Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

سنن نسائي
كتاب الإمامة
کتاب: امامت کے احکام و مسائل
23. بَابُ : مَنْ يَلِي الإِمَامَ ثُمَّ الَّذِي يَلِيهِ
باب: امام کے قریب کون لوگ ہوں پھر ان سے قریب کون ہوں؟
حدیث نمبر: 808
أَخْبَرَنَا هَنَّادُ بْنُ السَّرِيِّ، عَنْ أَبِي مُعَاوِيَةَ، عَنِ الْأَعْمَشِ، عَنْ عُمَارَةَ بْنِ عُمَيْرٍ، عَنْ أَبِي مَعْمَرٍ، عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ، قال: كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَمْسَحُ مَنَاكِبَنَا فِي الصَّلَاةِ وَيَقُولُ:" لَا تَخْتَلِفُوا فَتَخْتَلِفَ قُلُوبُكُمْ لِيَلِيَنِّي مِنْكُمْ أُولُو الْأَحْلَامِ وَالنُّهَى، ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ، ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ قَالَ أَبُو مَسْعُودٍ فَأَنْتُمُ الْيَوْمَ أَشَدُّ اخْتِلَافًا". قَالَ أَبُو عَبْد الرَّحْمَنِ: أَبُو مَعْمَرٍ اسْمُهُ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ سَخْبَرَةَ.
ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں (صف بندی کے وقت) ہمارے کندھوں پر ہاتھ پھیرتے، اور فرماتے: تم آگے پیچھے نہ کھڑے ہو کہ تمہارے دلوں میں پھوٹ پڑ جائے، اور تم میں سے ہوش مند اور باشعور لوگ مجھ سے قریب رہیں، پھر وہ جو ان سے قریب ہوں، پھر وہ جو (اس وصف میں) ان سے قریب ہو، ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: اسی بنا پر تم میں آج اختلافات زیادہ ہیں۔ ابوعبدالرحمٰن (نسائی) کہتے ہیں: ابومعمر کا نام عبداللہ بن سخبرہ ہے۔

تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الصلاة 28 (432)، سنن ابی داود/الصلاة 96 (674) مختصراً، سنن ابن ماجہ/إقامة 45 (976)، (تحفة الأشراف: 9994)، مسند احمد 4/122، سنن الدارمی/الصلاة 51 (1302)، ویأتی عند المؤلف برقم: 813 (صحیح)»

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: صحيح مسلم

سنن نسائی کی حدیث نمبر 808 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 808  
808 ۔ اردو حاشیہ:
➊ مقتدیوں کی صفوں کو سیدھا کرنا امام کا فرض ہے۔ خود کرے یا نائب مقرر کر دے۔ اس کام کی وجہ سے اقامت اور تکبیر تحریمہ میں فاصلہ بھی ہو جائے تو کوئی حرج نہیں۔
«لَا تَخْتَلِفُوا» ایک معنی تو ترجمہ میں بیان کیے گئے ہیں۔ دوسرے معنی یہ بھی ہیں کہ آپس میں جھگڑا نہ کیا کرو۔ دل ایک دوسرے سے متنفر ہو جائیں گے۔ ظاہر کا اثر باطن پر بھی ہوتا ہے۔ سیدھے اور مل کر کھڑے ہوں تو دلوں میں محبت پیدا ہوتی ہے۔ آگے پیچھے اور دور دور کھڑے ہونے سے دلوں میں دوری پیدا ہوتی ہے۔ اور یہ فطری چیز ہے۔ اس کا انکار ممکن نہیں۔ دوست مل کر بیٹھتے ہیں اور دشمن ایک دوسرے کے سائے سے بھی بھاگتے ہیں۔
➌ صف اول میں علم و فضل اور بڑی عمر والے لوگ کھڑے ہونے چاہئیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بالغ عاقل نوجوان جماعت اور نماز کے شوقین اور پابند کو جو پہلے آکر اگلی صف میں بیٹھا ہو بعد میں آنے والا بزرگ اٹھا کر اس کی جگہ پر بیٹھ جائے۔ یہ نوجوانوں کی دل شکنی بھی ہے حق تلفی بھی اور شریعت کے خلاف بھی۔ شریعت کی رو سے جو پہلے آکر جس جگہ بیٹھ گیا ہے اسی کا حق ہے۔ اہل عقل و دانش کو امام کے قریب کھڑے ہونے کا جو حکم ہے وہ ترغیبی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سمجھ دار نوجوان اس کے اہل نہیں ہے۔ دوسری صف میں ان سے ملتی جلتی عقل اور عمر والے۔ تیسری میں ان سے ملتی ہوئی عقل اور عمر والے حتیٰ کہ چھوٹے بچے آخری صف میں الا یہ کہ بچوں کے اکٹھے کھڑے ہونے سے شرارتوں کا خطرہ ہو تو انہیں بڑوں کے ساتھ کھڑا کیا جا سکتا ہے مگر پہلی صف سے پیچھے۔
➍ آج تم میں سخت اختلاف ہے۔ یعنی تم بہت آگے پیچھے کھڑے ہوتے ہو۔ صفوں کو توڑتے ہو۔ مل کر کھڑے نہیں ہوتے۔ مطلب یہ ہے کہ آج تم میں بہت معاشرتی اختلاف پایا جاتا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ تم صفیں سیدھی اور درست نہیں بناتے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 808   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 813  
´جب امام آگے بڑھے تو صفیں برابر کرنے کے لیے کیا کہے؟`
ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے مونڈھوں پہ ہاتھ پھیرتے ۱؎ اور فرماتے: صفیں سیدھی رکھو، اختلاف نہ کرو ۲؎ ورنہ تمہارے دلوں میں بھی اختلاف پیدا ہو جائے گا، اور تم میں سے جو ہوش مند اور باشعور ہوں مجھ سے قریب رہیں، پھر (اس وصف میں) وہ جو ان سے قریب ہوں، پھر وہ جو ان سے قریب ہوں۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 813]
813 ۔ اردو حاشیہ: دیکھیے سنن نسائی فائدہ نمبر 3 حدیث نمبر 808۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 813   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث976  
´امام کے قریب کن لوگوں کا رہنا مستحب ہے؟`
ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں ہمارے کندھوں پہ ہاتھ پھیرتے اور فرماتے: الگ الگ نہ رہو، ورنہ تمہارے دل الگ الگ ہو جائیں گے، اور تم میں جو عقل اور شعور والے ہیں وہ میرے نزدیک کھڑے ہوں، پھر وہ لوگ جو عقل و شعور میں ان سے قریب ہوں، پھر وہ جو ان سے قریب ہوں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 976]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
نماز باجماعت ادا کرتے وقت نمازیوں کی صف بالکل سیدھی ہونی چاہیے۔
نمازیوں کو ایک دوسرے کے آگے پیچھے نہیں ہونا چاہیے۔

(2)
امام کوچاہیے کہ مقتدیوں کی صفوں کا خیال رکھے۔
اورانھیں صفیں سیدھی رکھنے کی تاکید کرے۔

(3)
صحابہ کرامرضوان للہ عنہم اجمعین رسول اللہ ﷺکے اس ارشاد کی تعمیل اس طرح کرتے تھے کہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوب کھڑے ہوتے تھے۔
حتیٰ کہ کندھے سے کندھا قدم سے قدم اور ٹخنے سے ٹخنہ ملا لیتے تھے۔ دیکھیے: (صحیح البخاري، الأذان، باب إلزاق المنکب بالمنکب والقدم بالقدم فی الصف، حدیث: 725 و سنن أبي داود، صلاة، باب تسویة الصفوف، حدیث: 662)

(4)
صفوں کا ٹیڑھا ہونا اور نمازیوں کا ایک دوسرے سے ہٹ کر کھڑا ہونا اختلافات اور جھگڑے پیدا ہونے کا باعث ہے۔
اس طرح باہم مل کرکھڑے ہونے سے باہمی محبت پیدا ہوتی ہے۔
اور اختلافات ختم ہوتے ہیں۔
اس لئے اس سنت پر توجہ اور اہتمام سے عمل کرنا چاہیے۔

(5)
اگلی صفوں میں معمر افراد اور صاحب علم افراد کو کھڑا ہونا چاہیے۔
اس کے بعد نوجوان اور نسبتاً کم علم والے کھڑے ہوں۔
پھر بچے اور آخر میں عورتوں کی صف ہونی چاہیے۔

(6)
جوانوں کو چاہیے کہ بزرگوں کےمقام اور ان کی عظمت کا لحاظ رکھیں۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 976   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 972  
حضرت ابو مسعود رضی الله تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز میں (جماعت کے کھڑے ہونے کے وقت) ہمیں برابر کرنے کے لیے ہمارے کندھوں پر ہاتھ پھیرتے اور فرماتے: برابر، برابر ہوجاؤ، اور مختلف (آگے پیچھے) نہ ہو (ورنہ اس کی سزا میں) تمہارے دل باہم مختلف ہو جائیں گے۔ تم میں سے جو دانش مند اور سمجھ دار ہیں، وہ میرے قریب ہوں، ان کے بعد وہ لوگ ہوں جن کا نمبر اس صفت میں ان کے قریب ہو اور ان کے بعد وہ لوگ جن کا درجہ ان سے قریب ہو۔... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:972]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
الأَحْلَام:
حِلم کی جمع ہے،
صبر،
آہستگی،
بردباری،
کبھی جہالت وبے وقوفی کے مقابلہ میں آ جاتا ہے،
اس صورت میں معنی عقل ودانش ہوتا ہے،
قرآن مجید میں ہے۔
﴿أَمْ تَأْمُرُهُمْ أَحْلَامُهُم بِهٰذَا﴾ ،
کیا ان کی عقلیں انہیں یہ حکم دیتی ہے (طور)
اگر اس کو حلم کی جمع بنائیں تو پھر بلوغت کے معنی میں ہو گا،
اس صورت میں معنی میں ایک نیا مفہوم پیدا ہو جائے گا کیونکہ نهي بھی نهية کی جمع ہے اس کا معنی بھی عقل ہے کیونکہ وہ برائیوں سے روکتی ہے۔
فوائد ومسائل:

اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ امام کےقریب وہ لوگ کھڑے ہوں جن کو اللہ تعالیٰ نے فہم ودانش سے نوازا ہے ان کے بعد اس صفت میں درجہ دوم والے،
ان کے بعد درجہ سوم والے،
یہ ترتیب بالکل فطری بھی ہے اور تعلیم وتربیت کی مصلحت کا تقاضا بھی یہی ہے تاکہ امام سے اگر بھول چوک ہو جائے تو اس کی اصلاح کر سکیں اور بوقت ضرورت امام کی نیابت بھی کر سکیں۔
اس لیے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ،
زربن جیش اور ابووائل رضی اللہ تعالیٰ عنہم بچے کو صف سے نکال دیتے تھے۔

حضرت ابومسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قول کا مخاطب وہ لوگ تھے جو فتنہ وفساد برپا کر رہے تھے اور اس کا سبب یہی تھا کہ وہ صف بندی میں اعتدال اور تسویہ (برابری)
کی پابندی نہیں کرتے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 972