متفرق حدیث نمبر: 208
سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے فتح والے سال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں تھے: بے شک اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے شرابوں، مردار اور خنزیر کے گوشت کی تجارت سے منع فرمایا ہے۔ کہا گیا کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! مردار کی چربیوں کے بارے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا خیال ہے؟ کیوں کہ بے شک ان سے مشکیزے کو تیل لگایا جاتا ہے اور ان سے چمڑوں کو تیل لگایا جاتا ہے اوران سے لوگ چراغ جلاتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں، وہ حرام ہے، اللہ یہودیوں کو غارت کرے، بے شک جب اللہ نے ان پر چربیوں کو حرام کیا تو انہوں نے انہیں پگھلایا، پھر انہیں بیچا اور ان کی قیمت کھا گئے۔
تخریج الحدیث: «أخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 2236، 4296، 4633، ومسلم فى «صحيحه» برقم: 1581، والنسائي فى «المجتبیٰ» برقم: 4263،والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 4568، 6220، وأبو داود فى «سننه» برقم: 3486، والترمذي فى «جامعه» برقم: 1297، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 2167، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 11161، 11162، 19691، وأحمد فى «مسنده» برقم: 14696
صحیح بخاری،البیوع،باب بیع المیتة والأصنام: 4/336، صحیح مسلم، المساقاة: 11/5، 6، باب تحریم الخمر، رقم: 71، التلخیص الحبیر: 3/4، سنن ابن ماجة: 2167۔» حكم: صحیح
|