سنن ابن ماجه
كتاب إقامة الصلاة والسنة
کتاب: اقامت صلاۃ اور اس کے سنن و آداب اور احکام و مسائل
189. . بَابُ : مَا جَاءَ فِي صَلاَةِ الْحَاجَةِ
باب: نماز حاجت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1385
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنْصُورِ بْنِ سَيَّارٍ ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ أَبِي جَعْفَرٍ الْمَدَنِيِّ ، عَنْ عُمَارَةَ بْنِ خُزَيْمَةَ بْنِ ثَابِتٍ ، عَنْ عُثْمَانَ بْنِ حُنَيْفٍ ، أَنَّ رَجُلًا ضَرِيرَ الْبَصَرِ، أَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: ادْعُ اللَّهَ لِي أَنْ يُعَافِيَنِي، فَقَالَ:" إِنْ شِئْتَ أَخَّرْتُ لَكَ وَهُوَ خَيْرٌ، وَإِنْ شِئْتَ دَعَوْتُ"، فَقَالَ: ادْعُهْ،" فَأَمَرَهُ أَنْ يَتَوَضَّأَ فَيُحْسِنَ وُضُوءَهُ، وَيُصَلِّيَ رَكْعَتَيْنِ، وَيَدْعُوَ بِهَذَا الدُّعَاءِ: اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ وَأَتَوَجَّهُ إِلَيْكَ بِمُحَمَّدٍ نَبِيِّ الرَّحْمَةِ، يَا مُحَمَّدُ، إِنِّي قَدْ تَوَجَّهْتُ بِكَ إِلَى رَبِّي فِي حَاجَتِي هَذِهِ لِتُقْضَى اللَّهُمَّ شَفِّعْهُ فِيَّ"، قَالَ أَبُو إِسْحَاق: هَذَا حَدِيثٌ صَحِيحٌ.
عثمان بن حنیف رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک نابینا نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر عرض کیا: آپ میرے لیے اللہ تعالیٰ سے صحت و عافیت کی دعا فرما دیجئیے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر تم چاہو تو میں تمہارے لیے آخرت کی بھلائی چاہوں جو بہتر ہے، اور اگر تم چاہو تو میں تمہارے لیے دعا کروں، اس شخص نے کہا: آپ دعا کر دیجئیے، تب آپ نے اس کو حکم دیا کہ وہ اچھی طرح وضو کرے، اور دو رکعت نماز پڑھے، اس کے بعد یہ دعا کرے: «اللهم إني أسألك وأتوجه إليك بمحمد نبي الرحمة يا محمد إني قد توجهت بك إلى ربي في حاجتي هذه لتقضى اللهم فشفعه في» ”اے اللہ! میں تجھ سے سوال کرتا ہوں، اور تیری طرف توجہ کرتا ہوں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جو نبی رحمت ہیں، اے محمد! میں نے آپ کے ذریعہ سے اپنے رب کی جانب اس کام میں توجہ کی تاکہ پورا ہو جائے، اے اللہ! تو میرے حق میں ان کی شفاعت قبول فرما“۔ ابواسحاق نے کہا: یہ حدیث صحیح ہے۔
تخریج الحدیث: «سنن الترمذی/الدعوات 119 (3578)، (تحفة الأشراف: 9760)، وقد أخرجہ: مسند احمد (4/138) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: إسناده صحيح
سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 1385 کے فوائد و مسائل
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1385
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
شفا اللہ کے ہاتھ میں ہے کسی بندے کے ہاتھ میں نہیں۔
اس لئے شفا کی درخواست اللہ ہی سے کرنی چاہیے
(2)
کسی نیک بزرگ شخص سے اپنے حق میں دعا کرانا جائز ہے۔
(3)
بیماری اور مصیبت پر صبر کرنا درجات کی بلندی کا باعث ہے۔
لیکن اس سے نجات کی دعا کرنا بھی توکل اور رضا کے منافی نہیں۔
(4)
ضرورت پوری ہونے کی نیت سے دو رکعت نفل نماز پڑھنا اور پھر مناسب دعا کرنا اس سے دعا کی قبولیت کی زیادہ اُمید ہوتی ہے۔
(5)
صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے شفا کی درخواست نہیں کی۔
بلکہ شفاء کے لئے دعا کرنے کی درخواست کی۔
اور خود بھی دعا کی۔
گویا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا اس شخص کی دعا کی قبولیت کے لئے تھی۔
اس لئے اسے شفاعت کہا گیا۔
(6)
بعض لوگوں نے اس حدیث سے رواجی وسیلہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔
حالانکہ اس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات کو وسیلہ نہیں بنایا گیا۔
بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کو وسیلہ بنایا گیا ہے۔
اور یہ پھر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں تھا۔
وفات کے بعد قبر شریف میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب نہیں کیا گیا۔
(7)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو وفات کے بعد مخاطب کرنا قرآن مجید کے اس فرمان کے بھی خلاف ہے۔
﴿وَلَا تَجْهَرُوا لَهُ بِالْقَوْلِ كَجَهْرِ بَعْضِكُمْ لِبَعْضٍ﴾ (الحجرات: 2)
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بلند آواز سےنہ بلاؤ۔
جس طرح تم ایک دوسرے کو بلند آواز سے پکار لیتے ہو“ بلکہ اس کا ادب بتاتے ہوئے فرمایا۔
﴿إِنَّ الَّذِينَ يُنَادُونَكَ مِن وَرَاءِ الْحُجُرَاتِ أَكْثَرُهُمْ لَا يَعْقِلُونَ و َلَوْ أَنَّهُمْ صَبَرُوا حَتَّىٰ تَخْرُجَ إِلَيْهِمْ لَكَانَ خَيْرًا لَّهُمْ﴾ (الحجرات: 5، 4)
جو لوگ حجروں کے باہر سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آوازیں دیتے ہیں۔
وہ اکثر بے عقل ہوتے ہیں۔
اگر وہ لوگ صبر کریں حتیٰ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود ان کے پاس تشریف لے آئیں۔
تو یہ ان کے لئے بہتر ہے۔
اس آیت کا تقاضا یہ ہے کہ حجرہ مبارک میں دفن ہونے کے بعد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ پکارا جائے۔
حتیٰ کہ قیامت کو وہ خود باہر تشریف لے آئیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1385
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3578
´باب`
عثمان بن حنیف رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ ایک نابینا شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: آپ دعا فرما دیجئیے کہ اللہ مجھے عافیت دے، آپ نے فرمایا: ”اگر تم چاہو تو میں دعا کروں اور اگر چاہو تو صبر کیے رہو، کیونکہ یہ تمہارے لیے زیادہ بہتر (و سود مند) ہے۔“ اس نے کہا: دعا ہی کر دیجئیے، تو آپ نے اسے حکم دیا کہ ”وہ وضو کرے، اور اچھی طرح سے وضو کرے اور یہ دعا پڑھ کر دعا کرے: «اللهم إني أسألك وأتوجه إليك بنبيك محمد نبي الرحمة إني توجهت بك إلى ربي في حاجتي هذه لتقضى لي اللهم فشفعه» ”اے اللہ! میں تجھ سے مانگتا ہوں اور تیرے نبی محمد جو نبی رحمت ہیں کے وسیلے سے ت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3578]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یہی وہ مشہورروایت ہے جس سے انبیاء اوراولیاء کی ذات سے وسیلہ پکڑنے کے جواز پر استدلال کیا جاتا ہے،
بعض محدثین نے تو اس حدیث کی صحت پر کلام کیا ہے،
اور جو لوگ اس کو صحیح قرار دیتے ہیں،
ان میں سے سلفی منہج و فکرکے علماء (جیسے امام ابن تیمیہ وعلامہ البانی ؒنے اس کی توجیہ کی ہے کہ نابینا کواپنی ذات بابرکات سے وسیلہ پکڑنے کا مشورہ آپﷺنے نہیں دیا تھا،
بلکہ آپﷺ کی دعاء کو قبول کرنے کی دعا اس نے کی،
اوراب آپﷺ کی وفات کے بعد ایسا نہیں ہو سکتا،
اسی لیے عمر رضی اللہ عنہ نے قحط پڑنے پر آپﷺ کی قبرشریف کے پاس آ کرآپﷺ سے دعاء کی درخواست نہیں کی،
(آپﷺ کی ذات سے وسیلہ پکڑنے کی بات تو دورکی ہے) بلکہ انہوں نے آپﷺ کے زندہ چچاعباس رضی اللہ عنہ سے دعاء کرائی،
اور تمام صحابہ نے اس پر ہاں کیا،
تو گویا یہ بات تمام صحابہ کے اجماع سے ہوئی،
کسی صحابی نے یہ نہیں کہا کہ کیوں نہ نابینا کی طرح آپﷺ سے دعاء کی درخواست کی جائے،
اور اس دعاء یا آپ کی ذات کو وسیلہ بنایا جائے۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3578