كِتَابُ الْبُيُوعِ کتاب: خرید و فروخت کے احکام میں 10. بَابُ الْجَائِحَةِ فِي بَيْعِ الثِّمَارِ وَالزَّرْعِ پھلوں اور کھیتوں کی بیع میں آفت کا بیان
حضرت عمرہ بنت عبدالرحمٰن سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایک شخص نے باغ کے پھل خریدے اور اس کی درستی میں مصروف ہوا، مگر ایسی آفت آئی جس سے نقصان معلوم ہوا، تو باغ کے مالک سے کہا: یا تو پھلوں کی قیمت کچھ کم کر دو یا اس بیع کو فسخ کر ڈالو، اس نے قسم کھا لی میں ہرگز نہ کروں گا، تب خریدار کی ماں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے آن کر یہ سب قصّہ بیان کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا قسم کھا لی اس نے کہ میں یہ بہتری کا کام نہ کروں گا۔“ جب مالکِ باغ کو یہ خبر پہنچی وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! جیسا خریدار کہے وہ مجھ کو منظور ہے۔
تخریج الحدیث: «مرفوع صحيح، وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 2705، ومسلم فى «صحيحه» برقم: 1557، وأحمد فى «مسنده» برقم: 24909، 25249، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 10667، فواد عبدالباقي نمبر: 31 - كِتَابُ الْبُيُوعِ-ح: 15»
حضرت عمر بن عبدالعزیز نے حکم کیا مشتری کو نقصان دلانے کا، جب کھیت یا میوے کو آفت پہنچے۔
تخریج الحدیث: «مقطوع ضعيف، شیخ سلیم ہلالی نے کہا کہ اس کی سند انقطاع کی وجہ سے ضعیف ہے، فواد عبدالباقي نمبر: 31 - كِتَابُ الْبُيُوعِ-ح: 16»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہمارے نزدیک یہی حکم ہے۔ لیکن یہ ضرور ہے کہ اس آفت سے تہائی مال یا زیادہ کا نقصان ہوا ہو، اگر اس سے کم نقصان ہوگا اس کا شمار نہیں۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 31 - كِتَابُ الْبُيُوعِ-ح: 16»
|