سیدنا عباس بن سہل ساعدی بیان کرتے ہیں کہ چند انصاری لوگ جمع ہوئے، اُن میں سیدنا سہل بن سعد ساعدی نے ابوحمید کی نماز کا تذکرہ کیا، سیدنا ابوحمید رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ مجھے اجازت دو میں تمہیں (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز) بیان کرتا ہوں کیونکہ میں تم سے زیادہ اسے جانتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ (اگر یہ بات ہے) تو بیان کرو، اُنہوں نے فرمایا، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بہترین وضو کیا۔ پھر نماز میں داخل ہوئے اور «اللهُ أَكْبَرُ» کہتے ہوئے اپنے دونوں ہاتھ کندھوں تک اُٹھائے، پھر رُکوع کیا تو اپنے دونوں ہاتھ دونوں گُھٹنوں پر ایسے رکھے جیسے اُن دونوں کو پکڑ رکھا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا سر نہ بہت اُٹھا کر رکھا اور نہ بہت جٗھکایا، اپنے دونوں بازوؤں کو اپنے پہلوؤں سے الگ رکھا، پھر اپنا سر اُٹھایا تو بالکل سیدھے کھڑے ہو گئے حتیٰ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہڈی اپنی جگہ لوٹ گئی۔ پھر باقی حدیث بیان کی۔ تمام لوگوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز اسی طرح تھی۔