سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اس دوران جب کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ جمعہ کے دن لوگوں سے خطاب فرما رہے تھے تو سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ (مسجد میں) داخل ہوئے، تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کا کنایہ کرتے ہوئے فرمایا کہ لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ اذان کے بعد تاخیر سے آتے ہیں؟ تو سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے عرض کی کہ اے امیر المؤمنین، جب میں نے اذان سنی تو صرف وضو ہی کیا ہے (اور کوئی کام نہیں کیا) پھر مسجد میں آگیا ہوں ـ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا، صرف وضو ہی کرکے آئے ہو ـ کیا تم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے نہیں سنا کہ ”جب تم میں سے کوئی شخص جمعہ کے لئے آئے تو اُسے چاہیے کہ غسل کرے“ جناب ولید کی روایت میں ہے کہ وہ لوگوں سے خطاب فرما رہے تھے۔ کہ یہ الفاظ بیان نہیں کیے کہ ”جمعہ کے دن۔“