عفان بن مسلم نے ہمیں حدیث بیان کی، کہا: ہمیں ہمام نے قتادہ سے حدیث بیان کی کہ عون (بن عبداللہ) اور سعید بن ابی بردہ نے انہیں حدیث بیان کی، وہ دونوں ابو بردہ کے سامنے موجود تھے جب وہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کو اپنے والد سے حدیث بیان کر رہے تھے، انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا: "جو مسلمان بھی فوت ہوتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی جگہ پر ایک یہودی یا ایک نصرانی کو دوزخ میں داخل کر دیتا ہے۔" کہا: عمر بن عبدالعزیز نے حضرت ابوبُردہ کو تین بار اس اللہ کی قسم دی جس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں کہواقعی ان کے والد نے انہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ حدیث بیان کی تھی۔ انہوں نے ان (عمر بن عبدالعزیز) کے سامنے قسم کھائی۔ (قتادہ نے) کہا: سعید نے مجھ سے یہ بیان نہیں کیا کہ انہوں نے ان سے قسم لی اور نہ انہوں نے عون کی (بتائی ہوئی) بات پر کوئی اعتراض کیا۔
عون اور سعید بن ابی بردہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہماری موجودگی میں ابو بردہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عمر بن عبد العز یز کو اپنے باپ سے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سنائی کہ آپ نے فرمایا:"جو مسلمان بھی فوت ہوتا ہے، اللہ اس کی جگہ،دوزخ میں کسی یہودی یا نصرانی کو بھیج دیتا ہے۔"تو حضرت عمر بن عبد العزیز نے ان سے (ابو بردہ سے) تین دفعہ یہ قسم لی کہ اس اللہ کی قسم!جس کے سوا کوئی لائق بندگی نہیں ہے، مجھے میرے باپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ حدیث سنائی ہے، ابو بردہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے انہیں قسم دے دی قتادہ کہتے ہیں سعید نے قسم لینے کا تذکرہ نہیں کیا لیکن عون کے اس قول کا انکار بھی نہیں کیا۔