سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع کرتے تو «اللهُ أَكْبَرُ» کہتے۔ (امام صاحب کے) دونوں اساتذہ کرام نے حدیث کا کچھ حصّہ بیان کیا اور کہا کہ پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رُکوع سے اپنا سر بلند کرتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا پڑھتے «سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ، رَبَّنَا وَلَكَ الحَمْدُ، مِلْءَ السَّمواتِ والأرضِ، ومِلْءَ ما شِئتَ مِن شيءٍ بعدُ» ”اللہ تعالیٰ نے اس شخص کی (دعا) سن لی جس نے اس کی حمد و ثنا بیان کی، اے ہمارے رب، تیرے ہی لئے تمام تعریفیں ہیں، اور آسمان بھر کر، اور زمین بھر کر اور اس کے بعد جو چیز تو چاہے وہ بھر کر (تیری تعریف ہے)۔“