ابواحوص نے اعمش سے حدیث بیان کی، انھوں نے ابو وائل سے، انھوں نے عمرو بن حارث سے اور انھوں نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ (بن مسعود) کی بیوی زینب رضی اللہ عنہا (بنت عبداللہ بن ابی معاویہ) سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اے عورتوں کی جماعت! صدقہ کرو، اگرچہ اپنے زیورات سے ہی کیوں نہ ہو۔"کہا: تو میں (اپنے خاوند) عبداللہ رضی اللہ عنہ کے پاس واپس آئی اور کہا: تم کم مایا آدمی ہو اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں صدقہ کرنے کا حکم دیا ہے، لہذا تم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جا کر آپ سے پوچھ لو اگراس (کو تمھیں دینے) سے میری طرف سے ادا ہوجائےگا (تو ٹھیک) ورنہ میں اے تمھارے علاوہ دوسروں کی طرف بھیج دو گی، کہا: تو عبداللہ رضی اللہ عنہ نے مجھ سے کہا: بلکہ تم خود ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس چلی جاؤ۔انھوں نے کہا: میں گئی تو اس وقت ایک اور انصاری عورت بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے پر کھڑی تھی اور (مسئلہ دریافت کرنے کے حوالے سے) اسکی ضرورت بھی وہی تھی جو میری تھی، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہیبت عطا کی گئی تھی۔کہا: بلال رضی اللہ عنہ نکل کر ہماری طرف آئے تو ہم نے ان سے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جاؤ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتاؤ کے درواز ے پر دو عور تیں ہیں آپ سے پوچھ رہی ہیں کہ ان کی طرف سے ان کے خاوندوں اور ان یتیم بچوں پر جوا ن کی کفالت میں ہیں، صدقہ جائز ہے؟اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم کویہ نہ بتاناکہ ہم کون ہیں۔بلال رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلال رضی اللہ عنہ سے کہا: وہ دونوں کون ہیں؟"انھوں نے کہا: ایک انصاری عورت ہے اور ایک زینب ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: " زینبوں میں سے کون سی؟"انھوں نے کہا: عبداللہ رضی اللہ عنہ کی بیوی۔تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کہا: "ان کے لئے دو اجر ہیں: (ایک) قرابت نبھانے کا اجر اور (دوسرا) صدقہ کرنے کا اجر۔"
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے عورتوں کا گروہ! صدقہ کرو، اگرچہ اپنے زیورات سے کرو۔ تو میں (اپنے خاوند) عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس آئی اور کہا تم کم مال والے آدمی ہو۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں صدقہ کرنے کا حکم دیا ہے آپ کے پاس جا کر یہ مسئلہ پوچھ لو (کہ اگر تمھیں دینا) کفایت کرتا ہو (تو ٹھیک ہے) وگرنہ میں کسی اور کو دے دوں گی، تو عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مجھے کہا بلکہ تم خود ہی آپصلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤ تو میں گئی اور ایک اور انصاری عورت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازہ پر کھڑی تھی اور اس کو میرے والے مسئلہ پوچھنے کی حاجت تھی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ بہت بارعب تھا۔ (آپصلی اللہ علیہ وسلم سے ہیبت آتی تھی) ہمارے پاس اندر سے بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ آئے تو ہم نے ان سے کہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر آپصلی اللہ علیہ وسلم کو بتاؤ کہ دروازہ پردو عورتیں آپ سے پوچھتی ہیں کہ اگر وہ صدقہ اپنے خاوندوں کو دے دیں اور ان یتیم بچوں کو جو ان کی کفالت میں ہیں تو کفایت کر جائے گا؟ اور آپ کو ہمارے بارے میں نہ بتانا کہ ہم کون ہیں تو بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوئے اور آپصلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلال سے پوچھا وہ کون ہیں انھوں نے کہا ایک انصاری عورت ہے اور ایک زینب ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کون سی زینب؟“ انھوں نے کہا: عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلال کو بتایا کہ (انہیں دہرا اجر ملے گا، صلہ رحمی رشتہ داری) کا اجر اور صدقہ کا اجر۔“