صحيح مسلم
كِتَاب صَلَاةِ الْمُسَافِرِينَ وَقَصْرِهَا
مسافروں کی نماز اور قصر کے احکام
6. باب الْجَمْعِ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ فِي الْحَضَرِ:
باب: اقامت میں دو نمازوں کو جمع کرنا۔
حدیث نمبر: 1636
وحَدَّثَنِي أَبُو الرَّبِيعِ الزَّهْرَانِيُّ ، حَدَّثَنَا حَمَّادٌ ، عَنْ الزُّبَيْرِ بْنِ الْخِرِّيتِ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ شَقِيقٍ ، قَالَ: خَطَبَنَا ابْنُ عَبَّاسٍ ، يَوْمًا بَعْدَ الْعَصْرِ، حَتَّى غَرَبَتِ الشَّمْسُ، وَبَدَتِ النُّجُومُ، وَجَعَلَ النَّاسُ، يَقُولُونَ: الصَّلَاةَ، الصَّلَاةَ، قَالَ: فَجَاءَهُ رَجُلٌ مِنْ بَنِي تَمِيمٍ، لَا يَفْتُرُ، وَلَا يَنْثَنِي، الصَّلَاةَ، الصَّلَاةَ، فَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ: أَتُعَلِّمُنِي بِالسُّنَّةِ، لَا أُمَّ لَكَ؟ ثُمَّ قَالَ: رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، " جَمَعَ بَيْنَ الظُّهْرِ وَالْعَصْرِ، وَالْمَغْرِبِ وَالْعِشَاءِ "، قَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ شَقِيقٍ: فَحَاكَ فِي صَدْرِي مِنْ ذَلِكَ شَيْءٌ، فَأَتَيْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ ، فَسَأَلْتُهُ، فَصَدَّقَ مَقَالَتَهُ.
زبیر بن خریت نے عبداللہ بن شفیق سے روایت کی انھوں نے کہا: ایک دن حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ عصر کے بعد ہمیں خطاب کرنے لگے حتیٰ کہ سورج غروب ہوگیا اور ستارے نمودار ہوگئے اور لوگ کہنے لگے: نماز، نماز! پھر ان کے پاس بنو تمیم کا ایک آدمی آیا جو نہ تھکتا تھا اور نہ باز آرہاتھا نماز، نماز کہے جارہاتھا، حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے کہا تیری ماں نہ ہو!تو مجھے سنت سکھا رہا ہے؟پھر کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ نے ظہر وعصر کو اور مغرب وعشاء کو جمع کیا۔ عبداللہ بن شفیق نے کہا: تو اس سے میرے دل میں کچھ کھٹکنے لگا، چنانچہ میں حضر ت ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے پوچھا تو ا نھوں نے ان (ابن عباس رضی اللہ عنہ) کے قول کی تصدیق کی۔
عبداللہ بن شفیق بیان کرتے ہیں کہ ایک دن ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے عصر کے بعد خطاب شروع کیا، حتی کہ سورج غروب ہو گیا اور ستارے نمودار ہو گئے اور لوگ کہنے لگے، نماز، نماز۔ پھر ان کے پاس بنو تمیم کا ایک آدمی آیا جو نہ سست پڑتا تھا اور نہ باز آ رہا تھا، نماز، نماز کہے جا رہا تھا۔ تو ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے کہا، بڑے تعجب اور حیرت کی بات ہے کیا تو مجھے سنت سکھا رہا ہے، پھر کہا، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ظہر اور عصر اور مغرب اور عشاء کو جمع کیا، عبداللہ بن شفیق کہتے ہیں تو اس سے میرے دل میں خلش اور کھٹکا پیدا ہوا۔ تو میں ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے پوچھا تو انہوں نے ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے قول کی تصدیق کی۔
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»
صحیح مسلم کی حدیث نمبر 1636 کے فوائد و مسائل
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1636
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے اس واقعہ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ انھوں نے دونوں نمازوں کو ایک نماز کے وقت میں پڑھا اور اس کو سفر والی نماز کی طرح پڑھا اس لیے اگلی روایت میں یہ الفاظ آئے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں دو نمازوں کو جمع کیا کرتے تھے اور مرفوع روایات میں جمع حقیقی کی صراحت موجود ہے اور جمع صوری تو درحقیقت جمع ہے ہی نہیں۔
اس میں تو نماز اپنے اپنے وقت میں پڑھی گئی ہے بخاری اورمسلم کی روایات میں صرف جمع تاخیر کا تذکرہ ہوا ہے کسی روایت میں جمع تقدیم کا ذکر موجود نہیں ہے۔
اس لیے جمع تقدیم کی روایات کی صحت کے بارے میں اختلاف واقع ہوا ہے بعض صحیح قرار دیتے ہیں۔
اوربعض ضعیف۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1636