سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اعتکاف کرنے کا ارادہ کیا تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے بھی آپ کے ساتھ اعتکاف کرنے کی اجازت طلب کی۔ پس جب سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دیکھا تو اُنہیں بھی اجازت دے دی، تو انہوں نے اپنا خیمہ لگالیا۔ پھر سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا کہ وہ اُن کے لئے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت طلب کریں تاکہ وہ بھی آپ کے ساتھ اعتکاف کرسکیں۔ پھر جب سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نے یہ معاملہ دیکھا تو اُنہوں نے بھی اُن کے ساتھ خیمہ لگا لیا اور وہ بڑی غیرت مند خاتون تھیں۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے خیمے لگے دیکھے تو فرمایا: ”یہ کیا ہے؟ کیا یہ اس سے نیکی حاصل کرنا چاہتی ہیں؟“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اعتکاف چھوڑ دیا حتّیٰ کہ رمضان المبارک ختم ہوگیا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شوال میں دس دن کا اعتکاف کیا۔