Note: Copy Text and to word file

صحيح مسلم
كِتَاب النِّكَاحِ
نکاح کے احکام و مسائل
15. باب زَوَاجِ زَيْنَبَ بِنْتِ جَحْشٍ وَنُزُولِ الْحِجَابِ وَإِثْبَاتِ وَلِيمَةِ الْعُرْسِ:
باب: نکاح زینب رضی اللہ عنہا اور نزول حجاب اور ولیمہ کا بیان۔
حدیث نمبر: 3506
وحَدَّثَنِي عَمْرٌو النَّاقِدُ ، حدثنا يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ بْنِ سَعْدٍ ، حدثنا أَبِي ، عَنْ صَالِح ، قَالَ ابْنُ شِهَابٍ : إِنَّ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ ، قَالَ: " أَنَا أَعْلَمُ النَّاسِ بِالْحِجَابِ، لَقَدْ كَانَ أُبَيُّ بْنُ كَعْبٍ يَسْأَلُنِي عَنْهُ، قَالَ أَنَسٌ: أَصْبَحَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَرُوسًا بِزَيْنَبَ بِنْتِ جَحْشٍ، قَالَ: وَكَانَ تَزَوَّجَهَا بِالْمَدِينَةِ، فَدَعَا النَّاسَ لِلطَّعَامِ بَعْدَ ارْتِفَاعِ النَّهَارِ، فَجَلَسَ رَسُولُ اللَّهِ وَجَلَسَ مَعَهُ رِجَالٌ بَعْدَ مَا قَامَ الْقَوْمُ، حَتَّى قَامَ رَسُولُ اللَّهِ فَمَشَى فَمَشَيْتُ مَعَهُ حَتَّى بَلَغَ بَابَ حُجْرَةِ عَائِشَةَ، ثُمَّ ظَنَّ أَنَّهُمْ قَدْ خَرَجُوا فَرَجَعَ وَرَجَعْتُ، مَعَهُ فَإِذَا هُمْ جُلُوسٌ مَكَانَهُمْ، فَرَجَعَ فَرَجَعْتُ الثَّانِيَةَ حَتَّى بَلَغَ حُجْرَةَ عَائِشَةَ، فَرَجَعَ فَرَجَعَتْ، فَإِذَا هُمْ قَدْ قَامُوا، فَضَرَبَ بَيْنِي وَبَيْنَهُ بِالسِّتْرِ، وَأَنْزَلَ اللَّهُ آيَةَ الْحِجَابِ ".
ابن شہاب نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے فرمایا: پردے (کے احکام) کو سب لوگوں سے زیادہ جاننے والا میں ہوں۔ حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ بھی اس کے بارے میں مجھ سے پوچھا کرتے تھے۔ انس رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زینب بنت حجش رضی اللہ عنہا کے دلہا کی حیثیت سے صبح کی، آپ نے (اسی رات) مدینہ میں ان سے شادی کی تھی، دن چڑھنے کے بعد آپ نے لوگوں کو کھانے کے لیے بلایا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف فرما ہوئے تو کچھ افراد لوگوں کے چلے جانے کے بعد بھی آپ کے ساتھ بیٹھے رہے، یہاں تک کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہو گئے۔ آپ چلے تو میں بھی آپ کے ساتھ چل پڑا حتیٰ کہ آپ (سب حجروں سے ہوتے ہوئے) حجرہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے دروازے پر پہنچے۔ پھر آپ نے سوچا کہ وہ لوگ جا چکے ہوں گے، آپ واپس ہوئے، میں بھی آپ کے ساتھ واپس آیا، تو تب بھی وہ اپنی جگہوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ لوٹ گئے اور میں بھی دوبارہ لوٹ گیا، حتیٰ کہ آپ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے تک پہنچے تو پھر سے واپس آئے، میں بھی آپ کے ساتھ واپس آیا، تو دیکھا کہ وہ لوگ اٹھ (کر جا) چکے تھے، اس کے بعد آپ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ لٹکا دیا، اور (اس وقت) پردے کی آیت نازل کی گئی
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں پردے کے احکام کو سب لوگوں سے زیادہ جانتا ہوں، حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی اس کے بارے میں مجھ سے دریافت کرتے تھے۔ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صبح اس حال میں کی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم زینب بنت جحش کے دولہا بنے ہوئے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے مدینہ میں شادی کی تھی، اور لوگوں کو دن چڑھے کھانے کے لیے بلایا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ گئے اور عام لوگوں کے اٹھ جانے کے بعد کچھ آدمی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بیٹھ گئے۔ حتی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھ کھڑے ہوئے اور چل پڑے۔ میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے حجرہ کے دروازہ تک پہنچ گئے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیال کیا کہ وہ لوگ چلے گئے ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم واپس آ گئے۔ میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ لوٹ آیا لیکن وہ تو ابھی تک اپنی جگہ بیٹھے ہوئے تھے، اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوبارہ واپس چلے گئے اور حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے حجرہ تک پہنچ گئے اور وہاں سے لوٹ آئے، میں بھی لوٹ آیا۔ تو وہ جا چکے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈال دیا، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے پردہ کی آیت نازل فرما دی تھی۔