سنن ابن ماجه
كتاب الحدود
کتاب: حدود کے احکام و مسائل
11. بَابُ : مَنْ أَظْهَرَ الْفَاحِشَةَ
باب: کوئی عورت فاحشہ معلوم ہو لیکن زنا ثابت نہ ہو تو اس کے حکم کا بیان۔
حدیث نمبر: 2560
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ خَلَّادٍ الْبَاهِلِيُّ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ ، عَنِ الْقَاسِمِ بْنِ مُحَمَّدٍ ، قَالَ: ذَكَرَ ابْنُ عَبَّاسٍ الْمُتَلَاعِنَيْنِ، فَقَالَ لَهُ ابْنُ شَدَّادٍ: هِيَ الَّتِي قَالَ لَهَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَوْ كُنْتُ رَاجِمًا أَحَدًا بِغَيْرِ بَيِّنَةٍ لَرَجَمْتُهَا"، فَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ: تِلْكَ امْرَأَةٌ أَعْلَنَتْ.
قاسم بن محمد کہتے ہیں کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے دو لعان کرنے والوں کا تذکرہ کیا، تو ان سے ابن شداد نے پوچھا: کیا یہ وہی عورت تھی جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا: ”اگر میں گواہوں کے بغیر کسی کو رجم کرتا تو اس عورت کو کرتا؟ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: وہ تو ایسی عورت تھی جو علانیہ بدکار تھی۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الحدود 30 (6855)، التمني 9 (7238)، صحیح مسلم/اللعان (1497)، (تحفة الأشراف: 6327)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/335، 336، 357، 365) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: متفق عليه
سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 2560 کے فوائد و مسائل
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2560
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
سنگسار کرنا سخت ترین سزائے موت ہے لہٰذایہ سزا اسوقت تک نہیں دی جا سکتی جب تک جرم کا ارتکاب بغیر کسی شک شبہ کے ثابت نہ ہوجائے۔
(2)
جرم کے ثبوت کے لیے چرم چشم دید مرد گواہوں ہونا ضروری ہے یا مجرم خود اعتراف کرلے یا دیگر قرآن سے اس کا ثبوت مل جائے تب اسے زنا کی سزا دی جا سکتی ہے۔
(3)
مشکوک كردار کے افراد كو تنبیہ کی جا سکتی ہے یا مناسب تعزیر لگائی جا سکتی ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2560
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:529
529- قاسم بن محمد بیان کرتے ہیں: سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما نے لعان کرنے والے میاں بیوی کا تذکرہ کیا، تو عبداللہ بن شداد نے ان سے کہا: کیا یہی وہ عورت تھیَ جس کے بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا تھا: ”اگر میں نے کسی ثبوت کے بغیر کسی کو سنگسار کرنا ہوتا، تو اس عورت کو سنگسار کروا دیتا۔“ تو سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما پولے: نہیں، ”وہ عورت تو اعلانیہ (گناہ کیا کرتی تھی)۔“ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:529]
فائدہ:
اس حدیث سے سفید رنگ کے لباس کی اہمیت ثابت ہوتی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سفید رنگ کا لباس محبوب تھا، کفن بھی سفید کپڑے میں ہونا چاہیے، نیز اس حدیث سے اثمد سرمے کی بھی فضیلت ثابت ہوتی ہے، اگر میسر ہوتو یہی سرمہ استعمال کرنا چاہیے۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 529
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6855
6855. حضرت قاسم بن محمد سے روایت ہے انہوں نےکہا: حضرت ابن عباس ؓ نے دو لعان کرنے والوں کا ذکر کیا تو حضرت عبداللہ بن شداد ؓ نے پوچھا: کیا یہ وہی عورت تھی جس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: ”اگر میں کسی عورت کو بلاثبوت سنگسار کرتا تو اسے ضرور کرتا؟“ حضرت ابن عباس ؓ نے کہا: نہیں، یہ بات آپ نے اس عورت کے متعلق کہی تھی جس کا بدکاری کے متعلق عام چرچا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6855]
حدیث حاشیہ:
یہاں روایت میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا نام نامی آیا ہے جو مشہور ترین صحابی ہیں۔
ان کی ماں کا نام لبابہ بنت حارث ہے۔
ہجرت سے تین سال پہلے پیدا ہوئے۔
وفات نبوی کے وقت ان کی عمر پندرہ سال کی تھی۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لیے علم و حکمت کی دعا فرمائی جس کے نتیجہ میں یہ اس وقت کے ربانی عالم قرار پائے۔
امت میں سب سے زیادہ حسین، سب سے بڑھ کر فصیح، حدیث کے سب سے بڑے عالم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ان کو اجلہ صحابہ کی موجودگی میں اپنے پاس بٹھاتے اور ان سے مشورہ لیتے اور ان کی رائے کو ترجیح دیتے تھے۔
آخر عمر میں نابینا ہوگئے تھے۔
گورا رنگ، قد دراز، جسم خوبصورت، غیرتمند تھے اور داڑھی کو مہندی کا خضاب لگایا کرتے تھے۔
اکہتر سال کی عمر میں بعہد خلاف ابن زبیر68ھ میں وفات پائی۔
(رضي اللہ عنه)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6855
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7238
7238. سیدنا قاسم بن محمد سے روایت ہے انہوں نے کہا: سیدنا ابن عباس ؓ نے دو لعان کرنے والوں کا ذکر کیا تو سیدنا عبداللہ بن شداد ؓ نے پوچھا: کیا یہ وہی عورت تھی جس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: ”اگر میں کسی عورت کو بغیر گواہ رجم کرتا تو اسے کرتا۔“ سیدنا ابن عباس ؓ نے جواب دیا: نہیں، وہ ایک عورت تھی جو کھلے عام فحش کاری کرتی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7238]
حدیث حاشیہ:
مگر قاعدے سے ثبوت نہ تھا یعنی چار عینی گواہ نہیں تھے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7238
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7238
7238. سیدنا قاسم بن محمد سے روایت ہے انہوں نے کہا: سیدنا ابن عباس ؓ نے دو لعان کرنے والوں کا ذکر کیا تو سیدنا عبداللہ بن شداد ؓ نے پوچھا: کیا یہ وہی عورت تھی جس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: ”اگر میں کسی عورت کو بغیر گواہ رجم کرتا تو اسے کرتا۔“ سیدنا ابن عباس ؓ نے جواب دیا: نہیں، وہ ایک عورت تھی جو کھلے عام فحش کاری کرتی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7238]
حدیث حاشیہ:
1۔
ایک حدیث میں ہے:
”جس چیز سے تمھیں حقیقی نفع پہنچے اس میں حرص کرو اور اللہ تعالیٰ سے مدد مانگو اور مایوس ہوکر نہ بیٹھ جاؤ۔
اگر تمھیں کوئی نقصان پہنچے تو اس طرح نہ کہو:
اگر میں ایسا کرتا تو ایسا ہو جاتا بلکہ یوں کہو کہ اللہ کا فیصلہ تھا وہ جو چاہتا ہے کر دیتا ہے۔
تحقیق "اگرمگر" کے الفاظ شیطان کے کردار کا دروازہ کھولتے ہیں۔
“ (صحیح مسلم، القدر، حدیث: 6774(2664)
2۔
اس حدیث میں لفظ لوکا استعمال کرنا منع ہے جبکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس کا جواز ثابت کیا ہے جیسا کہ پیش کردہ حدیث میں خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے استعمال کیا ہے توجہاں اللہ تعالیٰ کی تقدیر سے راہِ فرار اختیار کرنے کے لیے استعمال کرنا ہوتو وہ منع ہے اور اگر کوئی فائدہ ہو تو اسے استعمال کیا جا سکتا ہے، مثلاً:
اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے فوت ہو جانے پر اظہار افسوس کرنے کے لیے اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7238