اُم المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ کچھ لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیمار تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں بیٹھ کر نماز پڑھائی اور اُنہوں نے کھڑے ہوکر نماز شروع کر دی۔ آپ نے انہیں اشارہ کیا کہ بیٹھ جاؤ۔ (نماز سے فارغ ہوکر) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلاشبہ امام اس لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے، لہٰذا جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھائے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو، اور جب وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھائے تو تم بھی کھڑے ہو کر نماز پڑھو اور جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو۔ جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو۔ جب وہ اپنا سر اُٹھا لے تو تم بھی اپنے سر اُٹھا لو۔“