سنن ابن ماجه
كتاب الأشربة
کتاب: مشروبات کے متعلق احکام و مسائل
24. بَابُ : النَّفْخِ فِي الشَّرَابِ
باب: مشروب میں پھونکنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 3429
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ خَلَّادٍ الْبَاهِلِيُّ , حَدَّثَنَا سُفْيَانُ , عَنْ عَبْدِ الْكَرِيمِ , عَنْ عِكْرِمَةَ , عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ , قَالَ: نَهَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ" أَنْ يُنْفَخَ فِي الْإِنَاءِ".
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے برتن میں پھونک مارنے سے منع فرمایا ہے۔
تخریج الحدیث: «(انظر حدیث رقم: 3288)، (تحفة الأشراف: 6149) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف
إسناده ضعيف
انظر الحديث (3288)
انوار الصحيفه، صفحه نمبر 500
سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 3429 کے فوائد و مسائل
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3429
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اگر پانی میں کوئی تنکا وغیرہ گر جائے تو اسے کسی چیز (چمچ وغیرہ)
سے نکال دیا جائے یا تھوڑا سا پانی انڈیل دیا جائےتاکہ تنکا نکل جائے۔
(2)
اگر دودھ یا چائے وغیرہ گرم ہو تو ٹھنڈا کرنے کےلئے بھی پھونک مارنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
دوسرے برتن میں تھوڑا تھوڑا ڈال کر پی لیں۔
(3)
بعض علماء نے اس سے دلیل لی ہے کہ بیمار کے لئے کوئی سورت یا دعاء پڑھ کر پانی میں دم نہیں کرنا چاہیے بلکہ براہ راست مریض کودم کرنا چاہیے۔
اوردعا کرنی چاہیے۔
کیونکہ یہ دونوں عمل مسنون ہیں جبکہ پانی میں دم کرنا مسنون نہیں۔
اور بعض علماء کے نزدیک پانی میں دم کرنا جائز ہے۔
کیونکہ دم میں سورۃ فاتحہ اور دعایئں وغیرہ پڑھی جاتی ہیں۔
ان کے اثرات کو پانی میں منتقل کرنے کےلئے پانی میں دم کئے بغیرچارہ نہیں اس لئے ان کے نزدیک بطور پانی میں پھونک مارنا عام پھونک مارنے سے مختلف ہے۔
عام حالات میں پھونک مارنا یقیناً ممنوع ہے۔
لیکن بطور دم پھونک مارنا جائز ہے۔
واللہ اعلم۔ (دیکھئے مضمون:
کیا پانی پر دم کرنا جائز نہیں از حافظ صلاح الدین یوسف شائع شدہ الاعتصام جلد: 55 شمارہ 30 یکم اگست 2003 وفتاویٰ الدین الخالص (عربی)
مولانا امین اللہ پشاوری ج: 5 ص: 40 44)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3429