جریری نے ابو عثمان سے، انھوں نے حضرت عبدالرحمان بن ابی بکر رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: ہمارے ہاں ہمارے کچھ مہمان آئے، میرے والد رات کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھ کر گفتگو کیا کرتے تھے، وہ چلے گئے اور مجھ سے فرمایا: عبدالرحمان! تم اپنے مہمانوں کی سب خدمت بجا لانا۔جب شام ہوئی تو ہم نے (ان کے سامنے) کھانا پیش کیا، کہا: توانھوں نے انکار کردیا اور کہا: جب گھر کے مالک (بچوں کے والد) آئیں گے اور ہمارے ساتھ کھانا کھائیں گے (ہم اس وقت کھانا کھائیں گے۔) کہا: میں نے ان کو بتایا کہ وہ (میرے والد) تیز مزاج آدمی ہیں، اگرتم نے کھانا نہ کھایا تو مجھے خدشہ ہے کہ مجھے ان کی طرف سے سزا ملے گی۔کہا: لیکن وہ نہیں مانے، جب حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ آئے تو ان (کے متعلق پوچھنے) سے پہلے انھوں نے کوئی (اور) بات شروع نہ کی۔انھوں نے کہا: مہمانوں (کی میزبانی) سے فارغ ہوگئے ہو؟گھر والوں نے کہا: واللہ! ابھی ہم فارغ نہیں ہوئے، حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا: کیا میں نے عبدالرحمان کو کہا نہیں تھا؟ (حضرت عبدالرحمان نے) کہا: میں ایک طرف ہٹ گیا انھوں نے آواز دی: عبدالرحمان! میں کھسک گیا۔پھر انہوں نے کہا: اے احمق!میں تجھے قسم دیتا ہوں کہ اگر تو میری آوازسن رہا ہے تو آجا۔حضرت عبدالرحمان رضی اللہ عنہ نے کہا: میں آگیا اور میں نے کہا: اللہ کی قسم! میرا کوئی قصور نہیں ہے۔یہ ہیں آپ کے مہمان ان سے پوچھ لیجئے، میں ان کاکھانا ان کے پاس لایاتھا، انہوں نے آپ کے آنے تک کھانے سے انکاور کردیا، (عبدالرحمان رضی اللہ عنہ نے) کہاتو انھوں (حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ) نے (ان سے) کہا: کیا بات ہے؟تم نے ہمارا پیش کیا ہواکھانا کیوں قبول نہیں کیا؟ (عبدالرحمان رضی اللہ عنہ نے) کہا: تو حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا: اللہ کی قسم!میں آج رات یہ کھانا نہیں کھاؤں گا۔مہمانوں نے کہا اللہ کی قسم!ہم بھی اس وقت تک کھانا نہیں کھائیں گے جب تک آپ نہیں کھاتے۔حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا: اس شر جیسا (شر)، اس رات جیسی (رات) میں نے کبھی نہیں دیکھی، تم لوگوں پر افسوس!تمھیں کیا ہے؟تم لوگوں نے ہماری دعوت قبول کیوں نہیں کی؟پھر حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا: (میری) پہلی بات (نہ کھانے کی قسم) شیطان کی طرف سے (ابھارنے پر) تھی۔چلو، اپنا میزبانی کا کھانا لاؤ۔حضرت عبدالرحمان رضی اللہ عنہ نے کہا: پھر کھانالایا گیا، حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے بسم اللہ پڑھ کر کھانا کھایا اور مہمانوں نے بھی کھایا صبح ہوئی تو ابو بکر رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئے اور کہا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !ان لوگوں نے قسم پوری کرلی اور میں نے توڑدی (کہا) پھر حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پورا واقعہ سنایا، (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے) فرمایا: نہیں، تم ان سے بڑھ کر قسم پوری کرنے والے ہو، ان سے بہتر ہو، " (حضرت عبدالرحمان رضی اللہ عنہ نے) کہا: مجھ تک کفارہ دینے کی بات نہیں پہنچی (مجھے معلوم نہیں کہ میرے والد نے کفارہ دیا یا کب دیا۔)
حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں: ہمارے ہاں مہمان آئے اور میرے والد رات کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جا کر گفتگو کیا کرتے تھے، اس لیے وہ چلے گئے اور مجھے کہہ گئے: اے عبدالرحمٰن! اپنے مہمانوں سے فارغ ہو جانا، یعنی ان کی ضیافت کرنا تو جب شام ہو گئی، ہم نے انہیں ان کی ضیافت پیش کی، انہوں نے (کھانے سے) انکار کر دیا، کہنے لگے: گھر کا مالک آ کر ہمارے ساتھ کھانا کھائے تو ہم تب کھائیں گے، میں نے ان سے کہا: وہ سخت گیر آدمی ہے اور اگر تم نے کھانا نہ کھایا تو مجھے خطرہ ہے کہ تو وہ مجھے سزا دیں گے، یعنی مجھے ان سے تکلیف برداشت کرنی پڑے گی، انہوں نے پھر بھی انکار کر دیا تو جب وہ آئے، ان کے بارے میں سوال کرنے سے پہلے کوئی گفتگو نہیں کی، پوچھا: کیا تم اپنے مہمانوں سے فارغ ہو گئے ہو؟ گھر والوں نے کہا: نہیں، اللہ کی قسم! ہم فارغ نہیں ہوئے، انہوں نے کہا: کیا میں عبدالرحمٰن کو حکم دے کر نہیں گیا تھا؟ اور میں ان سے ایک طرف ہٹ گیا، انہوں نے کہا: اے عبدالرحمٰن! تو میں دور ہٹ گیا، انہوں نے کہا: اے احمق، کمینے، میں تمہیں قسم دیتا ہوں، اگر میری آواز سن رہے ہو تو آ جاؤ، تو میں حاضر ہو گیا اور عرض کیا: اللہ کی قسم! میرا کوئی قصور نہیں، یہ آپ کے مہمان ہیں، ان سے پوچھ لیجئے، میں نے انہیں ان کی ضیافت پیش کی تھی، انہوں نے آپ کی آمد تک کھانے سے انکار کر دیا تو ابوبکر نے ان سے پوچھا: تم نے ہماری ضیافت قبول کرنے سے کیوں انکار کیا اور ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: اللہ کی قسم! آج رات میں کھانا نہیں کھاؤں گا تو انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! ہم بھی اسے نہیں کھائیں گے، جب تک آپ اسے نہیں کھاتے، ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: آج کی رات جیسا شر کبھی نہیں دیکھا، تم پر افسوس! تمہیں کیا ہوا ہے، تم ہماری دعوت قبول نہیں کرتے ہو؟ پھر ابوبکر نے کہا: پہلی بات (قسم) تو شیطانی فعل ہے، اپنی ضیافت کی طرف بڑھو، کھانا لایا گیا، ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اللہ کا نام لے کر کھانا شروع کر دیا اور وہ بھی کھانے لگے، جب صبح ہوئی تو ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچ گئے اور عرض کی: اے اللہ کے رسول! مہمانوں نے قسم کو پورا کیا اور میں نے قسم توڑ ڈالی اور آپ کو پورا واقعہ سنایا، آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلکہ تو ان سے زیادہ وفادار اور اطاعت گزار ہے اور ان سے بہترین ہے۔“ عبدالرحمٰن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں، مجھے کفارہ کا علم نہیں ہو سکا۔