سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا تو اس نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ، میں سفر پر جارہا ہوں تو آپ مجھے زاد سفر عنایت فرمائیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «زَوَّدَکَ اللّٰہُ التَّقْوٰی» ”اللہ تعالیٰ تمہیں تقوے کا زاد سفر عطا فرمائے۔“ اُس نے عرض کیا کہ مجھے مزید عطا کریں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «وَغَفَرَ ذَنْبَکَ» ”اللہ تمہارے گناہ معاف فرمائے۔“ اُس نے پھر عرض کی کہ میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں مجھے اور بھی عطا کریں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «وَیَسَّرَلَکَ الْخَیْرَ حَیْثُ مَا کُنْتَ» ”تم جہاں بھی ہو اللہ تعالیٰ تمہارے ئے آسانی مہیا فرمائے۔“