جریری نے ابونضرہ سے اور انھوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہا: (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی) مسجد کے ارد گرد کی جگہیں خالی ہوئیں تو (ان کے قبیلے) بنو سلمہ کے لوگوں نے ارادہ کیا کہ مسجد کے قریب منتقل ہو جائیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ بات پہنچی تو آپ نے ان سے کہا: ”مجھے خبر پہنچی ہے کہ تم مسجد کے قریب منتقل ہونا چاہتے ہو۔“ انھوں نے عرض کی: جی ہاں، اے اللہ کے رسول! ہم یہی چاہتے ہیں۔ تو آپ نے فرمایا:“ بنو سلمہ! اپنے گھروں میں رہو، تمھارے قدموں کے نشان لکھے جاتے ہیں، (پھر فرمایا:) اپنے گھروں ہی میں رہو، تمھارے قدموں کے نشان لکھے جاتے ہیں۔”
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں، مسجد کے گرد کچھ جگہیں خالی ہوئیں تو بنو سلمہ کے لوگوں نے چاہا مسجد کے قریب منتقل ہو جائیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی اس کا پتہ چل گیا تو آپصلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں فرمایا: ”مجھے اطلاع ملی ہے تم مسجد کے قریب منتقل ہونا چاہتے ہو۔“ انہوں نے عرض کیا، جی ہاں! اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ہم نے اس کا ارادہ کیا ہے تو آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے بنو سلمہ! اپنے گھروں میں رہو، تمہارے نقش قدم لکھے جاتے ہیں، اپنے گھروں میں ہی رہو، تمہارے قدموں کے نشانات لکھے جاتے ہیں۔“