مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
لباس کے بیان میں
लिबास और पोशाक के बारे में
8. پہلے بائیں طرف کا جوتا اتارنا چاہیے۔
حدیث نمبر: 1994
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو تم میں سے جوتے پہنے تو چاہیے کہ پہلے داہنی طرف کا پہنے اور جب اتارے تو پہلے بائیں طرف کا اتارے تاکہ داہنا پاؤں پہننے میں اول ہو اور نکالنے میں آخر ہو۔
9. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس قول کے بیان میں کہ ”میری مہر کا سا نقش کوئی نہ کھدوائے۔“
حدیث نمبر: 1995
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس دور کے رواج کے مطابق مہر وغیرہ لگانے کے لیے) چاندی کی ایک انگوٹھی لی اور اس پر محمد رسول اللہ کندہ کرایا اور فرمایا: میں نے چاندی کی ایک انگوٹھی لی ہے اور اس پر محمد رسول اللہ کھدوایا ہے، کسی کو جائز نہیں ہے کہ ایسے ہی کندہ کی ہوئی انگوٹھی بنوائے۔
10. (زنانوں اور ہیجڑوں کو) جو عورتوں کی مشابہت اختیار کریں گھر سے نکال دینا چاہیے۔
حدیث نمبر: 1996
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زنانے مخنث مردوں اور مردانہ عورتوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا: ان کو گھر سے نکال دو۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فلاں فلاں ایسے مخنث مردوں کو نکال دیا تھا اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فلاں فلاں ایسی مخنث عورتوں کو نکال دیا تھا۔
11. داڑھی کا چھوڑ دینا یعنی قینچی وغیرہ بالکل نہ لگانا۔
حدیث نمبر: 1997
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مشرکین کی مخالفت کرو اور داڑھی بڑھاؤ اور مونچھیں کتراؤ۔
12. خضاب کا بیان۔
حدیث نمبر: 1998
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہود و نصاریٰ بالوں کو خضاب نہیں کرتے لہٰذا تم ان کے خلاف کرو۔ (یعنی خضاب کیا کرو۔ مگر سیاہ رنگ سے اجتناب ضروری ہے)۔
13. گھونگھریالے بالوں کا ذکر۔
حدیث نمبر: 1999
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال نہ گھونگھریالے تھے نہ بہت سیدھے بلکہ معتدل اور متوسط حالت کے تھے اور کانوں اور کندھوں کے درمیان تک تھے۔
حدیث نمبر: 2000
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پاؤں پر گوشت تھے، چہرہ مبارک نہایت خوبصورت۔ میں نے ویسا خوبصورت نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے کسی کو دیکھا اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی دوسرے کو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ کی ہتھیلیاں پھیلی ہوئی کشادہ تھیں۔
14. سر کے بعض حصہ کے بال کٹوانا اور بعض کے نہ کٹوانا۔
حدیث نمبر: 2001
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سر کے بعض حصہ کے بال کٹوانے اور بعض کے نہ کٹوانے سے منع فرمایا۔
15. عورت اپنے ہاتھ سے اپنے خاوند کو خوشبو لگائے۔
حدیث نمبر: 2002
Save to word مکررات اعراب
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے ہاتھ سے، جو اس وقت کی سب سے عمدہ خوشبو تھی، لگایا کرتی تھی اور یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر اور داڑھی مبارک میں بھی مجھے خوشبو معلوم ہوتی تھی۔
16. جو شخص خوشبو کو رد نہ کرے اس کا بیان۔
حدیث نمبر: 2003
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خوشبو کے تحفے کو رد نہیں فرمایا۔

Previous    1    2    3    Next    

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.