Note: Copy Text and Paste to word file

سنن ابن ماجه
كتاب الدعاء
کتاب: دعا کے فضائل و آداب اور احکام و مسائل
20. بَابُ : مَا يَدْعُو بِهِ الرَّجُلُ إِذَا سَافَرَ
باب: سفر کرتے وقت کون سی دعا پڑھے؟
حدیث نمبر: 3888
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ , حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحِيمِ بْنُ سُلَيْمَانَ , وَأَبُو مُعَاوِيَةَ , عَنْ عَاصِمٍ , عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ سَرْجِسَ , قَالَ: كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , يَقُولُ: وَقَالَ عَبْدُ الرَّحِيمِ: يَتَعَوَّذُ , إِذَا سَافَرَ:" اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ وَعْثَاءِ السَّفَرِ , وَكَآبَةِ الْمُنْقَلَبِ , وَالْحَوْرِ بَعْدَ الْكَوْرِ , وَدَعْوَةِ الْمَظْلُومِ , وَسُوءِ الْمَنْظَرِ فِي الْأَهْلِ وَالْمَالِ" , وَزَادَ أَبُو مُعَاوِيَةَ , فَإِذَا رَجَعَ , قَالَ: مِثْلَهَا.
عبداللہ بن سرجس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر کرتے تو یہ دعا پڑھتے: (اور عبدالرحیم کی روایت میں ہے کہ آپ پناہ مانگتے تھے): «اللهم إني أعوذ بك من وعثاء السفر وكآبة المنقلب والحور بعد الكور ودعوة المظلوم وسوء المنظر في الأهل والمال» اے اللہ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں سفر کی صعوبتوں اور مشقتوں سے، واپسی کے غم سے، ترقی کے بعد تنزلی سے، اور مظلوم کی بد دعا سے اور اہل و عیال کے سلسلے میں برا منظر دیکھنے سے۔ اور ابومعاویہ کی روایت میں یہ اضافہ ہے کہ سفر سے لوٹتے وقت بھی یہی دعا پڑھتے۔

تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/المناسک 75 (1343)، سنن الترمذی/الدعوات 42 (3439)، سنن النسائی/الاستعاذة 41 (5500)، (تحفة الأشراف: 5320)، وقد أخرجہ: مسند احمد (5/82، 83)، سنن الدارمی/الاستئذان 42 (2714) (صحیح)» ‏‏‏‏

قال الشيخ الألباني: صحيح
سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 3888 کے فوائد و مسائل
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3888  
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
 
(1)
پریشان کن واپسی کا مطلب ہے۔
کہ اچانک ایسی ناگہانی صورت حال پیدا ہوجائے کہ انسان کو مجبورا واپس آنا پڑے یا یہ مطلب ہے کہ واپس آئے تو گھر میں کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش آچکا ہو سفر میں ایسی صورت حال سفر کی عام تکلیف ومشقت کی موجودگی میں ناقابل برداشت ہوجاتی ہے۔
اس لئے اللہ سے دعا مانگی جاتی ہے۔
کہ وہ اس سے محفوظ رکھے۔

(2) (اَلحَوْرِ بَعْدَ الکَوْرِ)
کا مطلب ہے کہ ایک کام کے صحیح طور پر انجام پانے کے بعد پھر اس میں کمی یاخرابی کاواقع ہوجانا یا اچھی حالت کے بعد برُی حالت میں آجانا مثلاً ایمان کے بعد کفر، نیکی کے بعد گناہ اور خوشحالی کے بعد تنگی دستی اور مقروض ہونا وغیرہ اس لحاظ سے یہ بہت جامع الفاظ ہیں۔

(3)
مظلوم کی بد دعا سے پناہ کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں یہ توفیق دے کہ ہم کسی پر ظلم نہ کریں تاکہ وہ ہمیں بددعا نہ دے اس لئے اگر کسی پر ظلم کیا ہو تو سفر سے پہلے اس کا ازالہ کردینا چاہیے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3888   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5503  
´سفر سے لوٹتے وقت کے رنج و غم سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر کرتے اور سواری پر سوار ہوتے تو انگلی سے اشارہ کرتے (شعبہ نے اپنی انگلی دراز کی) اور کہتے تھے: «اللہم أنت الصاحب في السفر والخليفة في الأهل والمال اللہم إني أعوذ بك من وعثاء السفر وكآبة المنقلب» اے اللہ! تو ہی سفر کا ساتھی ہے، اور گھر والوں اور مال میں ہمارا نگہبان و خلیفہ ہے، اے اللہ! میں سفر پر جاتے وقت کی دشواری و پریشانی اور لوٹتے وقت کے رنج و [سنن نسائي/كتاب الاستعاذة/حدیث: 5503]
اردو حاشہ:
اصلی ساتھی کیونکہ دوسرے ساتھی کسی بھی وقت ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔ خوشی سے ناخوشی سے۔ نگران عربی میں لفظ خلیفہ استعمال ہوا ہے جس کے معنیٰ نائب اورجانشین ہے۔ مطلب یہ ہے کہ میری عدم موجودگی میں تو ہی میری جگہ کفایت فرمائے گا۔ اس مفہوم کونگران کےلفظ سےبیان کیا گیا ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5503   

  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3439  
´جب آدمی سفر کے لیے نکلے تو کیا پڑھے؟`
عبداللہ بن سرجس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر کرتے تو کہتے: «اللهم أنت الصاحب في السفر والخليفة في الأهل اللهم اصحبنا في سفرنا واخلفنا في أهلنا اللهم إني أعوذ بك من وعثاء السفر وكآبة المنقلب ومن الحور بعد الكون ومن دعوة المظلوم ومن سوء المنظر في الأهل والمال» اے اللہ! تو ہمارے سفر کا ساتھی ہے، تو ہمارے پیچھے ہمارے اہل و عیال کا نائب و خلیفہ ہے، اے اللہ! تو ہمارے ساتھ رہ ہمارے اس سفر میں تو ہمارا نائب و خلیفہ بن جا ہمارے گھر والوں میں، اے اللہ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں سفر کی تکلیف و تھکان سے اور ناکام نامراد لوٹن۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3439]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اے اللہ! تو ہمارے سفر کا ساتھی ہے،
تو ہمارے پیچھے ہمارے اہل وعیال کا نائب وخلیفہ ہے،
اے اللہ تو ہمارے ساتھ رہ ہمارے اس سفر میں تو ہمارا نائب وخلیفہ بن جا ہمارے گھر والوں میں،
اے اللہ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں سفر کی تکلیف وتھکان سے اور ناکام نامراد لوٹنے کے غم سے،
اور مظلوم کی بد دعا سے اور مال اور اہل خانہ میں واقع شدہ کسی برے منظرسے (بری صورت حال سے)
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3439   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3276  
حضرت عبداللہ بن سرجس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر پر روانہ ہوتے، تو سفر کی مشقت، رنج دہ واپسی، کمال کے بعد زوال، مظلوم کی بددعا، اور اہل و عیال اور مال و متاع میں برے نظارہ سے پناہ مانگتے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3276]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
اَلْحَور:
کےمعنی ہیں،
پگڑی کے پیچ یا بل کھول دینا۔
(2)
كوَن:
کا معنی ہے،
حاصل ہونا،
قرار ملنا،
مقصد یہ ہے کہ استقامت ودرستگی کے بعد فساد اور بگاڑ کا پیدا ہوجانا،
یا بقول امام ترمذی،
ایمان سے کفر کی طرف لوٹنا،
اطاعت سے معصیت کی طرف آ جانا،
ایک چیز سے اس سے بدتر کی طرف لوٹ آنا۔
فوائد ومسائل:
سفر میں انسان مختلف حالات سے دوچار ہوتا ہے،
اس میں بہت خطرناک موڑ بھی آتے ہیں،
اور کسی سے ظلم و زیادتی بھی ہو سکتی ہے،
اس لیے آپ صلی اللہ علی وسلم سفر پر روانہ ہوتے وقت اپنی نیکی واطاعت اور صحیح رویہ پر استقامت و ثبات کی دعا فرماتے کہ کہیں سفری صعوبتوں اور مشکلات کی وجہ سے حالات اصلاح اور بہتری کے بجائے فساد و بگاڑ کا رخ نہ اختیار کر لیں اور میں حاصل شدہ بہتر اشیاء سے محروم نہ ہوجاؤں۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3276