عروہ نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انھیں حدیث بیان کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک رات ان کے پاس سے اٹھ کر باہر نکل گئے۔ (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے) کہا: مجھے آپ کے معاملے میں شدید غیرت محسوس ہوئی، پھر آپ واپس آئے اور دیکھا کہ میں کیا کر رہی ہوں (شدید غصے کے عالم میں ہوں) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "عائشہ رضی اللہ عنہا!تمھیں کیاہوا ہے کیا تم غیرت میں مبتلا ہو گئی ہو؟"میں نے کہا: مجھے کیا ہوا ہے کہ مجھ جیسی عورت کو (جس کی کئی سو کنیں ہوں) آپ جیسے مرد پر (جو ایک کو ایک سے بڑھ کر محبوب ہو) غیرت نہ آئے "تورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " کیا تمھارے پاس تمھارا شیطان آیا تھا (اور اس نے تمھیں شک میں مبتلا کیا؟) " (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ نے) کہا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !کیا میرے ساتھ شیطان بھی ہے؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "ہاں۔"میں نے کہا: ہر انسان کے ساتھ شیطان ہوتا ہے؟ آپ نے فرمایا: "ہاں۔"میں نے کہا: اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !آپ کے ساتھ بھی ہے؟آپ نے فرمایا: "ہاں لیکن میرے رب نے اس پر (قابو پانے میں) میری مددفرمائی اور وہ اسلام لے آیا ہے۔"
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک رات ان کے ہاں سے نکلے تو مجھے اس پر غیرت آگئی(کیونکہ میں نے سمجھا آپ کسی دوسری بیوی کے ہاں تشریف لے گئےہیں) آپ آئے تو آپ نے دیکھا میں کس طرح پیچ و تاب کھارہی ہوں، چنانچہ آپ نے فرمایا:"تمھیں کیا ہوگیا ہے؟ اے عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا!کیا تم غیرت کھاگئی ہو؟"سو میں نے کہا، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میرے جیسی آپ جیسے کے بارے ایسی غیرت نہ کھائےمیری جیسی آپ پر غیرت کیوں نہیں کھائے گی؟ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"کیا تمھارے پاس تمھارا شیطان آچکا ہے؟"میں نے کہا، اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !کیا میرے ساتھ شیطان ہے؟ آپ نے فرمایا:"ہاں "میں نے کہا اور ہر انسان کے ساتھ؟ آپ نے فرمایا:"ہاں" میں نے کہا اور آپ کے ساتھ بھی؟اے اللہ کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ نے فرمایا:"ہاں" لیکن میرے رب نے اس کے خلاف میری مدد فرمائی ہے، حتی کہ میں محفوظ ہو گیا ہوں، یا وہ فرمانبردار مسلمان ہو گیا ہے۔"