Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

صحيح مسلم
كِتَاب الْمَسَاجِدِ وَمَوَاضِعِ الصَّلَاة
مسجدوں اور نماز کی جگہ کے احکام
24. باب اسْتِحْبَابِ التَّعَوُّذِ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ:
باب: تشہد اور سلام کے درمیان عذاب قبر اور عذاب جہنم اور زندگی اور موت اور مسیح دجال کے فتنے اور گناہ اور قرض سے پناہ مانگنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 1319
حَدَّثَنَا هَارُونُ بْنُ سَعِيدٍ ، وَحَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى ، قَالَ هَارُونُ: حَدَّثَنَا، وَقَالَ حَرْمَلَةُ، أَخْبَرَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنِي يُونُسُ بْنُ يَزِيدَ ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ ، قَالَ: حَدَّثَنِي عُرْوَةُ بْنُ الزُّبَيْرِ ، أَنَّ عَائِشَةَ ، قَالَتْ: دَخَلَ عَلَيَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَعِنْدِي امْرَأَةٌ مِنَ الْيَهُودِ، وَهِيَ تَقُولُ: هَلْ شَعَرْتِ أَنَّكُمْ تُفْتَنُونَ فِي الْقُبُورِ، قَالَتْ: فَارْتَاعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَقَالَ: " إِنَّمَا تُفْتَنُ يَهُودُ "، قَالَتْ عَائِشَةُ: فَلَبِثْنَا لَيَالِيَ، ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " هَلْ شَعَرْتِ أَنَّهُ أُوحِيَ إِلَيَّ، أَنَّكُمْ تُفْتَنُونَ فِي الْقُبُورِ؟ "، قَالَتْ عَائِشَةُ: فَسَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَعْدُ، " يَسْتَعِيذُ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ ".
عروہ بن زبیر نے حدیث بیان کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنھانے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے ہاں تشریف لائے جبکہ میرے پاس ایک یہودی عورت موجود تھی اور وہ کہہ رہی تھی: کیا تمہیں پتہ ہے کہ قبر و ں میں تمہارہ امتحان ہوگا؟عائشہ رضی اللہ عنھا کہتی ہیں: اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خوفزدہ ہو گے اور فرمایا: یہودی کی آزمائش ہو گی۔ حضرت عائشہ ررضی اللہ عنھا نے بتلایا: کچھ دن گزرنے کے بعد رسو اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تمہیں پتہ چلا مجھے وحی کی گئی ہے کہ تم قبرو ں میں آزمائے جاؤ گے؟ حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا نے کہا: میں نے اس کے بعد رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا، آپعذاب قبر سے پناہ مانگتے تھے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ میرے ہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے جبکہ میرے پاس ایک یہودی عورت موجود تھی اور وہ کہتی تھی کیا تمہیں پتہ ہے یا احساس ہے کہ قبروں میں تمہاری آزمائش ہو گی؟ عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کہتی ہیں، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خوفزدہ ہو گئے اور فرمایا: بس یہودی کی آزمائش ہو گی۔ عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بتایا، کچھ دن گزرنے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تمہیں پتہ چلا مجھے وحی کی گئی ہے کہ تم قبروں میں آزمائے جاؤ گے تو بعد میں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عذاب قبر سے پناہ مانگتے ہوئے سنا۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»

صحیح مسلم کی حدیث نمبر 1319 کے فوائد و مسائل
  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1319  
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کواس بات کا علم نہ تھا کہ آزمائش قبر سے مسلمانوں کو بھی گزرنا ہو گا،
اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی تخصیص یہود سے کر دی،
کیونکہ یہودیہ عورت نے قبر میں آزمائش کا اعتراف کیا تھا،
بعد میں اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعہ سے بتا دیا کہ آپﷺ کی امت بھی اس آزمائش سے گزرے گی۔
اس سے ثابت ہوا کہ آپﷺ نے قبر اور برزخ کے حالات سے اس قدر آگاہ ہیں،
جس قدر آپﷺ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1319   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 128  
´عذاب قبر کا اثبات`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا أَنَّ يَهُودِيَّةً دَخَلَتْ عَلَيْهَا فَذَكَرَتْ عَذَابَ الْقَبْرِ فَقَالَتْ لَهَا أَعَاذَكِ اللَّهُ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ فَسَأَلَتْ عَائِشَةُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ عَذَابِ الْقَبْرِ فَقَالَ: «نَعَمْ عَذَابُ الْقَبْر قَالَت عَائِشَة رَضِي الله عَنْهَا فَمَا رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بعد صلى صَلَاة إِلَّا تعوذ من عَذَاب الْقَبْر» . . .»
. . . سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ان کے پاس ایک یہودیہ عورت آئی اور عذاب قبر کا ذکر کر کے کہا: عائشہ آپ کو اللہ قبر کے عذاب سے بچائے (سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو اب تک عذاب قبر کے متعلق کچھ معلوم نہیں تھا اس لیے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے) تو آپ سے عذاب قبر کے متعلق دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں قبر کا عذاب حق و سچ ہے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ اس واقعہ کے بعد میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ ہر نماز کے بعد قبر کے عذاب سے پناہ مانگا کرتے تھے۔ اس حدیث کو بخاری و مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 128]
تخریج:
[صحيح بخاري 1372]،
[صحيح مسلم 1321]

فقہ الحدیث:
➊ عذاب قبر کا علم آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو بذریعہ وحی ہوا تھا۔
➋ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا عذاب قبر سے پناہ مانگنا صرف امت کی تعلیم کے لئے ہے۔
➌ حق بات جہاں سے بھی ملے اس پر عمل کرنا چاہئے۔
➍ بعض اوقات کافروں کی اور گمراہوں کی بات صحیح ہوتی ہے بشرطیکہ قرآن، حدیث، اجماع و فہم سلف صالحین کے مطابق ہو۔
➎ کافروں کے ساتھ تعلقات رکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے بشرطیکہ ان تعلقات سے دین اسلام کو کوئی نقصان نہ ہو۔
➏ نماز میں عذاب قبر سے اللہ کی پناہ مانگنا سنت ہے۔
➐ اگر اللہ چاہے تو گناہ گار موحد مسلمانوں کو بھی عذاب قبر ہو سکتا ہے۔ یہ بات آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو اس یہودی عورت کے مدینہ میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس آنے کے بعد بذریعہ وحی بتائی گئی تھی، رہا کافروں پر عذاب قبر تو اس کا ثبوت مکی آیات میں ہے۔
   اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 128   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1309  
´ایک اور طرح کے تعوذ کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قبر کے عذاب کے بارے میں دریافت کیا تو آپ نے فرمایا: ہاں، قبر کا عذاب برحق ہے، اس کے بعد میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی نماز پڑھتے ہوئے نہیں دیکھا جس میں آپ نے قبر کے عذاب سے پناہ نہ مانگی ہو۔ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1309]
1309۔ اردو حاشیہ:
➊ عذاب قبر سے مراد قبر کا جہنم سے کچھ حد تک متعلق ہو جانا ہے جس کی بنا پر قبر کی زندگی اجیرن ہو جائے گی، نیز جوابات نہ آنے پر فرشتوں کی طرف سے سزا اور بعض اعمال کی جزوی سزا، مثلاً: پیشاب کے چھینٹوں سے پرہیز نہ کرنا اور چغلیاں کرنا قبر میں بھی سزا کا مستوجب بناتا ہے۔ اس قسم کا عذاب سب کو نہیں ہو گا۔ اللہ تعالیٰ کے نیک بندے اس سے محفوظ رہیں گے۔ بلکہ اس کے مقابل انہیں ثواب قبر ہو گا۔ واللہ أعلم۔
➋ نماز میں عذاب قبر سے پناہ مانگنا مشروع ہے۔
➌ اس حدیث مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ عذاب قبر برحق ہے۔
➍ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اگلی پچھلی ساری لغزشیں معاف کر دیں تھیں: «قدْ غُفِرَ له ما تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ وما تأَخَّرَ» اس کے باوجود آپ کس قدر اللہ کے عذاب سے ڈرتے تھے اور استغفار کرتے رہتے تھے جبکہ ہم گناہوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، ہمیں تو بالاولیٰ کثرت سے استغفار اور توبہ کرتے رہنا چاہیے اور اللہ کی پکڑ سے پناہ مانگنی چاہیے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1309   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1476  
´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی سورج گرہن کی نماز کی ایک اور قسم کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ایک یہودی عورت ان کے پاس آئی، اور کہنے لگی: اللہ تعالیٰ تمہیں قبر کے عذاب سے بچائے، یہ سنا تو عائشہ نے پوچھا: اللہ کے رسول! لوگوں کو قبر میں بھی عذاب دیا جائے گا؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی پناہ۔‏‏‏‏ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہیں جانے کے لیے نکلے اتنے میں سورج گرہن لگ گیا، تو ہم حجرہ میں چلے گئے، یہ دیکھ کر دوسری عورتیں بھی ہمارے پاس جمع ہو گئیں، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس آئے اور یہ چاشت کا وقت تھا، آپ نماز کے لیے کھڑے ہوئے، آپ نے نماز میں لمبا قیام کیا، پھر لمبا رکوع کیا، پھر رکوع سے سر اٹھایا، تو قیام کیا پہلے قیام سے کم، پھر آپ نے رکوع کیا، اپنے پہلے رکوع سے کم، پھر سجدہ کیا، پھر آپ دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوئے، تو اسی طرح کیا مگر دوسری رکعت میں آپ کا رکوع اور قیام پہلی رکعت سے کم تھا، پھر آپ نے سجدہ کیا، اور سورج صاف ہو گیا، تو جب آپ فارغ ہوئے، تو منبر پر بیٹھے، اور جو باتیں کہنی تھیں کہیں، اس میں ایک بات یہ بھی تھی: کہ لوگ اپنی قبروں میں آزمائے جائیں گے، جیسے دجال کے فتنے میں آزمائے جائیں گے، ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: اس کے بعد سے برابر ہم آپ کو قبر کے عذاب سے پناہ مانگتے ہوئے سنتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب الكسوف/حدیث: 1476]
1476۔ اردو حاشیہ: عذاب قبر کے بارے میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے سوال کا جواب مبہم ہے۔ ممکن ہے اس وقت تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عذاب قبر کی تفصیل نہ بتلائی گئی ہو اور نمازکسوف کے دوران میں دوسرے انکشافات کی طرح عذاب قبر کا بھی انکشاف کیا گیا ہو۔ فتنۂ دجال چونکہ بہت بڑی آزمائش ہے، اس لیے عذاب قبر، یعنی قبر کے سوا ل و جواب کو اس سے تشبیہ دی گئی۔ واللہ اعلم۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1476   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1500  
´سورج گرہن کی نماز کے بعد (خطبہ دینے کے لی) منبر پر بیٹھنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہیں جانے کے لیے نکلے کہ سورج کو گرہن لگ گیا، تو ہم حجرے کی طرف چلے، اور کچھ اور عورتیں بھی ہمارے پاس جمع ہو گئیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے، اور یہ چاشت کا وقت تھا، (آپ نماز پڑھنے کے لیے) کھڑے ہوئے، تو آپ نے ایک لمبا قیام کیا، پھر ایک لمبا رکوع کیا، پھر اپنا سر اٹھایا، پھر قیام کیا پہلے قیام سے کم، پھر رکوع کیا پہلے رکوع سے کم، پھر سجدہ کیا، پھر دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوئے تو بھی ایسے ہی کیا، مگر آپ کا یہ قیام اور رکوع پہلی والی رکعت کے قیام اور رکوع سے کم تھا، پھر آپ نے سجدہ کیا، اور سورج صاف ہو گیا، جب آپ نماز سے فارغ ہو گئے تو منبر پر بیٹھے، اور منبر پر جو باتیں آپ نے کہیں ان میں ایک بات یہ بھی تھی کہ لوگوں کو ان کی قبروں میں دجال کی آزمائش کی طرح آزمایا جائے گا، یہ حدیث مختصر ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الكسوف/حدیث: 1500]
1500۔ اردو حاشیہ: قبروں میں آزمائش سے مراد فرشتوں کا سوال و جواب ہے جو ایک بہت مشکل مرحلہ ہے اور اسی پر نجات کا دارومدار ہے۔ حشر کے بعد تو اسی کی تفصیل ہو گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں کامیاب فرمائے۔ آمین۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1500   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2066  
´عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے، میرے پاس ایک یہودی عورت تھی، وہ کہہ رہی تھی کہ تم لوگ قبروں میں آزمائے جاؤ گے، (یہ سن کر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھبرا گئے، اور فرمایا: صرف یہودیوں ہی کی آزمائش ہو گی۔‏‏‏‏ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: پھر ہم کئی رات ٹھہرے رہے پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھ پر وحی آئی ہے کہ تمہیں (بھی) قبروں میں آزمایا [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2066]
اردو حاشہ:
(1) اس روایت میں امتحان اور عذاب قبر سے مراد ایک ہی چیز ہے، یعنی سوال و جواب۔ اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنے کا مطلب ثابت قدمی اور صحیح جواب کی توفیق ہے۔
(2) ابتداءً نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا خیال تھا کہ قبر کا امتحان یا عذاب صرف کفار کے ساتھ خاص ہے۔ بعد میں پتا چلا کہ یہ سب کے ساتھ ہوگا إلا ماشا اللہ۔ ثابت ہوا کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو علم غیب نہ تھا۔ اسی وجہ سے آپ نے انکار کر دیا تھا، بعد میں بذریعۂ وحی اللہ تعالیٰ نے خبر دی تو پتا چلا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2066   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5506  
´دجال کے فتنے سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم قبر کے عذاب اور دجال کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگتے اور فرماتے: قبروں میں تمہاری آزمائش ہو گی۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الاستعاذة/حدیث: 5506]
اردو حاشہ:
عذاب قبراورقتنہ دجال میں مناسبت یہ ہے کہ دونوں میں ایمان کا امتحان ہے۔ منافق یہ دونوں امتحان پاس نہیں کرسکیں گے۔ مخلص لوگ ہی کامیاب ہوں گے۔ یہاں دجال کا اقتدار ہوگا‘ وہا ں فرشتوں کے سوالات۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5506   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1321  
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی روایت ہے کہ میرے پاس مدینہ کی دو بوڑھی یہودی عورتیں آئیں اور انہوں نے کہا، قبر والوں کو قبر میں عذاب ہوتا ہے، میں نے ان کو جھٹلایا اور ان کی تصدیق کرنے والوں کو گوارا نہ کیا، وہ چلی گئیں اور میرے پاس رسول اللہ ﷺ تشریف لائے تو میں نے آپﷺ سے کہا، اے اللہ کے رسولﷺ! میرے پاس مدینہ کی یہودی بوڑھی عورتوں میں سے دو عورتیں آئیں اور کہا قبر والوں ان کی قبروں میں عذاب ہوتا ہے، آپﷺ نے فرمایا: انہوں نے سچ کہا۔ انہیں ایساعذاب ہوتا... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:1321]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
مکی سورتوں میں قبر کے عذاب کا ذکر موجود ہے لیکن ان آیات کا تعلق کافروں سے ہے اس لیے آپﷺ پہلے یہی سمجھتے تھے کہ عذاب قبر کافروں کے لیے ہے مدینہ میں آکر اس بات کا علم ہواس کہ گناہ گار مسلمانوں کو بھی اس آزمائش اور عذاب سے دوچار ہونا ہو گا۔
آپﷺ نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو چونکہ قبر کے امتحانوں کے بارے میں بتایا تھا اور انہوں نے اس سے عذاب قبر نہ سمجھا۔
اس لیے یہودی عورتوں کی تکذیب کر دی اور آپﷺ کو فتنہ قبر کے بعد عذاب قبر سے بھی آگاہ کر دیا تھا کیونکہ فتنہ قبر ہی عذاب قبر کا پیش خیمہ ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1321   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1372  
1372. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی عورت ان کے پاس آئی اور اس نے عذاب قبر کا ذکر کیا تو کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو عذاب قبر سے محفوظ رکھے۔ ام المومنین ؓ حضرت عائشہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے عذاب قبر کےمتعلق دریافت کیا تو آپ ﷺ نےفرمایا:ہاں عذاب قبر(برحق) ہے۔ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا کہ اس کے بعد میں نےرسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ ہر نماز کے بعد عذاب قبر سے پناہ مانگا کرتے تھے۔ غندر کی روایت میں یہ اضافہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:عذاب قبر برحق ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1372]
حدیث حاشیہ:
(1)
مسند احمد میں ایک روایت تفصیل سے بیان ہوئی ہے کہ ایک یہودی عورت حضرت عائشہ ؓ کی خدمت کیا کرتی تھی۔
حضرت عائشہ ؓ جب بھی اس سے کوئی حسن سلوک کا معاملہ کرتیں تو وہ آپ کو دعا دیتی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو عذاب قبر سے محفوظ رکھے۔
حضرت عائشہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپ نے فرمایا کہ یہودی غلط کہتے ہیں، قیامت سے پہلے کوئی عذاب نہیں ہو گا۔
اس کے بعد آپ چند دن ٹھہرے رہے، آخر ایک دن دوپہر کے وقت آپ نے بآواز بلند فرمایا:
لوگو! عذاب قبر سے اللہ کی پناہ مانگا کرو کیونکہ عذاب قبر برحق ہے۔
(مسندأحمد: 81/6) (2)
حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ عمر کے آخری حصے میں رسول اللہ ﷺ کو عذاب قبر کے متعلق بذریعہ وحی مطلع کیا گیا۔
اس سے پہلے آپ عذاب قبر صرف کفار و یہود کے ساتھ خاص خیال کرتے تھے۔
اس کے بعد آپ کو مطلع کیا گیا کہ عذاب قبر اللہ تعالیٰ کی مشیت پر موقوف ہے وہ جسے چاہے اس میں مبتلا کر دے، چنانچہ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ اپنی امت کی رہنمائی کرتے ہوئے ہر نماز کے بعد عذاب قبر سے پناہ مانگتے تھے۔
(فتح الباري: 301/3)
والله أعلم۔
(3)
عذاب قبر روح کو ہو گا یا روح اور جسم دونوں کو؟ ہمارے نزدیک عذاب روح کو ہوتا ہے لیکن روح کا آلہ کار بننے والا جسم بھی اس سے متاثر ہوتا ہے۔
بعض کا خیال ہے کہ عذاب قبر مثالی جسم کو ہو گا۔
عالم مثال، عالم ارواح سے زیادہ کثیف اور عالم اجساد سے زیادہ لطیف ہے۔
ہمیں مثالی جسم کے فلسفے سے اتفاق نہیں ہے، الغرض عذاب کا کچھ حصہ قبر سے شروع ہو جاتا ہے جو جہنم میں داخل ہونے سے مکمل ہو جائے گا۔
والله أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1372   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6366  
6366. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے انہوں نے کہا کہ یہود مدینہ کی دو بوڑھی عورتیں میرے پاس آئیں اور انہوں نے مجھے کہا کہ اہل قبور کو قبروں میں عذاب دیا جاتا ہے۔ میں نے ان کی تکذیب کی اور ان کی تصدیق کر کے ان کا دل ٹھنڈا نہ کیا۔ چنانچہ وہ میرے پاس سے چلی گئیں تو نبی ﷺ تشریف لائے، میں نے کہا: اللہ کے رسول! دو بوڑھی عورتیں آئی تھیں اور میں نے آپ سے ان کی بات کا ذکر کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: انہوں نے سچ کہا ہے۔ بلاشبہ انہیں (اہل قبور کو) عذاب ہوتا ہے جو تمام جانور سنتے ہیں۔ پھر میں نے دیکھا کہ آپ ﷺ ہر نماز میں عذاب قبر سے اللہ تعالٰی کی پناہ مانگتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6366]
حدیث حاشیہ:
مدینہ طیبہ میں پہلے پہلے مسلمانوں کا یہ عقیدہ تھا کہ قیامت کے بعد عذاب کا مرحلہ شروع ہو گا، اس سے پہلے کسی کو عذاب سے دوچار نہیں کیا جائے گا، پھر مدنی زندگی کے اواخر میں بذریعۂ وحی پتا چلا کہ عذابِ آخرت سے پہلے عذاب قبر ہو گا جیسا کہ درج ذیل روایت سے پتا چلتا ہے۔
ایک یہودی عورت، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا کام کاج میں ہاتھ بٹاتی تھی۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا جب بھی اس کے ساتھ حسن سلوک کرتیں تو وہ ان الفاظ میں دعا دیتی:
اللہ تجھے عذاب قبر سے بچائے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی:
اللہ کے رسول! کیا عذابِ قبر برحق ہے؟ آپ نے فرمایا:
یہود، غلط کہتے ہیں، قیامت سے پہلے کسی قسم کا عذاب نہیں ہو گا۔
پھر کچھ وقت اسی طرح گزارا، آخر کار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن دوپہر کے وقت باہر تشریف لائے اور بآواز بلند اعلان فرما رہے تھے:
اے لوگو! عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگا کرو کیونکہ عذاب قبر برحق ہے۔
(مسند أحمد: 81/6)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ایک حدیث سے اس امر کی مزید وضاحت ہوتی ہے، فرماتی ہیں:
میرے پاس یہودیوں کی ایک عورت آئی، اس نے کہا:
کیا تم جانتی ہو کہ تمہیں قبروں میں امتحان سے دوچار ہونا پڑے گا؟ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
قبروں میں تو یہودیوں کو امتحان سے دوچار کیا جائے گا۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:
پھر چند روز کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
کیا تمہیں معلوم ہے کہ تم بھی قبروں میں امتحان سے دوچار ہو گے؟ مجھے اس امر کی وحی کی گئی ہے۔
اس کے بعد میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ اکثر عذاب قبر سے پناہ مانگتے تھے۔
(صحیح مسلم، المساجد، حدیث: 1319 (584)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6366