرف معاون اور ذریعہ ہیں۔
یہ بھی معلوم ہوا کہ نمازی کے بال بھی سجدہ کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ دوران نماز میں کپڑوں اور بالوں کو سمیٹنے سے منع فرمایا گیا ہے لیکن کپڑے سمیٹنے کی ممانعت کو عام اور مطلق نہ سمجھا جائے کیونکہ اگر ستر کھلنے کا اندیشہ ہو تو کپڑوں کو سمیٹا جا سکتا ہے۔
دراصل پیشانی کا زمین پر رکھنا ہی سجدہ ہے اور ناک بھی پیشانی میں داخل ہے، لہٰذا ناک اور پیشانی دونوں کا زمین پر رکھنا ضروری ہے، چنانچہ بعض روایات میں پیشانی کی صراحت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ نے ناک کی طرف بھی اشارہ فرمایا ہے۔
(صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 812)
اس سے معلوم ہوا کہ پیشانی اور ناک بمنزلہ وضو واحد ہیں۔
اگر انہیں الگ الگ شمار کیا گیا تو اعضائے سجدہ کی تعداد سات نہ رہے گی بلکہ آٹھ ہو جائے گی۔
تجربہ بھی اس بات کا شاہد ہے کہ جب پوری پیشانی زمین پر رکھی جائے تو ناک بھی اس کے ساتھ زمین پر ٹکے گی۔
اگر ناک زمین پر نہ رکھی جائے تو پیشانی کا کچھ حصہ زمین پر ٹکنے سے رہ جائے گا۔
رسول اللہ ﷺ نے ناک کی طرف اشارہ کر کے یہ بتایا ہے کہ پیشانی پر سجدے کی تکمیل اسی وقت ممکن ہے جب ناک بھی اس کے ساتھ زمین پر رکھی جائے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 810
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:812
812. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: ”مجھے سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے: پیشانی پر اور اپنے ہاتھ سے ناک کی طرف اشارہ کیا، دونوں ہاتھوں، دونوں گھٹنوں اور دونوں پاؤں کی انگلیوں پر۔ اسی طرح ہم دوران سجدہ میں نہ کپڑوں کو سمیٹیں اور نہ بالوں کا جوڑا بنائیں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:812]
حدیث حاشیہ:
امام بخاری ؒ نے اس عنوان میں پورے وثوق سے کوئی حکم بیان نہیں کیا، اس لیے مقصود بیان کرنے میں شارحین کا اختلاف ہے۔
شاید امام صاحب ؒ اس بات پر تنبیہ کرنا چاہتے ہوں کہ ناک کا زمین پر رکھنے کا حکم پیشانی جیسا ہے، البتہ بعض شارحین نے اس عنوان سے یہ مسئلہ کشید کیا ہے کہ سجدہ کرتے ہوئے صرف ناک پر اکتفا جائز ہے۔
یہ موقف صحیح نہیں کیونکہ شریعت نے ناک اور پیشانی کو ایک عضو قرار دیا ہے۔
ویسے بھی ناک کی اوپر والی ہڈی کا آغاز پیشانی کی ہڈی سے ہوتا ہے، اس لیے ناک کو پیشانی سے کیونکر الگ کیا جا سکتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے ناک کی طرف اشارہ یہ بتانے کے لیے فرمایا کہ پیشانی پر سجدے کی تکمیل تب ہو گی جب اس کے ساتھ ناک کو بھی زمین پر رکھا جائے۔
واضح رہے کہ فقہاء نے اس سلسلے میں ایک عجیب جزی بیان کی ہے کہ اگر سجدے میں دونوں ہاتھوں اور دونوں گھٹنے زمین پر نہ رکھے جائیں تو اجماع ہے کہ نماز صحیح ہے۔
(فتاوٰی عالمگیری (عربی)
: 70/1)
یہ موقف مذکورہ حدیث کے خلاف ہے، نیز عقل بھی اسے تسلیم نہیں کرتی۔
بھلا دونوں ہاتھ اور دونوں گھٹنے زمین پر رکھے بغیر سجدہ کیونکر ممکن ہو سکتا ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 812
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:815
815. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ نبی ﷺ کو سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا، نیز یہ بھی کہا گیا کہ آپ دوران نماز میں اپنے بالوں اور کپڑوں کو نہ سمیٹیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:815]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث میں سر کے بال مراد ہیں۔
انہیں دوران نماز میں سمیٹنے کی ممانعت ہے کیونکہ وہ بھی نمازی کے ساتھ اللہ کے حضور سجدہ کرتے ہیں۔
اگر انہیں سمیٹ کر جوڑا بنا لیا جائے تو دوران نماز میں وہ شیطان کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔
جیسا کہ حدیث میں ہے کہ ایک دفعہ حضرت ابو رافع نے حضرت حسن بن علی کو دیکھا کہ انہوں نے اپنے بالوں کو سمیٹ کر گدی پر جمع کر رکھا تھا تو انہوں نے انہیں کھول دیا اور رسول اللہ ﷺ کے حوالے سے بیان کیا کہ ایسا کرنا شیطان کو بیٹھنے کے لیے جگہ مہیا کرنا ہے۔
(سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 646) (2)
دوران نماز میں بالوں اور کپڑوں کو سمیٹنے کا حکم امتناعی نماز کے ساتھ خاص ہے یا اپنے عموم پر ہے؟ اس کے متعلق بعض فقہاء کا خیال ہے کہ دوران نماز میں ایسا کرنا منع ہے۔
اگر نماز سے پہلے اپنے بالوں اور کپڑوں کو سمیٹ لیا جائے اور اسے حالت میں نماز پڑھ لی جائے تو ممانعت نہیں لیکن جمہور محدثین نے اس حکم امتناعی کو عموم پر محمول کیا ہے کہ اس حالت میں نماز پڑھنے کی ممانعت ہے، خواہ دوران نماز میں ہو یا نماز کے علاوہ کپڑوں اور بالوں کو سمیٹ لیا جائے، بہرحال اس حالت میں نماز پڑھنا درست نہیں۔
(3)
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ شرح تراجم بخاری میں لکھتے ہیں کہ نماز مہذبانہ شکل و صورت میں ادا کرنی چاہیے۔
بالوں کو سمیٹنا اور انہیں سر پر جوڑا بنا لینا عربوں کے ہاں غیر مہذب عادت تھی، اس لیے یہ حالت نماز کے لیے غیر موزوں قرار دی گئی ہے۔
لیکن ہمارے نزدیک بالوں کو کھلا چھوڑ کر نماز پڑھنے کا استحباب اس لیے ہے کہ بال بھی سجدہ کرتے ہیں، اس لیے انہیں سمیٹنے سے منع کیا گیا ہے۔
اگر شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کی بات مان لی جائے تو حکم امتناعی صرف وقتی حالات کے پیش نظر ہو گا کیونکہ اگر کسی وقت لوگ بالوں کو باندھنا یا انہیں سمیٹ کر رکھنا اچھا خیال کرتے ہوں تو کیا اس وقت ایسی حالت میں نماز پڑھنا مستحسن ہو گا؟ ہرگز نہیں! اس لیے نماز کے معاملات کو خارجی عادات کے ساتھ مربوط نہیں کرنا چاہیے۔
واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 815
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:816
816. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں سات ہڈیوں پر سجدہ کروں اور دوران نماز میں اپنے بالوں کو نہ سمیٹوں اور نہ کپڑوں ہی کو اکٹھا کروں۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:816]
حدیث حاشیہ:
(1)
علامہ عینی ؒ نے داودی کے متعلق لکھا ہے کہ ان کے نزدیک دوران نماز میں بالوں کو اکٹھا کرنا اور کپڑوں کو سمیٹنا، پھر اسی حالت میں نماز پڑھنا منع ہے۔
اگر کوئی نماز سے پہلے بالوں کو اکٹھا کرے اور کپڑوں کو سمیٹ لے اور پھر نماز پڑھے تو ممانعت نہیں جبکہ جمہور محدثین کا موقف ہے کہ اس حالت میں نماز پڑھنے کی ممانعت ہے، خواہ یہ عمل نماز سے پہلے کرے یا دوران نماز میں سر انجام دے۔
(عمدة القاري: 557/4)
بعض شارحین نے امام بخاری رحمہ اللہ کے متعلق لکھا ہے کہ انہوں نے کف شعر کے عنوان کو مطلق رکھا ہے اور کف ثیاب کو نماز کے ساتھ مقید کیا ہے۔
اس سے انہوں نے یہ مسئلہ کشید کیا ہے کہ امام بخاری ؒ نے کپڑوں کے متعلق داودی کے موقف کو اختیار کیا ہے، حالانکہ امام بخاری ؒ کی باریک بینی اور دقت نظری کے پیش نظر یہ موقف درست نہیں یہ ان کا تفنن اور اسلوب بیان ہے۔
اس سے داودی کی موافقت کا اندازہ لگانا سخن سازی اور کور ذوقی ہے۔
(2)
واضح رہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے مذکورہ حدیث کو پانچ مختلف طرق سے بیان کیا ہے اور ہر ایک طریق پر ایک نیا عنوان قائم کیا ہے۔
ایسے فقیہ اور مجتہد سے یہ بعید ہے کہ وہ ظاہر بین داودی کی موافقت کر کے حرفیت پسندی کا ثبوت دیں گے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 816
حافظ زبير على زئي رحمه الله، ردحدیث اشکال، صحیح بخاری 809
«حدثنا قبيصة، قال: حدثنا سفيان، عن عمرو بن دينار، عن طاوس، عن ابن عباس،" امر النبى صلى الله عليه وسلم ان يسجد على سبعة اعضاء، ولا يكف شعرا ولا ثوبا الجبهة واليدين والركبتين والرجلين".»
ہم سے قبیصہ بن عقبہ نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے سفیان ثوری نے عمرو بن دینار سے بیان کیا، انہوں نے طاؤس سے، انہوں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، آپ نے بتلایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سات اعضاء پر سجدہ کا حکم دیا گیا، اس طرح کہ نہ بالوں کو اپنے سمیٹتے نہ کپڑے کو (وہ سات اعضاء یہ ہیں) پیشانی (مع ناک) دونوں ہاتھ، دونوں گھٹنے اور دونوں پاؤں۔ [صحيح بخاري 809]
سفیان ثوری رحمہ اللہ صحیح بخاری کی یہ حدیث «عن» سے روایت کر رہے ہیں۔
بعض لوگ عن والی روایت پر اعتراض کرتے ہیں کہتے ہیں، سماع کی تصریح یا متابعت ثابت کریں۔
اس روایت میں متابعت یا تصریح سماع ثابت ہے۔ الحمدللہ
(10) صحیح بخاری باب السجود علی سعۃ اعظم ج1 ص113 (ح 809) اس میں شعبہ وغیرہ نے سفیان کی متابعت کی ہے۔ حوالہ مذکورہ (ح 810)
حوالہ: فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) جلد 2، ص 315
فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام)، حدیث/صفحہ نمبر: 315