سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ اُنہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز جمعہ اور نماز مغرب کے بعد دو رکعات اپنے گھر میں پڑھتے ہوئے دیکھا ہے۔
1278. امام کے لئے جمعہ کے بعد مسجد سے نکلنے سے پہلے نفل ادا کرنا جائز ہے بشرطیکہ یہ حدیث صحیح ہو۔ کیونکہ مجھے موسیٰ بن حارث کی سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سماع کے بارے میں علم نہیں
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بدھ والے دن بنی عمرو بن عوف قبیلہ میں تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھجوروں کی نگہداشت اور پرورش کے بارے میں ایسی چیزیں دیکھیں جو آپ نے اس سے پہلے نہیں دیکھی تھیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر تم اپنی اس عید پر آؤ اور میری بات سُننے تک ٹھہرو تو بہت اچھا ہو گا۔“ اُنہوں نے جواب دیا کہ جی ہاں (ضرور آئیں گے) اے اللہ کے رسول، ہمارے ماں باپ آپ پر قربان ہوں۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ پھر جب وہ جمعہ کے دن حاضر ہوئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُنہیں نماز جمعہ پڑھائی پھر نماز جمعہ کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد ہی میں دو رکعات ادا کیں۔ حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جمعہ کے دن نماز جمعہ کے بعد دو رکعات نماز مسجد میں ادا کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا تھا۔ اس سے پہلے آپ (جمعہ کے بعد) گھر تشریف لے جاتے تھے (اور نفل گھر میں ادا کرتے تھے)۔ پھر مکمّل حدیث بیان کی۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نماز جمعہ کے بعد چار رکعات پڑھو۔“ اور جناب عبد الجبار کی روایت میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اُنہیں حُکم دیا کہ وہ جمعہ کے بعد چار رکعات ادا کریں۔
1280. گزشتہ مختصر روایت کی تفصیل بیان کرنے والی روایت کا ذکر اور اس بات کی دلیل کا بیان کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نمازی کو چار رکعات نفل ادا کرنے کا حُکم دیا ہے جبکہ وہ جمعہ کے بعد نماز پڑھنے کا ارادہ کرے اس بات کی دلیل کے ساتھ کہ جمعہ کے بعد جتنی نماز پڑھے گا وہ نفل ہوگی فرض نہیں
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے جو شخص جمعہ کے بعد نماز پڑھنا چاہے تو وہ اس کے بعد چار رکعات پڑھے۔“
سیدنا سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ ادا کرتے پھر ہم واپس جاکر دوپہر کا کھانا کھاتے اور آرام کرتے۔